سوال
کیا گناہوں کی کوئی بائبلی فہرست موجود ہے ؟
جواب
ہم اکثر سوچتے ہیں کہ اگر پیرو ی کے لیے ہمارے پاس ضابطوں کی ایک مکمل فہرست موجود ہو تو زندگی بڑی آسان ہو سکتی ہے۔ ہمارے پاس خریداری کی فہرستیں، کاموں کی فہرستیں، خواہشات کی فہرستیں اور اِس طرح کی دیگر بہت سی فہرستیں ہوتی ہیں ۔ یقیناً اگر خُدا چاہتا ہے کہ ہم اُس کے لیے زندگی بسر کرنے میں کامیاب ہوں تو بائبل میں اُن گناہوں کی فہرست موجود ہونی چاہیےجن سے ہمیں بچنا ہے ۔ جب ہم بائبل میں تلاش کرتے ہیں تو ہمیں بلاشبہ گناہوں کی فہرستیں ملتی ہیں لیکن ہمیں یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ فہرستیں کبھی نہ ختم ہونے والی ہیں ۔
ابتدا ہی سے خدا نے انسان کو بتایا کہ کیا صحیح اور کیا غلط ہے۔ باغ عدن میں خدا نے آدم سےکہا کہ " تُو باغ کے ہر درخت کا پھل بے روک ٹوک کھا سکتا ہے۔ لیکن نیک و بَد کی پہچان کے درخت کا کبھی نہ کھانا کیونکہ جس روز تُو نے اُس میں سے کھایا تُو مَرا"(پیدایش 2باب 16-17آیات)۔ جب بنی اسرائیل مصر سے نکل آئے تو خدا نے اُن کے ساتھ کوہ سینا پر اپنی شریعت کو قائم کیا۔ دس احکام (خروج 20باب 1-17آیات ) مکمل شریعت نہیں تھے بلکہ اُن تمام باتوں کا خلاصہ تھے جو خدا نے انہیں بتائی تھیں ۔ احبار اور استثناکی پوری کتابیں بنی اسرائیل پر خدا کی شریعت کو عیاں کرنے کے لیے وقف ہیں۔ یہودی ربی کہتے ہیں کہ توریت (موسیٰ کی کتابوں) میں 613 قوانین ہیں۔ اِن میں سے 365 "تُو ۔۔۔نہ کرنا" کے زُمرے میں آتے ہیں۔
ان گناہوں کی چند مثالیں کون کون سی ہیں؟ دس احکام میں سے ہمارے پاس جھوٹی عبادت، بت پرستی، خدا کے نام کا غلط استعمال، سبت کے دن کی خلاف ورزی، والدین کی بے عزتی، قتل، زنا، چوری، جھوٹ/بہتان اور لالچ کی مثا لیں ہیں ۔ خداوند یسوع نے پہاڑی واعظ میں (متی 5-7ابواب ) اِنہی گناہوں میں سے کچھ کو لیا اور اُنہیں نئے درجے تک پہنچایا ہے ۔ قتل کے تعلق سے خداوند یسوع نے فرمایا ہے کہ " جو کوئی اپنے بھائی پر غصّے ہو گا وہ عدالت کی سزا کے لائِق ہو گا اور جو کوئی اپنے بھائی کو پاگل کہے گا وہ صدرعدالت کی سزا کے لائِق ہو گا اور جو اُس کو احمق کہے گا وہ آتشِ جہنّم کا سزاوار ہو گا"(متی 5باب 22آیت)۔ زناکے بارے میں خداوند یسوع نے فرمایا ہے کہ" جس کسی نے بُری خواہش سے کسی عورت پر نِگاہ کی وہ اپنے دِل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا" ( متی 5باب 28آیت )۔ گلتیوں 5باب 19-21آیات میں ہمیں بتایا گیا ہے"اب جسم کے کام تو ظاہر ہیں یعنی حرام کاری۔ ناپاکی۔ شہوَت پرستی۔ بُغض۔ نشہ بازی۔ ناچ رنگ اور اَور اِن کی مانِند۔ اِن کی بابت تمہیں پہلے سے کہے دیتا ہُوں جیسا کہ پیشتر جتا چُکا ہُوں کہ اَیسے کام کرنے والے خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے"۔ پس یہ مختصر فہرستیں متعدد لوگوں کو ایسی بہت سی باتیں فراہم کرتی ہیں جن پر اُنہیں زندگی بھر کام کرنا ہوگا ۔ کلام پاک میں ہمیں جو مختلف فہرستیں مل سکتی ہیں اُن کے علاوہ 1 یوحنا 5باب 17آیت میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ " ہر طرح کی ناراستی گُناہ ۔۔۔ہے۔" بائبل نہ صرف ہمیں اُن کاموں کے بارے میں بتاتی ہے جنہیں نہیں کرنا بلکہ یعقوب 4باب 17آیت میں ہمیں آگاہ کیا گیا ہے کہ "جو کوئی بھلائی کرنا جانتا ہے اور نہیں کرتا اُس کے لئے یہ گُناہ ہے۔"
جب ہم گناہوں کی فہرست مرتب کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم خود کو ناکامیوں کے احساس میں دفن پاتے ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے اپنے خیال سے کہیں زیادہ گناہ کیے ہیں۔ کلام ِ مقدس ہمیں بتاتا ہے کہ"جتنے شرِیعت کے اَعمال پر تکیہ کرتے ہیں وہ سب لعنت کے ماتحت ہیں" (گلتیوں 3باب 10آیت )۔ جبکہ یہ بیان خود غارتی معلوم ہوسکتا ہےلیکن ممکنہ طور پر حقیقت میں یہی بہترین خبر ہے۔ چونکہ ہم خدا کی شریعت کی کبھی بھی پوری طرح پیروی نہیں کرسکتے اس لیے ایک اور جواب ہونا چاہیے اور یہ جواب ہمیں چند آیات کے بعد ملتا ہے: " مسیح جو ہمارے لئے لعنتی بنا اُس نے ہمیں مول لے کر شرِیعت کی لعنت سے چھڑایا کیونکہ لکھا ہے کہ جو کوئی لکڑی پر لٹکایا گیا وہ لعنتی ہے۔ تاکہ مسیح یسُوع میں ابرہامؔ کی برکت غَیر قَوموں تک بھی پہنچے اور ہم اِیمان کے وسیلہ سے اُس رُوح کو حاصل کریں جس کا وعدہ ہُوا ہے"(گلتیوں 3باب 13-14آیات )۔ خُدا کی شریعت یا گناہوں کی وہ فہرستیں جو ہمیں بائبل میں ملتی ہیں " ہمارا اُستاد بنی تاکہ ہم اِیمان کے سبب سے راست باز ٹھہریں"(گلتیوں 3باب 24آیت)۔
English
کیا گناہوں کی کوئی بائبلی فہرست موجود ہے ؟