سوال
مَیں ایک جھوٹے نبی /جھوٹے اُستاد کی پہچان کیسے کر سکتا ہوں؟
جواب
یسوع ہمیں خبر دار کرتا ہے کہ " جھوٹے مسیح اور جھوٹے نبی" آئیں گے اور یہاں تک کہ خدا کے برگزیدوں کوبھی گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے ( متی 23باب 23- 27آیات؛ مزید دیکھیں 2پطرس 3باب 3آیت اور یہوداہ 17- 18آیات)۔ سچائی کو جاننا ہی وہ بہترین طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم خود کو گمراہی اور جھوٹے استادوں کی فریب کاری سے محفوط کر سکتا ہے ۔ جعل سازی کی شناخت کرنے کےلیے حقیقی سچائی کا مطالعہ کریں ۔ کوئی بھی ایماندار جو " حق کے کلام کو درستی سے کام میں لاتا " اور جو بڑے دھیان سے بائبل کا مطالعہ کرتا ہے جھوٹے عقیدے کی پہچان کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ایسا ایماندار جس نے متی 3باب 16-17آیا ت میں باپ، بیٹے اور رُوح القدس کی سر گرمیوں کے بارے میں پڑھا ہے وہ کسی بھی ایسے عقیدے پر فوراً سوال اُٹھائے گا جو تثلیث سے انکار رکرتا ہے ۔ لہذا اِس سلسلے میں سب سے پہلاقدم یہ ہے کہ بائبل کا بغور مطالعہ کریں اور جو کچھ کلامِ مقدس کہتا ہے اُس کے مطابق تمام تعلیمات کی پرکھ کریں ۔
یسوع نے کہا ہے " درخت اپنے پھل ہی سے پہچانا جاتا ہے "( متی 12باب 33آیت)۔ "پھل" کی تلاش کے دوران کسی بھی اُستاد کی تعلیمات کی سچائی کا تعین کرنے کےلیے ہم پرکھ کے مندرجہ ذیل تین خاص اصولوں کا استعمال کر سکتے ہیں :
أ. غور کریں کہ یہ استاد یسوع کے بارے میں کیا کہتا ہے ؟متی 16باب 15- 16آیات میں یسوع پوچھتا ہے" مگر تم مجھے کیا کہتے ہو؟" پطرس نے جواب دیا " تُو زندہ خدا کا بیٹا مسیح ہے" اور اِس جواب کی وجہ سے پطرس کو مسیح کی طرف سے " مبارک " کہا گیا ۔ 2یوحنا 9آیت میں ہم پڑھتے ہیں " جو کوئی آگے بڑھ جاتا ہے اور مسیح کی تعلیم پر قائم نہیں رہتا اُس کے پاس خُدا نہیں ۔ جو اُس تعلیم پر قائم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور بیٹا بھی "۔ دوسرے الفاظ میں کہا جائے تو یسوع مسیح اور اُسکی طرف سے کیا گیا نجات کا کام سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے؛ لہذا ایسے شخص سے خبردار رہیں جویسوع مسیح کی الوہیت کا انکار کرتا ہے ، جو یسوع کی صلیبی موت کو کم اہمیت دیتا ہےیا جو یسوع کی بشریت کو مسترد کرتا ہے۔ 1یوحنا 2باب 22آیت بیان کرتی ہے " کون جھوٹا ہے سوا اُس کے جو یسو ع کے مسیح ہونے کا اِنکار کرتا ہے؟ مخالِفِ مسیح وُہی ہے جو باپ اور بیٹے کا اِنکار کرتا ہے"۔
ب. کیا یہ استاد انجیل کی منادی کرتا ہے ؟کلامِ مقدس کے مطابق انجیل کو یسوع کی موت ، تدفین اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے سے تعلق رکھنے والی خوشخبر ی کے طور پر بیان کیا جاتا ہے ( 1کرنتھیوں 15باب 1- 4آیات)۔ یہ بیانات بہت اچھےمحسوس ہوتے ہیں کہ "خدا آپ سے محبت کرتا ہے " ، " خدا چاہتا ہے کہ آپ بھوکوں کو کھانا کھلائیں " اور " خدا آپ کو مالدار بناناچاہتا ہے " مگر یہ بیانات انجیل کی خوشخبری کا مکمل پیغام نہیں ہیں ۔ جیسے پولس رسول گلتیوں 1باب 7آیت میں آگاہ کرتا ہے " ۔۔۔ بعض اَیسے ہیں جو تمہیں گھبرا دیتے اور مسیح کی خوشخبری کو بِگاڑنا چاہتے ہیں"۔ کوئی بھی بڑے سےبڑا مبشر اُس پیغام کو تبدیل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا جو خدا نے ہمیں دیا ہے ۔ " جیسا ہم پیشتر کہہ چکے ہیں وَیسا ہی اب مَیں پھر کہتا ہُوں کہ اُس خُوشخبری کے سوا جو تم نے قبول کی تھی اگر کوئی تمہیں اَور خُوشخبری سناتا ہے تو ملعُون ہو "(گلتیوں 1باب 9آیت )۔
ج. کیا یہ استاد ایسی خوبیوں کا مظاہر ہ کرتاہے جو خدا کے نام کے لیے جلال کا باعث ہیں ؟ جھوٹے استادوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے یہوداہ 11آیت بیان کرتی ہے " اِن پر افسوس! کہ یہ قائِن کی راہ پر چلے اور مزدُوری کے لئے بڑی حِرص سے بلعا م کی سی گُمراہی اِختیار کی اور قورح کی طرح مُخالِفت کر کے ہلاک ہُوئے"۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ جھوٹے استاد اپنے تکبر(قائن کی طرف سے خدا کے منصوبہ کو رد کرنے) ، لالچ(بلعام کی طرف سے پیسے کی خاطر نبوت کرنے) اور بغاوت (قورح کے خاندان کی طرف سے خود کو موسیٰ پر ترجیح دینے) جیسے رویوں کی بدولت پہچانے جا سکتے ہیں ۔ یسوع نے ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کو کہا ہے اور یہ بھی کہ ہم ایسے لوگوں کو اُن کے پھل سے پہچان لیں گے ( متی 7باب 15- 20آیات)۔
مزید مطالعہ کےلیے بائبل کی اُن کتابوں کاجائزہ لیں جو خصوصی طور پر کلیسیا میں پائی جانے والی جھوٹی تعلیمات کا مقابلہ کرنے کےلیے لکھی گئی تھیں : گلتیوں ،2پطرس، 1یوحنا، 2یوحنا ، یہوداہ۔ بعض اوقات جھوٹے استاد /جھوٹے نبی کی نشاندہی کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ جیسے شیطان نورانی فرشتوں کا روپ دھارلیتا ہے ( 2کرنتھیوں 11باب 14 آیت )ویسے ہی اُس کے پیروکار بھی راستبازی کے خادمین کے ہم شکل بن جاتے ہیں( 2کرنتھیوں 11باب 15آیت)۔ صرف سچائی سےپورے طور پر واقف ہونے کے ذریعے سے ہم جھوٹے استادوں اور جھوٹے نبیوں کی پہچان کر پائیں گے ۔
English
مَیں ایک جھوٹے نبی /جھوٹے اُستاد کی پہچان کیسے کر سکتا ہوں؟