settings icon
share icon
سوال

جب میرا کوئی عزیز مر جائے تو مَیں کیسے تسلی اور اطمینان پاؤں ؟

جواب


اگر آپ کا کوئی عزیز مر چکا ہے تو آپ جانتے ہیں کہ یہ ایک تکلیف دہ تجربہ ہے۔ خُداوند یسوع ایسے عزیز کو کھونے کے درد سے واقف تھا جو اُس کے دل کے قریب تھا ۔ یوحنا کی کتاب ( 11باب 1-44آیات ) میں ہم سیکھتے ہیں کہ خُداوند یسوع نے لعزر نامی ایک عزیز کو کھو یا تھا ۔ یسوع اپنے دوست کی موت پر بہت زیادہ متاثر ہوا اور رو یاتھا۔ تاہم اس کہانی کا اختتام آنسوؤں پر نہیں ہوتا۔ خُداوند یسوع جانتا تھا کہ وہ لعزر کو مُردوں میں سے زندہ کرنے کے لیے درکار اختیار رکھتا ہے۔ اُس نے فرمایا کہ "قیامت اور زِندگی تو مَیں ہُوں۔ جو مجھ پر اِیمان لاتا ہے گو وہ مَر جائے تَو بھی زِندہ رہے گا"(یوحنا 11باب 25 آیت)۔خُداوند یسوع نے اپنے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے وسیلہ سے موت پر فتح پائی ہے ۔ یہ جاننابڑی تسلی کا باعث ہے کہ موت ایمانداروں کے لیے خاتمہ نہیں ہے ۔ جو لوگ خُداوند یسوع کو نجات دہندہ کے طور پر جانتے ہیں انہیں ہمیشہ کی زندگی ملے گی (یوحنا 10باب 28آیت)۔ خدا نے ہمارے لیے ایک نیا گھر تیار کیا ہے جہاں مزید موت، آنسو یا درد نہیں ہوگا (مکاشفہ 21باب 1-4آیات)۔

یہاں تک کہ اگر ہم پُر یقین ہیں کہ ہمارا عزیزبہتر جگہ پر ہے اِس کے باوجود ہم زمین پر اُن کی غیر موجودگی کا درد محسوس کرتے ہیں۔ اپنےکسی عزیز کی موت پر غم زدہ ہونا مناسب ہے۔خُداوند یسوع اس حقیقت کو جاننے ہوئے بھی لعزر کی موت پر رویا کہ وہ اُسے پھر زندہ کرے گا ۔ خدا ہمارے جذبات یا ہمارے سوالات سے نہیں ڈرتا۔ ہم اپنا بوجھ اُس پر ڈال سکتے اور اُس کی محبت پر بھروسہ کر سکتے ہیں کہ وہ ہمیں حوصلہ اور تسلی دے گا(1 پطرس 5باب 7آیت )۔ ہم اپنے کھوئے ہوئے عزیزوں کے بارے میں بہت سی اچھی چیزیں یاد رکھ سکتے ہیں اور اس حقیقت پر خوش ہو سکتے ہیں کہ ہم اُن کی زندگیوں میں شریک ہونے کے قابل تھے۔ ہم اُن اثرات کے حامل قصوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹ سکتے ہیں جو ہمارے کھوئے ہوئے عزیزوں نے ہماری زندگیوں پر چھوڑے ہیں ۔ ہم کچھ ایسے کام جن سے ہمارے جُدا ہو جانے والے عزیز مخصوص طور پر لطف اندوز ہوتے تھے کرنے یا دوسرے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ اپنے کھوئے ہوئے عزیزوں کی یاد تازہ کرنے میں وقت گزارنے میں تسلی پا سکتے ہیں ۔ ہم اپنی زندگیوں کو اس طور سے گزار کر بھی اُن کی یاد کا احترام کر سکتے ہیں جس سے خدا کے نام کو عزت اور جلال ملے ۔

یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اصل میں خدا ہی ہماری تسلی کا سرچشمہ ہے (2 کرنتھیوں 7باب 6آیت )۔ اگرچہ اپنے کھوئے ہوئے عزیزوں کو یاد رکھنا اور اپنی زندگیوں میں اُن کے اثر و رسوخ کا احترام کرنا اچھی بات ہے لیکن بائبل اس بارے میں واضح ہے کہ ہمیں کھوئے ہوئے عزیز وں سے دعا یا کسی بھی طرح سے اُن کی عبادت نہیں کرنی ہے ۔ اِس کی بجائے ہمیں اپنی دعائیں خُدا کے حضور لانی اور اُس سے تسلی اور بحالی کے لیے التجا کرنی ہے ۔ بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ خدا "رحمتوں کا باپ" ہے اور وہ ہماری تمام تکالیف میں ہمیں تسلی دے گا (2 کرنتھیوں 1باب 3-4آیات)۔ یقین رکھیں کہ خدا آپ سے محبت کرتا ہے اور یہ جانتا ہے کہ آپ کتنے دُکھی ہے۔ حق تعالیٰ کے پردہ میں چلے آئیں جہاں آپ حقیقی سکونت پائیں گے( 91زبور 1-2آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

جب میرا کوئی عزیز مر جائے تو مَیں کیسے تسلی اور اطمینان پاؤں ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries