settings icon
share icon
سوال

مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا کیا ہے؟

جواب


مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا ایک واحد کلیسیا نہیں ہے بلکہ 13 خود مختار اداروں(کلیسیاؤں ) کا ایک خاندان ہے جو اُن اقوام کے زیرِ اثر ہیں جہاں یہ پائی جاتی ہیں (مثلاًیونانی آرتھوڈوکس کلیسیا، رُوسی آرتھو ڈوکس کلیسیا)۔ وہ اپنے ساکرامنٹ، تعلیمات، عبادات کے رسمی طریقہ کار(liturgy) اور کلیسیائی حکومت کی تفہیم میں متحد ہیں لیکن ہرکلیسیا اپنے معاملات خودچلتی ہے ۔


ہر آرتھوڈوکس کلیسیا کا سربراہ "بزرگ (patriarch)" یا "میٹرو پولیٹن" کہلاتا ہے۔ قسطنطنیہ (استنبول، ترکی)کا سربراہ آفاقی یا عالمگیر بزرگ خیال کیاجاتا ہے۔ یہ رومن کیتھولک کلیسیا میں پوپ کے منصب کا قریب ترین عہدہ ہے۔ پوپ جو(VICARIUS FILIUS DEI) وکِرئس فِلیئس ڈی(خُدا کے بیٹے کے قائم مقام) کے طور پر جانا جاتا ہےاُسکے برعکس قسطنطنیہ کا بشپ (PRIMUS INTER PARES)پرائمس اِنٹر پیریس (ہمصروں میں اولین ) کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ خاص احترام کا حامل ہے لیکن اُسے دیگر 12 آرتھوڈوکس جماعتوں کے معاملات میں مداخلت کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔

آرتھوڈوکس کلیسیا کا دعویٰ ہے کہ وہ مسیح کی واحد حقیقی کلیسیا ہے اور وہ اپنے آغاز کورسولی جانشینی کے اٹوٹ تسلسل کے ذریعے حقیقی رسولوں سے جوڑنے کی کوشش کرتی ہے ۔ آرتھوڈوکس مفکرین رومن کیتھولک اور پروٹسٹنٹ کلیسیا کی رُوحانی حیثیت پر بحث کرتے ہیں اور کچھ مفکرین اب بھی اِن کو بدعات خیال کرتے ہیں ۔ تاہم رومن کیتھولک اور پروٹسٹنٹ ایمانداروں کی طرح آرتھوڈوکس ایماندار بھی عقیدہ تثلیث، بائبل کو خُدا کا کلام ، یسوع کو خُدا کا بیٹااور بائبل کی بہت سی دیگر تعلیمات کو مانتے ہیں۔ تاہم تعلیمات کے لحاظ سے وہ پروٹسٹنٹ مسیحیوں کے مقابلے میں رومن کیتھولک کلیسیا سے زیادہ ملتے جُلتے ہیں۔

افسوس کی بات یہی ہے کہ ایمان کے وسیلہ سے راستباز ٹھہرائے جانے کا عقیدہ آرتھوڈوکس کلیسیا کی تاریخ اور علمِ الہِیات سے قریباً غائب ہے۔ اس کے برعکس آرتھوڈوکس ایک بتدریج عمل تھیوسس (لفظی طور پر " خُد کی مانند بننے کے عمل ") پر زور دیتے ہیں جس کے وسیلہ سے مسیحی زیادہ سے زیادہ مسیح کی مانند بنتے جاتے ہیں۔ آرتھوڈوکس روایت میں بہت سے لوگ اس بات کو سمجھنے میں ناکام ہیں کہ "خُدا کی مانند/مسیح کے ہمشکل بننے کا عمل نجات کےلیےبذات خود ایک لازمی شرط ہونے کی بجائے " نجات کا بتدریج ظاہر ہونے والا نتیجہ ہے ۔ آرتھوڈوکس کلیسیا کی بائبل کے خلاف دیگر امتیازی خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں:

• اُن کے مطابق کلیسیائی روایات اور کلامِ مقدس کا اختیار یکساں ہے ۔

• چرچ کی روایات سے ہٹ کر بائبل کی تشریح کرنے والے افراد کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

• مقدسہ مریم کی دائمی دوشیزگی(کنوارے پن) پر ایمان رکھا جاتا ہے۔

• مرُدوں کے لئے دُعا کی جاتی ہے۔

• بچوں کو شخصی ذمہ داری اور ایمان کے تعلق کے بغیر بپتسمہ دیا جاتا ہے۔

• اُن میں موت کے بعد بھی نجات حاصل کرنے کا نظریہ پایا جاتا ہے۔

• نجات کے کھو جانے کا نظریہ بھی پایا جاتا ہے۔

اگرچہ مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا عظیم علماء اور مفکرین پیدا کرنے کا دعویٰ کرتی ہے اور گوکہ آرتھوڈوکس کلیسیا میں بہت سے ایسے لوگ بھی ہیں جو یسوع مسیح کے وسیلے نجات یافتہ ہونگے۔ لیکن آرتھوڈوکس کلیسیا بذات خود کوئی ایسا واضح پیغام بیان نہیں کرتی جو مسیح کے بارے میں بائبل کی خوشخبری کے ساتھ گہری مطابقت رکھ سکے ۔ مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا اصلاح کے لیے پکار کے نعرے "نجات صرف کلامِ مُقدس، صرف ایمان، صرف فضل اور صرف مسیح کے وسیلہ سے ہے" سے خالی ہے اور یہ وہ نہایت قیمتی خزانہ ہے جس سے آرتھوڈوکس کلیسیا محروم ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries