settings icon
share icon
سوال

خدا کا فضل کیا ہے ؟

جواب


فضل بائبل میں ایک لگاتار جاری رہنے والا موضوع ہے جو نئے عہد نامے میں یسوع کی آمد (یوحنا 1باب 17آیت)کے ساتھ تکمیل پاتا ہے۔ نئے عہد نامے میں جس لفظ کا ترجمہ "فضل" کیا گیا ہے وہ یونانی لفظ کیرسCharis/ ہے جس کا مطلب "احسان، برکت، یا مہربانی "ہے ۔ ہم سب دوسروں پر فضل کا اظہار کر سکتے ہیں۔ لیکن جب یہ لفظ خدا کے تعلق سے استعمال ہوتا ہے تو یہ اور بھی زیادہ گہرا مفہوم پیش کرتا ہے۔ اُس لعنت کی بجائے جس کے ہم اپنے گناہ کے باعث مستحق ہیں خُدا ہمیں فضل دینے کا فیصلہ کرتا ہے۔ یہ اُس کی خاص کرم نوازی ہے جس کے ہم مستحق نہیں ہیں۔

افسیوں 2باب 8آیت بتاتی ہےکہ " تم کو اِیمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نجات مِلی ہے اور یہ تمہاری طرف سے نہیں، خُدا کی بخشش ہے"۔ خدا کا فضل وہ واحد راستہ ہے جس کے وسیلہ سے ہم میں سے کوئی بھی اُس کے ساتھ تعلق میں داخل ہو سکتا ہے ۔ فضل کا آغاز اُس وقت ہوا جب باغ ِ عدن میں خُدا نے آدم اور حوّا کے گناہ کو ڈھانپنے کے لیے ایک جانور کو ذبح کیا تھا(پیدایش 3باب 21آیت)۔خُدا پہلے انسانوں کو اُن کی نافرمانی کی وجہ سے اُسی موقع پر ہلاک سکتا تھا۔ لیکن اُنہیں ہلاک کرنے کی بجائے اُس نے اُن کے لیے ایک ایسا راستہ نکالنے کا فیصلہ جس کے وسیلہ وہ اُس کے ساتھ درست تعلق قائم کر سکیں۔ فضل کا یہ نمونہ پورے پرانے عہد نامے میں جاری رہا ۔خاص طور پر اُس وقت جب خُدا نے گناہگار لوگوں کی خاطر کفارہ ادا کرنے کے لیے قربانیوں کا نظام قائم کیا ۔ اصل میں یہ اُن قربانیوں کا خون نہیں تھا جو گنہگاروں کو پاک کرتا تھا ؛بلکہ یہ خُدا کا فضل تھا جو اُس پر بھروسہ کرنے والوں کے گناہوں کو معاف کرتا تھا (عبرانیوں 10باب 4آیت؛ پیدایش 15باب 6آیت)۔ اُن قربانیوں کو پیش کرنے کے وسیلہ سے گنہگار انسان اپنے اُس ایمان کا اظہار کرتے تھے جس کا خدانے تقاضا کیا تھا۔

پولس رسول نے اپنے بہت سے خطوط کا آغاز اس جملے کے ساتھ کیا ہے کہ " ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسیح کی طرف سے تمہیں فضل اور اِطمینان حاصل ہوتا رہے"(رومیوں 1باب 7آیت؛ افسیوں 1باب 1آیت؛ 1کرنتھیوں 1باب 3آیت)۔ خدا ہی فضل کا سرچشمہ ہےاور اُسی کی ذات سے ہر طرح کا فضل جاری ہوتا ہے ۔

خدا رحم اور فضل کا اظہار کرتا ہے لیکن یہ دونوں یکساں نہیں ہیں۔ رحم ہمیں اُس سزا سے بچاتا ہے جس کے ہم مستحق ہیں؛جبکہ فضل وہ نعمت عطا کرتا ہے جس کے ہم مستحق نہیں ہوتے ۔ رحم کے اظہار میں خدا نے اپنے کامل بیٹے کو ہماری خاطر قربان کر کے ہمارے گناہ کے قرض کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا (ططس 3باب 5آیت؛ 2کرنتھیوں 5باب 21آیت)۔ لیکن وہ رحم سے تجاوزکرتے ہوئے اور اپنے دشمنوں پر فضل کرتا ہے (رومیوں 5باب 10آیت)۔ جب ہم اُس کی پیشکش کو قبول کرتے ہیں اور اُس کی قربانی پر ایمان لاتے ہیں تو وہ ہمیں معافی (عبرانیوں 8باب 12آیت؛ افسیوں 1باب 7آیت)،میل ملاپ(کلسیوں 1باب 19-20آیات)، کثرت کی زندگی (یوحنا 10باب 10آیت)، آسمانی خزانہ(لوقا 12باب 33آیت)، اپنا رُوح القدس (لوقا 11باب 13آیت) اور ابدیت میں اپنے ساتھ فردوس میں مقام پیش کرتا ہے (یوحنا 3باب 16-18آیات) ۔

فضل خدا کی طرف سے غیر مستحق لوگوں کے لیے – جو ہم میں سے ہر ایک ہے –سب سے بڑا خزانہ ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

خدا کا فضل کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries