سوال
نجات کیا ہے؟ مسیحی عقیدہِ نجات کیا ہے؟
جواب
کسی خطرے یا مصیبت سے رہائی کا نام نجات ہے ۔ اور بچانے سے مراد حفاظت کرنا یا محفوظ رکھنا ہے ۔ اس لفظ میں کامیابی ، تندرستی یا تحفظ کا تصور بھی پایا جاتا ہے ۔ بائبل عارضی ، جسمانی رہائی کی طرف اشارہ کرنے کےلیے بھی بعض اوقات نجات یا بچانے جیسے الفاظ کا استعمال کرتی ہے اِس کی ایک مثال پولس رسول کی قید سے رہائی ہے (فلپیوں 1باب 19آیت)۔
مگر لفظ " نجات" کا زیادہ گہرا تعلق ابدی اور رُوحانی رہائی سے ہے ۔ جب پولس رسول نے فلپی کے داروغہ کو بتایا کہ اُسے "نجات "کےلیے کیا کرنا چاہیے تو پولس رسول اصل میں داروغہ کی ابدی زندگی کے حوالے سے بات کر رہا تھا ( اعمال 16باب 30-31آیات)۔ یسوع نے نجات پانے کو آسمان کی بادشاہی میں داخل ہونے کے برابر قرار دیا ہے ( متی 19باب 24-25آیات)۔
ہمیں کس سے بچایا جاتا ہے ؟ مسیحی عقیدہِ نجات کےمطابق ہمیں "غضب " یعنی گناہ کے باعث خدا کی عدالت سے بچایا جاتا ہے ( رومیوں 5باب 9آیت؛ 1تھسلنیکیوں 5باب 9آیت)۔ گناہ کے باعث ہم خدا سے جُدا ہو چکے ہیں کیونکہ گناہ کی مزدوری موت ہے ( رومیوں 6باب 23آیت)۔ بائبلی نجات گناہ کے نتیجے میں گناہگار کے لیے خُدا کے غضب سے رہائی اورپھر گناہ کے خاتمے کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے ۔
ہمیں کون بچا سکتا ہے ؟ صرف خدا ہی ہے جو گناہ کو مٹاسکتا ہے اور ہمیں اِس کی سزا سے رہائی دے سکتا ہے ( 2تیمتھیس 1باب 9آیت؛ ططُس 3باب 5آیت)۔
خدا ہمیں کیسے بچاتا ہے ؟مسیحی عقیدہ ِ نجات میں خدا نے ہمیں مسیح کے وسیلہ سے چھڑایا ہے ( یوحنا 3باب 17آیت)۔ بالخصوص یہ صلیب پر یسوع کی موت اور اِس کے بعد بالخصوص اُسکامردوں میں سے جی اُٹھنا تھا جس کے ذریعہ سے ہماری نجات کا انتظام کیا گیا ہے ( رومیوں 5باب 10آیت؛ افسیوں 1باب 7آیت)۔ کلامِ مقدس پوری طرح واضح ہے کہ نجات خدا کا پُر فضل تحفہ ہے جس کا کوئی بھی انسان مستحق نہیں ہے مگر یہ صرف یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلہ سے حاصل ہوتی ہے ( اعمال 4باب 12آیت)۔
ہم نجات کیسے حاصل کر سکتے ہیں ؟ ہم ایمان کے وسیلہ سے بچائے جاتے ہیں ۔ سب سے ضرور ی بات یہ ہے کہ ہم انجیل یعنی یسوع کی موت اور قیامت کی خوشخبری سُنیں (افسیوں 1باب 13آیت)۔ پھر ہمارے لیے خُداوند یسوع پر کامل بھروسہ، اور ایمان لانا ضروری ہے ( رومیوں 1باب 16آیت)۔ اس عمل میں توبہ کرنا،گناہ اور مسیح کے بارے میں اپنے ذہن کو تبدیل کرنا اور خداوند یسوع کےنام کا اقرار کرنا بھی شامل ہے ( رومیوں 10باب 9- 10 اور 13آیات)۔
پس مسیحی عقیدہِ نجات کی تعریف کچھ اِس طرح سے ہوگی "خدا کے فضل کے وسیلے گناہ کی ابدی سزا سے رہائی جو صرف اُن لوگوں کو عطا کی جاتی ہے جو توبہ اور خداوند یسوع پر ایمان لانے کے بارےمیں خدا کی شرائط کو ایمان سے قبول کرتے ہیں " ۔ نجات صرف یسوع مسیح میں اور اُسی کے وسیلہ سے میسر ہے ( یوحنا 14باب 6آیت؛ اعمال 4باب 12آیت) اور اِس کی فراہمی ، یقین دہانی اور محافظت کا انحصار صرف اور صرف خدا پر ہے ۔
English
نجات کیا ہے؟ مسیحی عقیدہِ نجات کیا ہے؟