settings icon
share icon
سوال

اقنومی اتحاد (ایک شخص میں دو فطرتوں کا اتحاد) کیا ہے؟یسوع ایک ہی وقت میں خُدا اور انسان کیسے ہو سکتا ہے؟

جواب


وال: "اقنومی اتحاد (ایک شخص میں دو فطرتوں کا اتحاد) کیا ہے؟یسوع ایک ہی وقت میں خُدا اور انسان کیسے ہو سکتا ہے؟

جواب: اقنومی اتحاد(hypostatic Union) ایک ایسی اصطلا ح ہے جو اِس حقیقت کی وضاحت کےلیے استعمال ہوتی ہے کہ خدا بیٹے یعنی یسوع مسیح کے انسانی فطرت اختیار کرنے کے باوجود بھی وہ مکمل طور پر خدا کیسے رہا۔ یسوع ازل سے خدا تھا ( یوحنا 8باب 58آیت اور 10باب 30آیت)مگر مجسم ہونے پر وہ انسان بنا ( یوحنا 1باب 4آیت)۔ الٰہی فطر ت میں انسانی فطرت کے اضافے کی بدولت یسوع مجسم خدا کہلاتا ہے ۔ یہی ہائپو سٹیٹک یونین یا اقنومی اتحاد ہے یعنی یسوع مسیح کامل الوہیت اور کامل بشریت پر مشتمل ایک ذات ہے ۔

یسوع کی انسانی اور الٰہی دونوں فطرتیں نا قابلِ جُدا ہیں ۔ یسوع ابد تک مجسم خدا رہے گا یعنی ایک ایسی شخصیت جس میں کامل خدا اور کامل انسان کی دو الگ الگ فطرتیں ہوں گی ۔ یسوع کی بشریت اور الوہیت میں آمیزش نہیں ہوئی، الوہیت اور بشریت اُس کی ذات میں مخلوط نہیں بلکہ الگ الگ حیثیت کھوئے بغیر متحد ہیں ۔ ایک طرف یسوع انسانی حدبندیوں کا مظاہر ہ کرتا ہے ( یوحنا 4باب 6آیت اور 19باب 28آیت) تو دوسری طرف اپنی الٰہی قدرت کا ( یوحنا 11باب 43آیت ؛ متی 14باب 18-21آیات)۔ یہ دونوں اعمال اُس کی واحد ذات کا نتیجہ تھے ۔ یسوع کی فطرتیں دو تھیں مگر شخصیت ایک ہی تھی۔

اقنومی اتحاد کے عقیدے کا مقصد اِس بات کی وضاحت کرنا ہے کہ یسوع ایک ہی وقت میں انسان اور خدا کیسے ہو سکتا ہے ۔ بہر حال یہ ایک ایسا عقیدہ ہے جس کو ہم مکمل طور پر سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ اس بات کو سمجھنا ہمارے لیے ناممکن ہے کہ خدا کیسے کام کرتا ہے ۔ بحیثیت انسان ہمیں اپنی محدود عقل کے ساتھ اُس لامحدود خدا کو مکمل طور پر سمجھنے کی توقع نہیں کر نی چاہیے ۔ یسوع اِس لحاظ سے خدا کا بیٹا ہے کہ وہ رُوح القدس کے وسیلہ سے کنواری مریم سے پیدا ہوا ہے ( لوقا 1باب 35آیت)۔ مگر اِس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ مجسم ہونے سے پہلے وہ موجود نہیں تھا ۔ یسوع ازل سے موجود ہے ( یوحنا 8باب 58 آیت اور 10باب 30آیت)۔ جب یسوع مجسم ہوا تو وہ خدا ہونے کے ساتھ ساتھ انسان بھی تھا( یوحنا 1باب 14،1آیات)۔

یسوع ایک ہی وقت میں خدا اور انسان دونوں ہے ۔ یسوع ازل سے خدا ہے مگرمریم کے پیٹ میں پڑنے سے پہلے وہ انسان نہیں تھا۔ یسوع انسان اس لیے بنا کہ وہ ہمارے مشابہ ہو سکے ( عبرانیوں 2باب 17آیت) اور سب سے بڑھ کر اِس لیے کہ وہ ہمارے گناہوں کے کفارے لیے صلیب پر جان دے ( فلپیوں 2باب 5-11آیات)۔ مختصر یہ ہے کہ اقنومی اتحاد کا عقیدہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ یسوع کامل خدا اور کامل انسان دونوں ہے اُس کی دونوں فطرتوں کی آپس میں آمیزش یا ملاوٹ نہیں ہوتی ۔ اُس کی ذات میں دونوں فطرتیں علیحدہ علیحدہ پہچان کے ساتھ متحدہ ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اقنومی اتحاد (ایک شخص میں دو فطرتوں کا اتحاد) کیا ہے؟یسوع ایک ہی وقت میں خُدا اور انسان کیسے ہو سکتا ہے؟
© Copyright Got Questions Ministries