سوال
آسمان کیسا ہے؟
جواب
فردوس/ آسمان ایک حقیقی مقام ہے جس کا بائبل میں ذکر کیا گیا ہے فردوس کے لئے استعمال ہونے والا انگریزی لفظ "heaven"محض نئے عہدِ نامے میں 276 بار استعمال ہوا ہے۔ کلامِ مقدس تین آسمانوں کا ذکر کرتا ہے۔ پولُس رسول "تیسرے آسمان تک/ پر اُٹھایا" گیا لیکن اُسے منع کیا گیا تھا کہ وہ اُن باتوں کو ظاہر نہ کرے جن کا اُس نے وہاں تجربہ کیا تھا(2 کرنتھیوں 12 باب 1- 9آیات)۔
اگر تیسرا آسمان موجود ہے تو یقینا ً دوسرے دو آسمان بھی موجود ہیں ۔ پہلے آسمان کو پرانے عہد نامے میں اکثر "فلک" یا "فضا" کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ یہ وہ آسمان ہے جس میں بادل اُڑتے پھرتے ہیں اور پرندے بھی اِسی میں اُڑتے ہیں۔ دوسرا آسمان بیرونی خلا/ستاروں کا درمیانی علاقہ ہے جو کہ ستاروں ، سیاروں، اور دیگراجرامِ فلکی کا مسکن ہے (پیدایش1باب 14-18آیات )۔
تیسرا آسمان خدا کا مسکن ہے تاہم اسے واضح طور پر بیان نہیں کیا گیا ۔ یسوع نے حقیقی مسیحیوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ آسمان پر اُن کے لیے جگہ تیار کرنے کےلیے جا رہا ہے (یوحنا 14باب 2آیت)۔ پرانے عہد نامے کے اُن مقدسین کی منزل بھی آسمان ہی ہےجو خُدا کےمو عودہ منجی پر بھروسہ رکھتے ہوئے مر چکے ہیں (افسیوں 4 باب 8 آیت)۔ جو کوئی انسان مسیح پر ایمان لاتا ہے کبھی ہلاک نہ ہو گا بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے گا (یوحنا3 باب 16آیت)۔
یوحنا رسول کو آسمانی شہر دیکھنے اور اُس کو بیان کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا (مکاشفہ 21 باب 10- 27 آیات)۔ یوحنا نے گواہی دی ہے کہ فردوس (نئی زمین) "خُدا کے جلال" اور اُس کی حضوری سے معمور ہے (مکاشفہ 21 باب 11آیت)۔ فردوس میں رات نہیں ہوتی کیونکہ خُداوند خُود اُس کا نور ہے اِس لیے وہاں چاند اور سورج کی بھی کوئی ضرورت نہیں (مکاشفہ 22 باب 5آیت)۔
یہ شہر بیش قیمتی پتھروں کی چمک اور بَلور کی طرح شفاف یشب سے بھر ا ہے۔ فردوس/آسمان کے بارہ دروازے (مکاشفہ 21 باب 12آیت) اور بارہ بنیادیں ہیں (مکاشفہ 21 باب 14آیت)۔ باغِ عدن کے فردوس کو بحال کر دیا گیا ہے: آبِ حیات کا دریا فراوانی سے بہتا ہے اور زندگی کا درخت ایک بار پھرمیسر ہے جو ہر مہینے پھلتا ہے اور جس کے پتوں سے "قوموں کو شفا ملتی " ہے (مکاشفہ 22 باب1- 2آیات)۔ یوحنا رسول بڑی تفصیل سے آسمان کے بارےمیں بیان کرتا ہے تاہم محدود انسان اس قابل نہیں کہ وہ فردوس کی حقیقت کوپورے طور پر بیان کر سکیں (1کرنتھیوں 2باب 9آیت)۔
فردوس /آسمان ایک ایسا مقام ہے جہاں پر مزید آنسو ،درد اور غم نہ ہو گا (مکاشفہ 21 باب 4آیت)۔ وہاں جُدائی نہیں ہو گی کیونکہ موت کو شکست دی جائے گی (مکاشفہ20باب 6آیت )۔ فردوس/آسمان کے بارے میں سب سے بہترین بات یہ ہے کہ وہاں ہمارے خُداوند اور نجات دہندے یسوع مسیح کی حضوری ہو گی (1یوحنا3باب 2آیت )۔ ہم خُدا کے برّہ کے رُو برُو ہوں گے جو ہم سے محبت کرتا ہے اور جس نے خود کو اِس لیے قربان کیا تاکہ ہم فردوس / آسمان پر اُس کی حضوری سے ہمیشہ لطف اندوز ہو سکیں۔
English
آسمان کیسا ہے؟