settings icon
share icon
سوال

ہائپر (انتہا پسند )کیلون ازم کیا ہے اور کیا یہ نظریہ بائبل کے مطابق ہے ؟

جواب


اس کی سادہ تعریف یہ ہے : "ہائپر کیلون ازم دراصل یہ عقیدہ ہے کہ خدا چُنے ہوئے لوگوں کو اپنی خود مختار مرضی سے نجات دینے کےلیے ایسے طریقوں ( جیسے کہ بشارت، منادی اور غیر نجات یافتہ لوگوں کےلیے دُعا وغیرہ جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ نجات کا باعث بن سکتے ہیں) بہت کم یا بالکل استعمال نہیں کرتا ہے ۔" حد سے زیادہ خود کو بائبلی تعلیم پر کاربند خیال کرتے ہوئے ہائپرکیلون ازم کے ماننے والے خدا کی خود مختاری پر ضرورت سے زیادہ اور نجات کے کام میں انسان کی ذمہ داری پر بہت کم زور دیتے ہیں ۔

ہائپر کیلون ازم کی ایک واضح پیچیدگی یہ ہے کہ یہ نظریہ غیر نجات یافتہ لوگوں میں انجیل کی منادی کی خواہش کو دبا دیتا ہے ۔ زیادہ تر ایسی کلیسیائیں یا فرقے جو ہائپر کیلون ازم کے الہیاتی نظریے کے قائل ہیں وہ تقدیر پرستی ، سرد مُہری اور ایمان کی یقین دہانی کی کمی کا شکار ہوتے ہیں ۔ اس نظریے میں خدا کے اپنے لوگوں اور غیر نجات یافتہ/کھوئے ہوئے لوگوں کےلیے اُس کی محبت کی بجائے خدا کی خودمختار ی یعنی چُنے لوگوں کے لیے نجات اور کھوئے ہوئے لوگوں پر اُس کے قہر کے غیر بائبلی تصور پر زور دیا جاتا ہے جو پہلے سے ہی قائم کر لیا گیا ہے ۔ ہائپر کیلون ازم کے ماننے والوں کی انجیل برگزیدہ لوگوں کے لیے خدا کی نجات اور غیر نجات یافتہ لوگوں کی سزا کی منادی پر مشتمل ہوتی ہے ۔

بائبل واضح طور پر سکھاتی ہے کہ خدا بشمول لوگوں کی نجات کے ( افسیوں 1باب 3-12آیات) تمام کائنات پر خود مختار حاکم ہے ( دانی ایل 4باب 34-35آیات)۔ مگر خدا کی خود مختاری کے ساتھ ساتھ بائبل یہ بھی تعلیم دیتی ہے کہ محبت غیر نجات یافتہ، کھوئے ہوئے لوگوں کی نجات کےلیے خدا کی تحریک ہے (افسیوں 1باب 4- 5آیات؛ یوحنا 3باب 16آیت؛ 1یوحنا 4باب 9-10آیات) اور یہ کہ اُس کے کلام کی منادی کھوئے ہوؤں کو نجات دینے کا خدا کا وسیلہ ہے ( رومیوں 10باب 14-15آیات)۔ بائبل یہ بھی اعلان کرتی ہے کہ مسیحیوں کو غیر ایمانداروں کےسا تھ انجیل کی خوشخبری بانٹنے کےلیے پُر جوش اور پُر عزم ہونا چاہیے کیونکہ مسیح کے ایلچی ہونے کے ناطے ہم لوگوں سے " منت" کرتے ہیں کہ وہ خدا سے صلح کر لیں ( 2 کرنتھیوں 5باب 20-21آیات)۔

ہائپر کیلون ازم کا نظریہ خدا کی خود مختاری کے بائبلی عقیدے کو لیتا او ر پھر اِسے غیر بائبلی انتہا پسند ی تک لے جاتا ہے ۔ ایسا کرنے سے ہائپر کیلون ازم خدا کی محبت اور انجیل کی منادی کی ضرورت کی اہمیت کو کم کرتا ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ہائپر (انتہا پسند )کیلون ازم کیا ہے اور کیا یہ نظریہ بائبل کے مطابق ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries