settings icon
share icon
سوال

اِس کا کیا مطلب ہے کہ لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے؟

جواب


"لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے " یہ جزو جملہ امثال 27باب 17آیت میں پایا جاتا ہے :"جس طرح لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے اُسی طرح آدمی کے دوست کے چہرہ کی آب اُسی سے ہے۔" لوہے کی دو تیز دھار چیزوں کو ایک ساتھ رگڑنے سے باہمی فائدہ ہوتا ہے ؛ اُن کی دھار اور تیز ہو جاتی ہے جس سے چاقو کاٹنے اور ٹکڑے کرنے کے اپنے کام کے لیے زیادہ موثر بن جاتے ہیں ۔ اسی طرح سے خدا کا کلام ایک " دو دھاری تلوار" ہے ( عبرانیوں 4 باب 12آیت) اور اس کے وسیلہ سے ہمیں ہر ملاقات ، رفاقت کے اوقات یا دیگر طرح کے باہمی معاملات میں ایک دوسرے کو تیز کرنا چاہیے ۔

امثال کی کتاب ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رفاقت رکھنے کی ضرورت کی نشاندہی بھی کرتی ہے ۔کیا خداوند خدا نے گناہ میں مبتلا ہونے سے پہلے ہی نہیں فرمایا تھا کہ آدم کا اکیلا رہنا ٹھیک نہیں ( پیدایش 2 باب 18آیت)؟ پس انسان کے گناہ میں مبتلا ہونے کے بعد ہمیں مسیح میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ رفاقت اور دعا کے اوقات کےلیے جمع ہونے کی اور بھی کس قدر زیادہ ضرورت ہے ؟ اس بات کو بلاشبہ ابتدائی کلیسیا کے مقدسین کی طرف سے محسوس کیا گیا تھا جنہوں نے خود کو تعلیم دینے ، باہمی رفاقت رکھنے ، روٹی توڑنے اور دُعا کرنے میں " مشغول " کر رکھا تھا ۔ یہ وہ تمام اجتماعی سرگرمیوں تھی جنہوں نے ایمانداروں کے لیے ایک دوسرے کو تیز کرنے کے مواقع فراہم کئے تھے ۔

مذکورہ بالا مثال کے بارے میں دو نکات پر زور دیا جاتا ہے ۔ پہلا یہ کہ خداوند کے نام پر دو انسانوں کا ملنا ہمیشہ برکت کی ضمانت ہو گا ۔ یہ اُس فضل کا ذریعہ ہے جس کا خداوند نے خود وعدہ کیا ہے کہ جہاں دو یا دو سے زیادہ اُس کے نام پر جمع ہوتے ہیں وہ وہاں اُن کے درمیان موجود ہوتا ہے ( متی 18باب 20 آیت)۔ نیز ہمیں ملاکی کی کتاب میں بھی ایسا ہی مفہوم ملتا ہے "تب خُدا ترسوں نے آپس میں گفتگو کی اور خُداوند نے مُتوجّہ ہو کر سنا اور اُن کے لئے جو خُداوند سے ڈرتے اور اُس کے نام کو یاد کرتے تھے اُس کے حضور یادگار کا دفتر لکھا گیا" ( ملاکی 3باب 16آیت)۔ جب ہم حقیقی مسیحی رفاقت میں ایک دوسرے کو تیز کرتے ہیں تو خداوند آسمان پر سے کان جھکاتا اور خوش ہوتا ہے ۔ اُس کے جلال کےلیے ادا کیا گیا ایک لفظ بھی اُس کے حضور سے نظر انداز نہیں ہوتا ۔

ساؤل کے بیٹے یونتن اور داؤد کے باہمی تعلق سے الٰہی اتحاد کی مہک بہتر طور پر محسوس ہوتی ہے ۔ جب ساؤل کی طرف سے داؤد کامستعدی سے تعاقب کیا جار ہا تھاتو یونتن نے "خُدا میں اُس کا ہاتھ مضبُوط "کرنے کےلیے داؤد کی تلاش کی (1سموئیل 23باب 16آیت) اور یہ بات ہماری رہنمائی دوسرے نقطہ کی جانب کرتی ہے ۔ لو ہا لوہے کو تیز کرتا ہے یہ مثل مسیح کی شریعت کو پورا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ پولس رسول کہتا ہے کہ ہمیں اُن مسائل اور بوجھ کوملکر اُٹھانا اور بانٹنا ہے جن کا ہمیں ہر زور سامنا کرنا پڑتا ہے، ہمیں شخصی گناہ پر پچھتانا، ایک دوسرے کو نصیحت کرنا کہ توبہ کیسے کی جا سکتی ہے اور گناہ پر فتح کی صورت میں ملکر خوشی بھی منانی ہے۔ یہ وہی " شاندار اُصول " ہے جس کا ذکر یعقوب 2باب 8آیت میں کیا گیا ہے جہاں ہمیں ایک دوسرے سے محبت کرنے کی نصیحت کی جاتی ہے ۔

تمثیل کی طرف واپس آتے ہیں کہ اگر چاقو کُند ہو گیا ہو تو اب بھی وہ ایک چاقو ہی ہے گوکہ یہ غیر مؤثر اور کام کے لیے کم مفید ہے ۔ لہذا آئیے ہم زیادہ وقت اکٹھے گزارنے ، نصیحت ، حوصلہ افزائی ، دُعا اور تنبیہ کرنے ، خدا کا کلام بانٹنے ، خدا کے کلام کے بارے میں دُعا کرنے اور اپنی مقامی کلیسیا کی ضروریات کو پورا کرنے میں ترقی کریں تاکہ ہم تیز ہو ں اور اُس خدمت میں پہلے سے زیادہ سر گرم ہوجائیں جو خداوند نے ہم میں سےہر ایک کے ذمہ لگائی ہے ۔ جدید کلیسیا میں رفاقت کے نام پر جو کچھ چل رہا ہے وہ سب اکثر و بیشتر خدا کے کلام سے ایک دوسرے کو تیز کرنے کی بجائے کھانے اور تفریح پر مرکوز ہوتا ہے ۔پیشتر اوقات صرف اُنہی چھُریوں اور چاقوؤں کو تیز کیا جاتا ہے جو کھانے میں استعمال ہوتے ہیں ۔

آخری بات یہ ہے کہ تیز کیا گیا چاقو پہلے سے زیادہ چمکدار ہو گا کیونکہ اُس کی سطح سے تمام ماندگی رگڑ دی جاتی ہے ۔ اِسی طرح اگر ہم اوپر بیان کردہ اُن باتوں کو جوہمیں ہم آہنگی میں متحد کریں گی مستقل طور پر عمل میں لاتے ہیں تو ہم اپنے خداوند کےلیے بہتر طور پر چمکیں گے "دیکھو! کیسی اچھّی اور خُوشی کی بات ہے کہ بھائی باہم مل کر رہیں" ( 133زبور1آیت)۔ پس عبرانیوں کا مصنف بھی ایسے ہی بیان کرتا ہے "اور مُحبّت اور نیک کاموں کی ترغیب دینے کے لئے ایک دُوسرے کا لحاظ رکھیں۔ اور ایک دُوسرے کے ساتھ جمع ہونے سے باز نہ آئیں جیسا بعض لوگوں کا دستور ہے بلکہ ایک دُوسرے کو نصیحت کریں اور جس قدر اُس دن کو نزدیک ہوتے ہُوئے دیکھتے ہو اُسی قدر زیادہ کیا کرو" ( عبرانیوں 10باب 24-25آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اِس کا کیا مطلب ہے کہ لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries