سوال
خُدا کی بادشاہی اور آسمان کی بادشاہی میں کیا فرق ہے۔ ؟
جواب
اگرچہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ خدا کی بادشاہی اور آسمان کی بادشاہی سے مُراد دو مختلف چیزیں یا مقامات ہیں، تاہم یہ بات واضح ہے کہ یہ دونوں اصطلاحات ایک ہی چیز کی نشاندہی کر رہی ہیں ۔ نئے عہد نامے کی 10 مختلف کتب میں " خدا کی بادشاہی کی" اصطلاح 68باراستعمال ہوئی ہے جبکہ "آسمان کی بادشاہی" کی اصطلاح صرف متی کی انجیل میں ہی 32بار استعمال ہوئی ہے ۔ متی رسول کی طرف سے اس جزو ِ جملہ یا اصطلاح کے خصوصی استعمال اور اس کی انجیل کی یہودی نوعیت کی بنیاد پر کچھ مفسرین نے یہ نتیجہ اخذکیا ہے کہ متی رسول ہزار سالہ بادشاہی کے بارے میں لکھ رہا تھا جبکہ نئے عہد نامے کے دوسرے مصنفین عالمگیر بادشاہت کی نشاندہی کررہے تھے ۔ تاہم اس جزو ِ جملہ کے استعمال کے گہرے مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ تشریح غلطی پر مبنی ہے ۔
مثال کے طور پر دولت مند نوجوان سے بات کرتے ہوئے یسوع " آسمان کی بادشاہی " اور " خدا کی بادشاہی " کی اصطلاحات ادل بدل کر استعمال کرتا ہے ۔ "اور یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا مَیں تم سے سچ کہتا ہُوں کہ دَولت مند کا آسمان کی بادشاہی میں داخل ہونا مشکل ہے۔ ( متی 19باب 23 آیت)۔ اس سے بالکل اگلی آیت میں یسوع دعویٰ کرتا ہے کہ مَیں " پِھرتم سے کہتا ہُوں کہ اُونٹ کا سُوئی کے ناکے میں سے نکل جانا اِس سے آسان ہے کہ دَولت مند خُدا کی بادشاہی میں داخل ہو۔" ( 24آیت)۔ یسوع ان دونوں اصطلاحات میں کچھ فرق نہیں کرتا بلکہ ایسا لگتا ہے کہ وہ ان دونوں کو مترادف سمجھتا ہے ۔
اس کہانی کے بیان میں متی رسول نے جس جگہ " آسمان کی بادشاہی " کا بار بار استعمال کیا ہے مرقس اور لوقا رسول نے اُس جگہ " خدا کی بادشاہی" کا استعمال کیا ہے ۔ متی 11باب 11-12آیات کا لوقا 7باب 28آیت کے ساتھ ؛ متی 13باب 11آیت کا مرقس 4باب 11آیت اور لوقا 8باب 10آیت کے ساتھ ؛ متی 13باب 24آیت کا مرقس 4باب 26آیت کے ساتھ ؛ متی 13باب 31آیت کا مرقس 4باب 30آیت اور لوقا 13باب 18آیت کے ساتھ؛ متی 13باب 33 آیت کا لوقا 13باب 20آیت کے ساتھ ؛ متی 18باب 3آیت کا مرقس 10باب 14 اور لوقا 18باب 16 آیت کے ساتھ ؛ اور متی 22 باب 2آیت کا لوقا 13باب 29آیت کے ساتھ موازنہ کریں ۔ ہر واقعے میں متی رسول نے " آسمان کی بادشاہی " کے جبکہ مرقس اورلوقا نے " خدا کی بادشاہی " کی اصطلاح کا استعمال کیا ہے ۔ واضح طور پر یہ دونوں اصطلاحات ایک ہی چیز کا حوالہ دیتی ہیں ۔
English
خُدا کی بادشاہی اور آسمان کی بادشاہی میں کیا فرق ہے۔ ؟