settings icon
share icon
سوال

لویاتان/ اژدھا تیر رَو سانپ کیا ہے؟

جواب


لویاتان /اژدھا کوئی کسی قسم کی بہت بڑی آبی مخلوق ہے ۔ بائبل اِسے ایک بہت ڈراؤنی بلا کے طور پر پیش کرتی ہے جو بہت دہشت ناک ہے اور خوفناک حیوانی طاقت کی مالک ہے۔ اِس کو بیان کرنے کے لیے انگریزی لفظ “Leviathan” استعمال کیا گیا ہے اور اِس کے لیے جو عبرانی لفظ اِستعمال ہوا ہے اُس کے معنی ہیں "کُنڈی مارے ہوئے/مرغولہ دار" یا "پیچ دار، مُڑا ہوا، بل کھاتا ہوا"۔ یسعیاہ 27 باب 1 آیت اِس مخلوق کو "اژدہا یعنی تیزرَو سانپ ؛ اژدہا یعنی پیچیدہ سانپ؛ دریائی اژدہا۔"کے طور پر پیش کرتی ہے ۔یہ آبی درندہ جو کچھ بھی ہے یا تھااِس کی جنگلی فطرت اور اِس کی طاقت بہت زیادہ مشہور تھی۔

پرانے عہد نامے میں لویاتان /اژدھے کے بارے میں چند ایک حوالہ جات ہی ملتے ہیں۔ زیادہ تر حوالہ جات اِس اژدھے کو ایک حقیقی مخلوق کے طور پر پیش کرتے ہیں، جس سےلوگ اچھی طرح واقف تھے(غالباً ایک خاص فاصلے سے ہی وہ اُسے دیکھ چکے تھے) اوراُس کی شکل و صورت سے بڑھکر اُس کی شہرت کو جانتے تھے۔ 104 زبور 25-26آیات میں خُدا کی اِس لیے تعریف کی جاتی ہے کہ اُس نے اِس اژدھے کے رہنے کے لیے بھی مقام بنایا ہے۔ "دیکھو یہ بڑا اور چَوڑا سمُندر جس میں بے شمار رینگنے والے جاندار ہیں۔ یعنی چھوٹے اور بڑے جانور۔جہاز اِسی میں چلتے ہیں۔اِسی میں لویاتان ہے جسے تُو نے اِس میں کھیلنے کو پیدا کِیا۔"صرف ایک قادرِ مطلق خُدا کے پاس ہی یہ طاقت ہے کہ وہ لویاتان جیسے عظیم جانور کو پیدا کرتا اور اُس کے کھیلنے کے لیے سمندر جیسی جگہ کو تخلیق کرتا۔

یسعیاہ 17باب1آیت کے اندر لویاتان کو ایک ایسے بُرے بادشاہ کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو خُدا کے لوگوں کا مقابلہ کرتا ہے۔ بدکار قوموں کی طاقت چاہے کس قدر دہشناک ہی کیوں نہ ہو، لیکن خُدا اپنے بچّوں کو یقین دلاتا ہے کہ بدی چاہے جتنی ہی بڑی قوت کیوں نہ رکھتی ہو خُدا اُسے شکست دے گا: "اُس وقت خُداوند اپنی سخت اور بڑی اور مضبُوط تلوارسے اژدہا یعنی تیزرَو سانپ کو اور اژدہا یعنی پیچیدہ سانپ کو سزا دے گا اور دریائی اژدہا کو قتل کرے گا۔"74 زبور 14آیت میں بھی لویاتان پر خُدا کی فتح کے بارے میں ہمیں ایسا ہی حوالہ ملتا ہےاُس زبور میں لویاتان غالباً مصر کے فرعون کے لیے علامتی طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

ایوب 41 باب لویاتان کے بارے میں بطورِ سمندری بلا سب سے زیادہ تفصیل پیش کرتا ہے۔ اِس میں خُدا نے لویاتان کو ایک ایسے جاندار کے طور پر بیان کیا ہے جو بہت بڑے حجم، طاقت اور فاسق فطرت کا مالک ہے۔ لویاتان کو نہ تو باندھا جا سکتا ہے اور نہ کسی اور طور پر قابو کیا جا سکتا ہے (ایوب 41 باب 1 ، 5آیات)؛ اُس پر نگاہ کرنا بھی بہت زیادہ خوف میں مبتلا کر دے گا(9آیت)؛ اُس سے دور رہنے میں ہی بھلا ہے کوئی شخص اُس کو چھیڑنے یا اُس کے سامنے کھڑے رہنے کی جرات نہیں کر سکتا (8، 10آیات)۔ لویاتان بڑے ڈیل ڈول والا جانور تھا (آیت 12) لیکن اُس کی جلد کسی بہت ہی مضبوط چیز سے ڈھکی ہوئی تھی (13، 15-17آیات)۔ اُس کا سینہ بھی اُس کی پشت کی طرح اتنا مضبوط تھا کہ کوئی چیز اُس میں گھس نہیں سکتی تھی (15، 24 آیات)۔ اُس کے دانت انتہائی خوفناک تھے (14آیت)، اور جو کوئی اُس کے منہ کے قریب پہنچ جاتا موت اُس کی منتظر ہوتی تھی (18-21 آیات)۔ حتیٰ کہ سورمے اور زبردست بھی اُس کے سامنے خوفزدہ ہوتے اور اُسے دیکھ کر حواس باختہ ہو جاتے تھے (25آیت)۔ کوئی تلوار، بھالا تیر، برچھی، فلاخن، لاٹھی یا پتھر اُسے شکست نہیں دے سکتا تھا(26، 28-29آیات)۔ اُسے قید نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ لوہے کی سلاخوں کو تنکوں کی طرح توڑ ڈالنے کے قابل تھا (27آیت)۔ زمین پر چلتے ہوئے وہ اپنے پیچھے ایک چمکیلی لکیر چھوڑتا ہے اور پانی میں اُس کے پیچھے ایک گہراؤ نظر آتا ہے (30-32آیات)۔ خُدا کی طرف سے لویاتان کو جس طرح سے بیان کیا گیا ہے اُس کا اختتام اِس بات پر ہوتا ہے کہ وہ تمام درندوں کا بادشاہ ہے: "زمین پر اُس کا نظیر نہیں جو اَیسا بے خَوف پَیدا ہوا ہو" (33 آیت)۔

پس ایوب 41 باب کس جانور کو بیان کر رہا ہے؟کچھ مفسرین مانتے ہیں کہ لویاتان ایک مگر مچھ ہے۔ دیگر کچھ کا ماننا ہے کہ یہ وہیل مچھلی یا شارک ہے۔ بائبل میں بیان کردہ ساری تفصیلات کی روشنی میں لویاتان کوئی بہت ہی بڑا سمندری رینگنے والا جاندار ہے غالبا ڈائنوسار کی پلیسیو سارس جیسی کوئی قسم ۔ ایک ڈائنوسار کے ساتھ ایوب کی شناسائی اِس حقیقت کو جانتے ہوئے حیرت کی بات نہیں کہ ایوب کی کتاب ادبی تاریخ کے لحاظ سے بہت زیادہ پُرانی ہے۔

ایوب 41 باب میں جو بات خُدا بتا رہا ہے وہ یہ ہے کہ لویاتان جیسا درندہ بھی خُدا کے مکمل اختیار کے ماتحت ہے۔ ایوب خُدا سے مسلسل طور پر سوالات کر رہا تھا (ایوب 26-31آیات)، لیکن خُدا نے لویاتان کی طاقت کے ساتھ ایوب کی کمزوری کا موازنہ کرتے ہوئے گفتگو کی بازی پلٹ دی۔ اگر خُدا نے لویاتان جیسے جاندار کو تخلیق کیا ہے جس کے سامنے ایوب کسی صورت کھڑا نہیں رہ سکتا تو پھر اُسے سوچنا چاہیے کہ خُدا کس قدر عظیم ہے؟اِس لیے ایوب خُدا کے سامنے اِس طرح سے بات کرنے کی کوشش کیوں کر رہا ہے؟

لویاتان ایک بہت ہی خوفناک مخلوق تھی جسے دیکھ کر بہت بڑے بڑے زبردست سورما بھی پلٹ کر دوڑ جاتے تھے۔ لویاتا ن کوئی افسانوی مخلوق نہیں بلکہ ایک حقیقی سمندری مخلوق ہے جو اپنے خالق خُدا کے ماتحت ہے۔ جیسے کہ خُدا اپنے کلام میں لویاتان کے بارے میں بیان کرتا ہے کہ، "کوئی اَیسا تُندخُو نہیں جو اُسے چھیڑنے کی جُرأت کرے۔ پھر وہ کَون ہے جو میرے سامنے کھڑا ہوسکے؟کس نے مجھے پہلے کچھ دِیا ہے کہ مَیں اُسے ادا کرو ں؟ جو کچھ سارے آسمان کے نیچے ہے وہ میرا ہے" (ایوب 41باب 10-11آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

لویاتان/ اژدھا تیر رَو سانپ کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries