settings icon
share icon
سوال

نسل در نسل لعنتوں کے خاتمے کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے ؟

جواب


بائبل کئی حوالہ جات میں " نسل در نسل جاری رہنے والی لعنتوں " کا ذکر کرتی ہے( خروج 20باب 5آیت؛ 34باب 7آیت؛ گنتی 14باب 18 آیت؛ 5باب 9آیت)۔ خدا خبردار کرتا ہے کہ " تُو اُن کے آگے سجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عبادت کرنا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا غیُور خُدا ہوں اور جو مجھ سے عداوت رکھتے ہیں اُن کی اَولاد کو تیسری اور چوتھی پُشت تک باپ دادا کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں"۔

بچّوں کو اُن کے باپ دادا کے گناہوں کی سزا دینا خدا کی طرف سے نا انصافی معلوم ہوتا ہے ۔ تاہم معاملہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے ۔ قدرتی طور پر گناہ کے اثرات ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہوتے ہیں ۔ جب ایک باپ گناہ آلودہ طرز زندگی رکھتا ہے تو ممکن ہے کہ اُس کے بچّے بھی ویسا ہی طرز زندگی اختیار کر لیں ۔ خروج 20 باب 5آیت میں اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ بچّے اپنے باپ دادا کے گناہ کو دہرانے کا فیصلہ کریں گے ۔ ترگم ایک یہودی تفسیرِ توریت وضاحت کرتی ہے کہ یہ حوالہ " بددین باپ دادا " اور " سرکش اولاد" کا ذکر کرتا ہے ۔ لہذا تیسری اور چوتھی پشت تک گناہ کی سزا دینا خدا کی نا انصافی نہیں ہے –وہ بعد کی نسلیں وہی گناہ کر رہی ہیں جو اُن کے باپ دادا نے کئے تھے ۔

آج کل کلیسیا میں ایک رجحان پایا جا رہا ہے جس کی بناء پر لوگ ہر ایک گناہ کو الزام دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ گناہ اُنکی زندگی میں نسلی لعنت کی وجہ سے ہے۔ یہ بات بائبلی تعلیمات کے مطابق نہیں ہے ۔ خدا کی طرف سے آئندہ نسلوں کو بدکاری کا بدلہ دینے کی خدا کی تنبیہ پرانے عہد نامے کی شریعت کا حصہ ہے۔ نسلی لعنت ایک مخصوص قوم (اسرائیل) کے لیے ایک مخصوص گناہ (بت پرستی) کا نتیجہ تھی۔ پرانے عہد نامے کی تاریخ کی کتب (خاص طور پر قضاۃ) اِس الٰہی سزا کے واقع ہونے کو قلمبند کرتی ہیں ۔

نسل در نسل لعنت کا علاج ہمیشہ توبہ ہے۔ جب بنی اسرائیل زندہ خدا کی عبادت کے لیے بُتوں کو ترک کرتے تو لعنت" ٹوٹ جاتی اور خُدا اُنہیں بچا لیتا(قضاۃ 3باب 9، 15آیت؛ 1سموئیل 12باب 10-11آیات)۔ جی ہاں ،خدا نے تیسری اور چوتھی پُست تک اسرائیل کے گناہ کی سزا دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اگلی ہی آیت میں اُس نے وعدہ کیا ہے کہ مَیں " ہزاروں پر جو مجھ سے مُحبّت رکھتے اور میرے حکموں کو مانتے ہیں رحم کرتا ہوں"( خروج 20باب 6آیت)۔ دوسرے الفاظ میں خدا کا فضل اُس کے غضب سے ہزار گنا دیر تک رہتا ہے ۔

کوئی بھی شخص جو نسلی لعنت کے سوال کے بارے پریشان ہے اُس کا جواب یسوع مسیح کے وسیلہ سے نجات ہے ۔ ایک مسیحی ایک نیا مخلوق ہے (2کرنتھیوں 5باب 17آیت)۔اس کے باوجود خدا کا کوئی فرزند لعنت کے ماتحت کیسے ہو سکتا ہے ( رومیوں 8باب 1آیت)؟" نسل در نسل لعنت" کا علاج گناہ سے توبہ ، مسیح پر ایمان اور خداوند کے لیے وقف شُدہ زندگی ہے ( رومیوں 12باب 1-2آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

نسل در نسل لعنتوں کے خاتمے کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries