سوال
ایک مسیحی کی اُمید کیا ہے؟
جواب
زیادہ تر لوگ اُمید کو خواہشمند سوچ کے طور پر سمجھتے ہیں، جیسے کہ "مجھے اُمید ہے کہ کچھ ہو جائے گا۔"اُمید کے تعلق سے بائبل کا مطلب یہ نہیں ہے۔ بائبلی لحاظ سے اُمید کی تعریف "پُراعتماد توقع" ہے۔ اُمید اُن چیزوں کے بارے میں پختہ یقین دہانی ہے جو غیر واضح اور نامعلوم ہیں (رومیوں 8باب24-25 آیات؛ عبرانیوں 11باب1، 7 آیات)۔ اُمید ایک صادق کی زندگی کا بنیادی جزو ہے (امثال 23باب17-18 آیات)۔ اُمید کے بغیر زندگی اپنا مطلب کھو دیتی ہے (نوحہ 3باب18 آیت؛ ایوب 7باب6 آیت)، اور موت میں کوئی اُمید نہیں ہے (یسعیاہ 38باب18 آیت؛ ایوب 17 باب15 آیت)۔ وہ راستباز جو خُدا پر بھروسہ کرتے ہیں اور اپنی اُمید خُدا پر رکھتے ہیں اُنکی مدد کی جائے گی (28 زبور 7 آیت)، وہ پریشان نہیں ہونگے، شرمندہ نہیں ہونگے اور مایوس نہیں ہونگے (یسعیاہ 49باب23 آیت)۔ وہ راستباز جو خُدا پر یہ بھروسہ مند اُمید رکھتے ہیں وہ خُدا کی طرف سے حفاظت اورمدد پر اعتماد رکھتے ہیں (یرمیاہ 29باب11 آیت) ، وہ خوف اور پریشانی سے آزاد ہیں (46 زبور 2-3 آیات)۔
نئے عہد نامے میں اُمید کا تصور اِس بات کی پہچان ہے کہ مسیح میں پرانے عہد نامے کے سبھی وعدوں کی تکمیل پائی جاتی ہے (متی 12باب21 آیت؛ 1 پطرس 1باب3 آیت)۔ مسیحی اُمید مسیح میں خُدا کی طرف سے عطا کردہ نجات پر ایمان کے ساتھ جُڑی ہوئی ہے (گلتیوں 5باب5 آیت)۔ مسیحیوں کی اُمید کو وعدہ کردہ رُوح القدس (رومیوں 8باب24-25 آیات) کی موجودگی کے ذریعے سے وجود میں لایا جاتا ہے۔ یہ مُردوں کے جی اُٹھنے کی مستقبل کی اُمید (اعمال 23باب6 آیت)، اسرائیل کے ساتھ کئے گئے وعدے (اعمال 26باب6-7 آیات)، جسم اور تمام مخلوقات کی نجات (رومیوں 8 باب23-25 آیات)، ابدی جلال(کلسیوں 1باب27 آیت)، ابدی زندگی اور ایمانداروں کی میراث (ططس 3باب5-7 آیات)، یسوع مسیح کی آمدِ ثانی (ططس 2باب11-14 آیات)، یسوع مسیح کا ہمشکل بننا (1 یوحنا 3باب2-3 آیات)، خُدا کی طرف سےعطا کردہ نجات(1 تیمتھیس 4باب10 آیت) یا سادہ طور پر صرف مسیح خود ہے (1 تیمتھیس 1باب1 آیت)۔
اِس مبارک مستقبل کی یقین دہانی کی ضمانت ہمارے اندر رُوح القدس کے بسنے (رومیوں 8باب23-25 آیات)، ہمارے اندر یسوع مسیح کے ہونے (کلسیوں 1باب27 آیت) اور یسوع مسیح کے جی اُٹھنے کے ذریعے ملتی ہے (1 کرنتھیوں 15باب14-22 آیات)۔ اُمید دُکھ اُٹھانے کے وسیلے پیدا ہونے والے صبر کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے (رومیوں 5باب2-5 آیات) اور چیز یہی دُکھ برداشت کرنے کے پیچھے تحریک ہے (1 تھسلنیکیوں 1باب3 آیت؛ عبرانیوں 6باب 11 آیت)۔ وہ جو مسیح پر اُمید رکھتے ہیں وہ زندگی اور موت میں مسیح کو جلال پاتے ہوئے دیکھیں گے (فلپیوں 1باب20 آیت)۔ خُدا کی طرف سے قابلِ اعتبار وعدے میں ہم اُمید پائیں گے (عبرانیوں 6باب18-19 آیات) اور ہم اُس اُمید پر فخر کر سکتے (عبرانیوں 3 باب6 آیت)اور اپنے ایمان میں بڑی جرات کا مظاہرہ کر سکتے ہیں(2 کرنتھیوں 3باب12 آیت)۔ اِس کے برعکس وہ جو خُدا پر اپنا بھروسہ نہیں رکھتے اُن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اُمیدسے محروم ہیں )افسیوں 2باب12 آیت؛ 1 تھسلنیکیوں 4باب13 آیت)۔
ایمان اور محبت کے ساتھ ساتھ اُمید مسیحی زندگی کی ایک پائیدار خوبی ہے (1 کرنتھیوں 13باب13 آیت) ، اور محبت اُمید سے جنم لیتی ہے (کلسیوں 1باب4-5 آیات)۔ اُمید کسی ایماندار کے اندر رُوح القدس کی قوت کے ذریعے سے خوشی اور اطمینان پیدا کرتی ہے (رومیوں 12باب12 آیت؛ 15 باب 13 آیت)۔ پولس اپنی رسولی بلاہٹ کو ابدی جلال کی اُمید کے ساتھ جوڑتا ہے (ططس 1باب1-2 آیات)۔ مسیح کی آمدِ ثانی کی اُمید ایمانداروں کے لیے اِس زندگی میں اپنے آپ کو پاک کرنے کی بنیاد ہے (ططس 2باب11-14 آیات؛ 1 یوحنا 3باب3 آیت)۔
English
ایک مسیحی کی اُمید کیا ہے؟