settings icon
share icon
سوال

کیا کوئی ایسا کام ہے جو مَیں اپنی درازیِ عمر کی ضمانت کے لیے کر سکتا ہوں ؟

جواب


"اپنے باپ کی اور ماں کی عزت کر (یہ پہلا حکم ہے جس کے ساتھ وعدہ بھی ہے)۔ تاکہ تیرا بھلا ہو اور تیری عُمر زمین پر دراز ہو"(افسیوں 6 باب 2-3آیات)۔ اس حوالے میں پو لس رسول دس احکام خصوصاًخروج 20باب 12آیت کا حوالہ دے رہا ہے: "تُو اپنے باپ اور اپنی ماں کی عِزت کرنا تاکہ تیری عمر اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دیتا ہے دراز ہو۔" یہ آیت اُس واحد مثال کی نمائندگی کرتی ہے جس میں خدا ہمارے کسی کام کے اجر کو عمر کی درازی سے جوڑتا ہے ۔ کیا اپنے والدین کی عزت کے لیے دراز عمری کا یہ وعدہ سچا ہے؟ اوراگر ایسا ہے تو والدین کی عزت کرنا خدا کے نزدیک اس قدر اہمیت کی حامل بات کیوں ہے کہ وہ اِس کے بدلے میں عمر کی درازی بخشتا ہے؟

پہلی بات ، ہاں یہ وعدہ سچا ہے لیکن عالمگیر طور پر نہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے اپنے والدین کی عزت کی لیکن جوانی میں ہی انتقال کر گئے۔ اور ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے اپنے والدین کی عزت نہیں کی مگر اُنہوں نے لمبی زندگی پائی ۔ پس یہ ایک ایسا اصول ہے جو عمومی طور پر درست ہے۔اگر آپ اپنے والدین کی عزت کرتے ہیں تو عام طور پر خداآپ کو دراز عمر ی سے نوازے گا۔ تاہم یہ وعدہ ہمارے اُن فیصلوں کو مستر د نہیں کرتا جو اِس بات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ ہم کتنے عرصے تک زندہ رہتے ہیں۔ مثال کے طور پراگر کوئی شخص اپنے والدین کی عزت کرتا ہے لیکن پھر خودکشی کا فیصلہ کر لیتا ہےتو خودکشی کا عمل لمبی زندگی کے اجر کی "نفی" کرتا ہے۔ یہی بات اُن لوگوں کے بارے میں بھی کہی جا سکتی ہے جو بے احتیاط اور خطرناک سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ والدین کی عزت کرنے پر خدا کی طرف سے دراز عمر ی کا اجر معجزانہ طور پر آپ کو سنگین چوٹ یا موت سے محفوظ نہیں رکھتا۔

ایک بار پھر، والدین کی عزت کرنے پر لمبی زندگی کا اجر ایک عالمگیر سچائی کی بجائے ایک عمومی اصول ہے ۔ کوئی بچّہ اپنے والدین کے ساتھ جس طور سے پیش آتا ہے خدا اُس بات کو اتنا اہم سمجھتا ہے کہ وہ بالعموم اُن لوگوں کو لمبی زندگی کے اجر سے نوازتا ہے جو اپنے والدین کی عزت کرتے ہیں ۔ سلیمان نے بچّوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے والدین کا احترام کریں (امثال 1باب 8آیت؛ 13باب 1آیت؛ 30باب 17آیت)۔ یرمیاہ 35باب 18-19آیات بیان کرتی ہیں خدا نے ریکابیوں کو اپنے باپ کی فرمانبرداری کرنے پر کیسی برکت بخشی۔ والدین کی نافرمانی ان لوگوں کی خاصیت ہے جو خدا کے خلاف سرکشی کرتے ہیں (رومیوں 1باب 30آیت :2 تیمتھیس 3باب 2آیت)۔ یہ بات دوسرے نکتے کی طرف ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ اپنے والدین کی عزت کرنا خدا کے نزدیک اتنا اہم اور مقدم کیوں ہے کہ وہ اُس کے بدلے عمر کی درازی عطا کرتا ہے؟

خدا والدین کی عزت کو اہمیت کیوں دیتا ہے اِس کے لیے کم از کم دو وجوہات ہیں ۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ خُدا والدین کو ذمہ داری سونپتا ہے کہ وہ اپنے بچّوں کی دیندار طریقے سے پرورش کریں۔ والدین کا کام آسان نہیں ہے۔ یہ تکلیف دہ، پریشان کُن، گراں قدراور اکثر نا قابل ِ تعریف کام ہے ۔ کسی بچّے /بچّی کا اُن قربانیوں کوتسلیم نہ کرنا اور اُن کے لیے شکر گزار نہ ہوناجو والدین اپنےبچّوں کے لیے دیتے ہیں اُس اختیار اور قدر کی توہین ہے جو خدا نے والدین کو بخشا ہے ۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جس طرح ہمارے لیے حکومت کو تسلیم کرنا ہے (رومیوں 13باب1-7آیات)۔ اگر خدا نے ہمیں اختیار کے تابع کیا ہے تو اُس اختیار کے خلاف بغاوت کرنا خود خدا کے خلاف بغاوت کرنا ہے۔

خدا کیوں چاہتا ہے کہ ہم اپنے والدین کی عزت کریں ؟ اِس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ ہمارے زمینی والدین کے ساتھ ہمارا رشتہ ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ ہمارے رشتے کی ایک تصور ہے۔ مثال کے طور پر عبرانیوں 12باب 5-11آیات کسی بچّے کو والدین کی طرف سے کی گئی تنبیہ کا موازنہ اُس تنبیہ سے کرتی ہیں جو ایماندار مسیح میں خدا کی طرف سے پاتے ہیں۔ جس طرح ہمارے والدین ہمیں جسمانی پیدایش دینے والے ہیں اُسی طرح خدا ہمارا خالق ہے۔ ہم خدا کے فرزند اور اپنے والدین کے فرزند ہیں۔ اپنے والدین کی بے عزتی کرنا اُس تصویر کو مسخ کرنا ہے جو ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ ہمارے رشتے کی ہونی چاہیے ۔

کیا آپ لمبی زندگی جینا چاہتے ہیں؟ اپنے والدین کی عزت کریں۔ کیوں؟ کیونکہ خدا نے آپ کو اُن کے اختیار اور رہنمائی کے ماتحت رکھا ہےاور اِس لیے بھی کہ آپ کے والدین کے ساتھ آپ کا رویہ خدا کے تئیں آپ کے رویے کی مثال ہے۔ اب جبکہ یہ اجر عالمگیر نہیں ہے - اور جبکہ یہ آپ کے باقی ہر فیصلے کی تردید نہیں کرتا – اس کے باوجو د یہ وعدہ عمومی طور پر سچاہے۔ اگر آپ لمبی زندگی جینا چاہتے ہیں تو اُن لوگوں کی عزت کریں جنہوں نے آپ کو جنم دیا ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا کوئی ایسا کام ہے جو مَیں اپنی درازیِ عمر کی ضمانت کے لیے کر سکتا ہوں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries