settings icon
share icon
سوال

آسمان پر/فردوس میں جانا – مجھے میری ابدی منزل کی ضمانت کیسے مل سکتی ہے؟

جواب


حقائق کا سامنا کریں ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ دن ہماری سوچ کے مقابلے میں کہیں جلد آجائے جب ہم ابدیت میں داخل ہوں گے ۔ اُس خاص لمحے کی تیار ی کےلیے ہمیں اِس سچائی کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے کہ ہر انسان فردوس میں نہیں جائے گا۔ ہم یقین کے ساتھ کیسے جان سکتے ہیں کہ ہم فردوس میں ہی جانے والے ہیں ؟قریباً 2000 سال پہلے جب پطر س اور یوحنا رسول یروشلیم میں ایک بڑے مجمع کو خداوند یسوع مسیح کے بارے میں انجیل کی خوشخبری سُنا رہے تھے تو اُس وقت پطرس رسول نے ایک بڑا بیان دیا جو آج بھی ہماری مابعد الجدید دُنیا میں گونج رہا ہے :"اور کسی دُوسرے کے وسیلہ سے نجات نہیں کیونکہ آسمان کے تَلے آدمیوں کو کوئی دُوسرا نام نہیں بخشا گیا جس کے وسیلہ سے ہم نجات پا سکیں" ( اعمال 4باب 12آیت)۔

اُس وقت کی طرح اب بھی اعمال 4باب 12آیت سیاسی تناظر میں درست نہیں سمجھی جاتی ۔ آج کل یہی بات مشہور ہے کہ " ہر کوئی فردوس میں جا رہا ہے " یا " سب راستے فردوس کی طرف جاتے ہیں " ۔ بہت سے لوگ ایسا بھی سوچتے ہیں کہ وہ یسوع کے بغیر فردوس میں جا سکتے ہیں ۔ وہ عزت و عظمت تو چاہتے ہیں مگر وہ صلیب کے پیغام یا جس نے اُس پر نسلِ انسانی کی نجات کے لیے جان دی تھی اُس کے بارے میں کچھ پریشانی لینا نہیں چاہتے ۔ بہت سے لوگ یسوع کو فردوس کے واحد راستے کے طور پر قبول کرنے کو تیار نہیں بلکہ وہ کسی اور راستے کی تلاش میں پُر عزم ہیں ۔ مگر یسوع نے ہمیں خبردار کیا ہے کہ اُس کے سوا فردوس کے لیے کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے اور اس سچائی کو مسترد کرنے کا نتیجہ ہمیشہ کےلیے جہنم میں رہنا ہے ۔ یسوع نے ہمیں بتاتا ہے کہ "جو بیٹے پر اِیمان لاتا ہے ہمیشہ کی زِندگی اُس کی ہے لیکن جو بیٹے کی نہیں مانتا زِندگی کو نہ دیکھے گا بلکہ اُس پر خُدا کا غضب رہتا ہے" (یوحنا 3باب 36آیت)۔ مسیح پر ایمان رکھنا فردوس میں جانے کی کنجی ہے ۔

بہت سے لوگ دعویٰ کریں گے کہ فردوس کےلیے صرف ایک راستہ مہیا کرنا خدا کی شدید تنگ نظری کا ثبوت ہے ۔ لیکن سچائی یہی ہے کہ خدا کے خلاف انسانی سرکشی کے پیشِ نظر یہ خدا کی بڑی وسیع النظری ہے کہ اُس نے فردوس کےلیے ہمیں کم از کم ایک راستہ تو مہیا کیا ہے ۔ اصل میں تو ہم غضب کے مستحق ہیں مگر خدا نے اپنے واحد اور اکلوتے بیٹے کو ہمارے گناہوں کی خاطر مرنے کےلیےبھیج کر ہمیں اِس غضب سے بچنے کا راستہ مہیا کیا ہے ۔ چاہے کوئی شخص اِس کو تنگ نظری یا وسیع النظر ی کے طور پر دیکھے مگر سچائی یہی ہے ۔ خوشخبر ی یہ ہے کہ یسوع ہمارے گناہوں کی خاطر موا اور جی اُٹھا ہے اور وہ لوگ جو فردوس میں جانے والے ہیں وہ اِس انجیل یعنی خوشخبری کو ایمان کے وسیلہ سے قبول کر چکے ہیں ۔

بہت سے لوگ آج کل کچھ ایسی(نام نہاد/نا مکمل ) انجیل کو تھامے ہوئے ہیں جو توبہ کی ضرورت کو نظر انداز کرتی ہے ۔ ایسے لوگ " محبت کرنے والے "( عدالت نہ کرنے والے) خدا پر ایمان رکھنا چاہتے ہیں جو گناہ کا ذکر نہیں کرتااور نہ ہی گناہ کرنے والے لوگوں کے اندازِ زندگی میں کسی طرح کی تبدیلی کا تقاضا کرتا ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اِس طرح کے بیان دیں " میرا خدا کسی شخص کو کبھی جہنم میں نہیں بھیجے گا"۔ لیکن یسوع نے فردوس کے بارے میں بات کرنے کی نسبت جہنم کے بارے میں زیادہ بات کی ہے ۔ اُس نے خود کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کیا ہے جو فردوس میں جانے کےلیے واحد ذریعہ مہیا کرتا ہے : " یِسُو ع نے اُس سے کہا کہ راہ اور حق اور زِندگی مَیں ہُوں ۔ کوئی میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا"( یوحنا 14باب 6آیت)۔

حقیقت میں کون خدا کی بادشاہی میں داخل ہوگا ؟ مَیں اس بات کی ضمانت کیسے حاصل کر سکتا ہوں کہ مَیں فردوس میں جا نے والا ہوں ؟ تاہم بائبل ابدی زندگی پانے والوں اور نہ پانے والوں کے درمیان واضح فرق بیان کرتی ہے : "جس کے پاس بیٹا ہے اُس کے پاس زِندگی ہے اور جس کے پاس خُدا کا بیٹا نہیں اُس کے پاس زِندگی بھی نہیں "( 1یوحنا 5باب 12آیت)۔ اِن سب چیزوں کا دارمدار ایمان پر ہے ۔ وہ لوگ جو مسیح پر ایمان لاتے ہیں وہ خدا کے فرزند بن جاتے ہیں ( یوحنا 1باب 12آیت ) ۔ وہ لوگ جو یسوع کی قربانی کو اپنے گناہوں کی ادائیگی کے طور پر قبول کرتے اور اُس کے مردوں میں سے جی اُٹھنے پر ایمان رکھتے ہیں فردوس میں جانے والے ہیں ۔ مگر وہ لوگ فردوس میں نہیں جائیں گے جو مسیح کا انکار کرتے ہیں ۔ "جو اُس پر اِیمان لاتا ہے اُس پر سزا کا حکم نہیں ہوتا ۔ جو اُس پر اِیمان نہیں لاتا اُس پر سزا کا حکم ہو چکا ۔ اِس لئے کہ وہ خُدا کے اِکلوتے بیٹے کے نام پر اِیمان نہیں لایا "( یوحنا 3باب 18آیت )۔

جو لوگ یسوع مسیح کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کرتے ہیں اُن کےلیے فردوس جتنی حیرت انگیز ہوگی اِس کے مقابلے میں جہنم اُن لوگوں کےلیے کہیں زیادہ خوفناک ہو گی جو یسوع کا انکار کرتے ہیں ۔ اس بات پر بار بار غور کیے بغیر کوئی شخص سنجیدگی سے بائبل کا مطالعہ نہیں کر سکتا- درمیانی لکیر کھینچی جا چکی ہے ۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ آسمان پر جانے کا صرف ایک ہی واحد راستہ ہے یعنی خُداوند یسوع مسیح۔

یسوع کے حکم پر عمل کریں: "تنگ دروازہ سے داخل ہو کیونکہ وہ دروازہ چوڑا ہے اور وہ راستہ کُشادہ ہے جو ہلاکت کو پہنچاتا ہے اور اُس سے داخل ہونے والے بُہت ہیں۔کیونکہ وہ دروازہ تنگ ہے اور وہ راستہ سُکڑا ہے جوزِندگی کو پہنچاتا ہے اور اُس کے پانے والے تھوڑے ہیں۔"

یسوع پر ایمان لانا آسمان پر جانے کا ایک ذریعہ ہے۔ وہ لوگ جو یسوع پر ایمان لائے ہیں اُن کو فردوس میں جانے کی ضمانت دی گئی ہے۔ کیاآپ خُداوند یسوع پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان رکھتے ہیں؟

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

آسمان پر/فردوس میں جانا – مجھے میری ابدی منزل کی ضمانت کیسے مل سکتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries