settings icon
share icon
سوال

بائبل بھوت پریت/آسیب زدگی کے بارے میں کیا فرماتی ہے؟

video
جواب


کیا بھُوت جیسی کوئی چیزپائی جاتی ہے؟ اِس سوال کا جواب اِس بات پر منحصر ہے کہ اصطلاح "بھُوت" سے کیا مراد ہے۔ اگر تو اصطلاح کا مطلب "رُوحانی وجود" ہے تو جواب "ہاں" ہے۔ اگر اِس اصطلاح کا مطلب "مردہ لوگوں کی رُوحیں " ہیں، تو جواب "نہیں" ہے۔ بائبل بالکل واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ بُری اور اچھی دونوں قسم کی رُوحیں ہوتی ہیں۔ لیکن بائبل اِس خیال کی نفی کرتی ہے کہ مُردہ انسانوں کی رُوحیں زمیں پر رہ سکتی اور زندوں کے پاس آ جا سکتی ہیں۔



عبرانیوں9 باب 27 آیت بیان کرتی ہےکہ "انسان کا ایک بار مرنا، اور اُس کے بعد عدالت کا ہونا مقرر ہے"۔ موت کے بعد ہر ایک شخص کی جان/ رُوح کے ساتھ یہی عدالت ہوتی ہے۔ ایماندار کے لئے عدالت کا نتیجہ فردوس (2 کرنتھیوں 5باب 6-8 آیات؛ فلپیوں1باب23 آیت) اور غیر ایماندار کےلئے جہنم ہوتا ہے (متی 25باب46 آیت؛ لوقا 16باب 22-24 آیات)۔ اِن کے درمیان میں کچھ نہیں ہے۔انسانی رُوح کے بھُوت کے طور پر رُوحانی شکل میں زمین پر رہنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اگر بھُوت کے طور پر ایسی چیزیں ہیں بھی تو وہ بائبل کے مطابق مردہ انسانوں کی جسم سے آزاد رُوحیں بالکل نہیں ہو سکتیں۔

بائبل واضح طور پر سکھاتی ہے کہ رُوحیں ہوتی ہیں جو ہماری مادی دُنیا کے ساتھ رابطہ کر سکتی ہیں اور اِس میں ظاہر ہو سکتی ہیں۔ بائبل اِن رُوحوں کی فرشتوں، اور بدرُوحوں کے طور پر نشاندہی کرتی ہے۔ فرشتے ایسی رُوحیں ہیں جو خُدا کی خدمت میں وفادار ہیں۔ فرشتے راستباز، نیک، اور پاک ہیں۔ بدرُوحیں گرائے گئے فرشتے ہیں جنہوں نے خُدا کے خلاف بغاوت کی۔ بدرُوحیں بُری، دھوکےباز،ہلاکت خیز اور تباہ کُن ہیں۔ 2 کرنتھیوں11 باب 14-15 آیات کے مطابق بدرُوحیں "نورانی فرشتوں" اور "راستبازی کے خادموں" کا بھیس بھی بدل لیتی ہیں۔ "بھُوت" کے طور پر ظاہر ہونا اور مردہ انسانوں کی صورت اختیار کرنا یقینی طور پر بدرُوحوں کی طاقت اور صلاحیت میں ہے۔

"آسیب زدگی " کے بارے میں بائبل کی قریب ترین مثال مرقس5 باب 1- 20آیات میں ملتی ہے۔ بدرُوحوں کے لشکر نے ایک شخص پر قبضہ کر لیا اور ایک قبرستان کو آسیب زدہ کرنے کے لئے اُس شخص کو استعمال کیا۔ اِس میں بھوت پریت کا کوئی عمل دخل نہ تھا۔ بلکہ اُس علاقے کے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے بدرُوحوں کی طرف سے ایک بالکل عام انسان کو استعمال کیا جا رہا تھا۔ بدرُوحیں صرف"چُرانے، مار ڈالنےاور ہلاک کرنے" کی کوشش کرتی ہیں (یوحنا 10باب 10آیت)۔ وہ لوگوں کو دھوکہ دینے کے لئے اپنی قوت سے ہر وہ کام کریں گی جو لوگوں کو خُدا سے دُور لے کر جائے۔ آج کے دور میں "بھوتوں" کی سرگرمیوں کی یہی وضاحت ہے۔ اب اِسے چاہے بھُوت کہا جائے، یا بیابانی غول، یا جِن کہا جائے، اگر کہیں پر واقعی بُری رُوحانی سرگرمی ہوتی ہے تو یہ بدرُوح کا کام ہوتاہے۔

اُن مثالوں کے بارے میں کیا خیال ہے جن میں "بھُوت" مثبت طریقوں سے کام کرتے ہیں۔ اُن عاملوں اور جنات کے یاروں کے بارے میں کیا خیال ہے جو مُردوں کو بُلانے اور اُن سے حقیقی اور مفید معلومات حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ایک بار پھر آپکو بتایا جاتا ہے کہ یہ یاد رکھنا نہایت اہم ہے کہ بدرُوحوں کا مقصد دھوکہ دینا ہوتا ہے۔ اگر نتیجہ یہ ہے کہ لوگ خُدا کی بجائے عاملوں اور جنات کے یاروں پر بھروسہ کرنا شروع کر دیں تو بد ارواح اُن عاملوں کے ذریعے سے حقیقی معلومات کو ظاہر کرنے کے لیے تیار ہوتی ہیں تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ اُن پر بھروسہ کریں۔یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اچھی اور سچی معلومات بھی اگر غلط طریقے اور بدی کے مقاصد کے ذریعے سے حاصل کی گئی ہو تو وہ گمراہ کن، بدعنوان اور تباہ کن ہو سکتی ہے۔

عام طور پر غیر فطری حرکات و سکنات اور سرگرمیوں میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ آج ایسے افراد اور کاروباری ادارےموجود ہیں جو "بھُوتوں کے شکاری" ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، وہ پیسوں کے لئے آپ کے گھروں سے بھُوتوں کو نکالتے ہیں۔ عامل، رُوحانی مفکرین ، ارواح کو حاضر کرنے کا دعویٰ کرنے والے، ٹیرو ٹ کارڈز (تصویروں اور علامتوں کے ساتھ 78 کارڈز کا سیٹ جو مستقبل دیکھنے کے لئے استعمال ہوتا ہے)، اور رُوحانی بابوں کو بالکل معمول کے لوگ خیال کیا جاتا ہے۔ انسان فطرتاً رُوحانی دُنیا سے خبردار ہیں۔ افسوس، خُدا کے ساتھ گفتگو کر کے اور اُس کے کلام کو پڑھ کر رُوحوں کی دُنیا کے بارے میں حقیقت کی تلاش کرنے کی بجائے، بہت سے لوگ اپنے آپ کو رُوحانی دُنیا کی طرف سے گمرہ ہونے کے لیے پیش کر دیتے ہیں۔ بدرُوحیں یقیناً اِس بڑی رُوحانی دھوکا بازی پر ہنستی ہیں جوآج ہماری دُنیا میں ہو رہی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل بھوت پریت/آسیب زدگی کے بارے میں کیا فرماتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries