settings icon
share icon
سوال

کیا ایک جوڑے کا شادی سے پہلے ساتھ/اکٹھے رہنا غلط ہے؟

جواب


اِس سوال کے جواب کا انحصار کسی حد تک اِس بات پر ہے کہ " اکٹھے رہنے" سے کیا مراد ہے ۔ اگر " اکٹھے رہنے " کا مطلب ہے جنسی تعلقات رکھنا ہے تو یقینا ً یہ ایک غلط عمل ہے ۔ کلامِ مقدس میں شادی سے پہلے جنسی تعلقات رکھنے کے علاوہ جنسی بے راہروی کی تمام اشکال کی ہمیشہ اور مسلسل پُر زور مذمت کی گئی ہے ( اعمال 15باب 20آیت؛ رومیوں 1باب 29آیت؛ 1کرنتھیوں 5باب 1آیت؛ 6باب 18،13آیات؛ 7باب 2آیت؛ 10باب 8آیت؛ 2 کرنتھیوں 12باب 21آیت؛ گلتیوں 5باب 19آیت؛ افسیوں 5باب 3آیت؛ کلسیوں 3باب 5آیت؛ 1تھسلنیکیوں 4باب 3آیت؛ یہوداہ 7آیت)۔ بائبل شادی سے باہر ( اور شادی سے پہلے) جنسی تعلقات سے مکمل اجتناب کرنے کی تعلیم دیتی ہے ۔ شادی سے پہلے جنسی تعلقات اور جنسی بے راہروی کی دیگر اشکال بالکل ایسے ہی غلط ہیں جیسے زناکاری ،کیونکہ ان تمام افعال میں آپ کسی ایسے انسان سے جنسی تعلقات قائم کرتے ہیں جس سے آپ کی شادی نہیں ہوئی ۔

دوسری جانب ، اگر " اکٹھے رہنے " کا مطلب ایک ہی گھر میں رہنا ہے تو اِس لحاظ سے یہ ایک الگ معاملہ ہے ۔ بنیاد ی طور پر ایک مر د اور عورت کے ایک ہی گھر میں رہنے میں کوئی بُرائی نہیں – ہاں ،اگر کسی طرح کی بے راہروی واقع نہیں ہوتی۔ تاہم مسئلہ یہ ہے کہ ایسی صورت میں حرامکاری (1تھسلنیکیوں 5باب 22آیت؛ افسیوں 5باب 3آیت) کا امکان موجود رہتا ہے اور یہ عمل یعنی مرد اور عورت کا اکٹھا رہنا حرام کاری کی شدید ترغیب کا باعث بھی بن سکتا ہے ۔ خود کو جنسی بے راہروی کی مسلسل ترغیب کےلیے پیش کرنے کی بجائے بائبل ہمیں حرام کاری سے بھاگنے کےلیے کہتی ہے ( 1کرنتھیوں 6باب 18آیت)۔پھر ایک جوڑے کے اِس طرح سےساتھ رہنے سے عام لوگوں کو جو تاثر ملتا ہے اُس کا مسئلہ بھی ہے ۔ ایک غیر شادی شُدہ جوڑا جو اکٹھا رہتا ہے اُن کے بارے میں یہی خیال کیا جا سکتا ہے کہ وہ اکٹھا سوتا بھی ہے یعنی اُن کے درمیان جنسی تعلق پایا جاتا ہے-کیونکہ دُنیا میں فطری طور پر چیزیں ایسی ہی ہوتی ہیں۔ اگرچہ ایک ہی گھر میں رہنا بذات خود گناہ نہیں مگر اِس میں گناہ کا امکان موجود ہے ۔ بائبل ہمیں ہر طرح کی بدی کے امکان سے بچنے ( 1تھسلنیکیوں 5باب 22آیت؛ افسیوں 5باب 3آیت) حرام کار ی سے بھاگنے اور کسی کےلیے ٹھوکر یا رسوائی کا باعث نہ بننے کی تعلیم دیتی ہے ۔لہذا نتیجہ یہ ہے کہ شادی کے بغیر ایک مرد اور عورت کا اکٹھا رہنا خداوند کے جلال کا باعث نہیں بنتا ہےلہذا یہ درست نہیں ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا ایک جوڑے کا شادی سے پہلے ساتھ/اکٹھے رہنا غلط ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries