سوال
کیا خاندانی دُعائیہ رفاقت اہم ہے؟
جواب
خاندانی رفاقت ہماری رُوحانی زندگیوں کو گرجا گھر کی چاردیواری سے باہر ایک فعال اور مسلسل طور پر بڑھنے والے ایمان میں منتقل کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ لیکن خاندانی دُعائیہ رفاقت رکھنے کا کیا مطلب ہے؟
خاندانی دُعائیہ رفاقت ایک ایسا مقررکردہ وقت ہے جس میں شوہر اور بیوی یا والدین اور بچے مل کربائبل پڑھتے اور دعا کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا وقت ہے جس کا مقصد ہر فرد کی تعمیر اور خاندانوں کے اندر اتحاد اور رہنمائی کے احساس کی بنیاد رکھناہے۔
خاندانی دعائیہ رفاقت کے وقت کے لیے دانستہ طور پر کوشش کرنا اور اِس عادت کو پختہ بنانے کے لیے خاندانی ماحول کو فروغ دینا ضروری ہے۔ خاندانی دعائیہ رفاقت بچّوں کے ساتھ گہرے تعلقات کی ابتدا کر سکتی اور اُن کے ساتھ مل کر اور اُن کے لیے دعا کرنے کے مواقع کو بڑھا سکتی ہے۔ اگرچہ اس عمل کے لیے کسی خاندان کو اپنا وقت گزارنے کے انداز میں تبدیلی کی ضرورت پڑ سکتی ہےلیکن خاندانی دعائیہ رفاقت کے لیے وقت مقرر کرنا خاندان کی رُوحانی نشوونما اور میراث میں ابدی فائدے کا باعث ہو سکتا ہے۔
بحیثیت والدین جب تک ہم پہلے اپنی شخصی زندگی میں کوئی دُعائیہ نظم و ضبط قائم نہیں کر لیتے اُس وقت تک خاندانی دُعائیہ رفاقت رکھنا عجیب یا مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔ لیکن جب ہم زندہ خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو فعال طور پر جاری رکھتےہیں تو شخصی دُعائیہ رفاقت کو شروع کرنے کی خواہش ہمارے بچّوں کے لیے ایک نمونہ بن سکتی ہے ۔ بائبل پڑھنے اور دُعا کرنے کے لیے ہماری اپنی وابستگی اُس اہمیت کابڑا ثبوت پیش کرتی ہے جو ہم بطور والدین اپنی رُوحانی نشوونما کو دیتے ہیں۔ اگر یہ ایسا عمل ہے جس میں ہم اپنے بچّوں کے ساتھ ملکر ترقی کرتے ہیں تو آگے ایک شاندار سفر کا آغاز ہوتاہے۔شفافیت اور ثابت قدمی اس عمل کی کلید ہیں !
خاندانی دعائیہ رفاقت کا مقصد بچّوں کی اس طور سے پرورش کرنا ہے کہ وہ بڑے ہو کر خدا کے لیے وقف رہیں ۔ ہماری خواہش ایسے بچّوں کی پرورش کرنا ہے جو اپنی فیصلہ سازی، اپنی زندگی کے مقاصد اور اپنے تعلقات میں رہنمائی کے لیے دُعا، خدا کے کلام، اور خاندان، دوستوں، اور کلیسیائی برادری کے ٹھوس مرکز کو استعمال کرتے ہیں۔
خدا نے بنی اسرائیل کو ہدایت کی کہ " اور یہ باتیں جن کا حکم آج مَیں تجھے دیتا ہُوں تیرے دِل پر نقش رہیں۔ اور تُو اِن کو اپنی اَولاد کے ذِہن نشِین کرنا اور گھر بیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن کا ذِکر کِیا کرنا" (استثنا 6باب 6-7آیات )۔ افسیوں 6باب 4آیت میں مسیحیوں سے کہا گیا ہے " اور اَے اَولاد والو! تُم اپنے فرزندوں کو غُصّہ نہ دِلاؤ بلکہ خُداوند کی طرف سے تربِیّت اور نصیحت دے دے کر اُن کی پروَرِش کرو"۔ بے شک والدین کو اپنے بچّوں کو خدا اور اُس کی راہوں کے بارے میں تعلیم دینی ہے۔ بطور خاندان دُعا کرنے اور بائبل پڑھنے کے ذریعے خدا میں مشغول رہنا ایسا کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ خاندانی دعائیہ رفاقت رکھنے سے ہم نہ صرف اپنے بچّوں کو نصیحت کرتے ہیں بلکہ ایسے رویوں کا نمونہ بھی پیش کرتے ہیں جو رُوحانی نشوونما میں معاون ہوتے ہیں۔ا کثر اوقات بچّوں کو سکھاتے وقت ہم خود اپنے ایمان کے بارے میں چیلنج کاسامنا کرتے ہیں۔ خاندانی دعائیہ رفاقت خاندان کے سب افرادکی رُوحانی نشوونما کے لیے اچھی ہیں۔
خاندانی دعائیہ رفاقت کے دوران کردار کی نشوونما پر توجہ دیں۔ خاندانی حالات یا ضروریات سے متعلقہ حوالہ جات کا استعمال کریں۔ یہ بات بچّوں کی اِس چیز کو سمجھنے میں مدد کرتی ہے کہ بائبل اکیسویں صدی میں بھی ہماری روزمرّہ کی زندگی کے لیے موزوں ہے۔ اِس سے انہیں یہ جاننے میں بھی مدد ملتی ہے کہ خدا ایک فکر اور محبت کرنے والا باپ ہے جو اُن کے ساتھ شخصی تعلق قائم کرنا چاہتا ہے اور یہ بھی کہ وہ اُن کی زندگیوں کے لیے حکمت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔
جیسے جیسے بچّے بڑے ہوتے جاتے ہیں خاندانی دعائیہ رفاقت عقیدے اور الہیاتی علم کو زندگی کے نتائج سے جوڑنے میں مدد کرتی ہے۔ دوسرے عقائد کے نظاموں کے ساتھ موازنہ کرنا اُن کی تجزیاتی مہارتوں کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے اورجب وہ خود اور اُن کا ایمان پختہ ہو جائے گا، انہیں اِن مہارتوں کی ضرورت پڑے گی۔
خاندانی دعائیہ رفاقت کی اپنی مقرر ہ عادت کے علاوہ خدا کی طرف سے عطا کردہ اُن لمحات کی تلاش میں رہیں جو سکھانے کے لیے اہم ہیں ۔ ایسے لمحات نایاب، قیمتی اور اوقات کار کے پابند نہیں ہوتے۔ ایسا اوقات جب آپ کا بچّہ کوئی سوال پوچھتا ہے یاکوئی مشاہدہ کرتا ہے تو یہ آپ کے لیے خدا کی محبت اور اُس کی فکرمند ی کواُن کے ساتھ بانٹنے کے مواقع ہوتے ہیں ۔ ہو سکتا ہے کہ کسی خاص موقع پر آپ کے پاس تمام جواب نہ ہوں لیکن آپ بچّے کو بتا سکتے ہیں کہ اُس کی با ت سن لی گئی ہے، اُس کے سوالات اہم ہیں اور یہ کہ آپ اِس موضوع کواُسکے ساتھ مل کر جاننے کی کوشش کریں گے۔ یہ عمل بات چیت کا دروازہ کھولتا اور افسیوں 6باب 4آیت میں ہماری بُلاہٹ کی ایک حقیقی اور صحت بخش نمائندگی بن جاتا ہے۔
خاندانی دعائیہ رفاقت خدا کے ساتھ ایک شاندار سفر کا حصہ بن سکتی ہے۔ بالخصوص اُس وقت جب ایمان کی حامل بڑی برادریوں کی حمایت اور تقویت کا اضافہ کیا جاتا ہے خاندانی دعائیہ رفاقت ایک ایسا ماحول پیدا کر سکتی ہے جو ہمارے بچّوں کو ایمان میں پھلنے پھولنے کے قابل بناتی ہے ۔
خاندانی دعائیہ رفاقت یعقوب 1باب 25 آیت میں درج برکت کی کلید ہے : " لیکن جو شخص]بشمول خاندان[ آزادی کی کامِل شرِیعت پر غَور سے نظر کرتا رہتا ہے وہ اپنے کام میں اِس لئے برکت پائے گا کہ سُن کر بُھولتا نہیں بلکہ عمل کرتا ہے"۔
English
کیا خاندانی دُعائیہ رفاقت اہم ہے؟