سوال
حیوان کا عدد (666) کیا ہے؟
جواب
مکاشفہ 13باب 15-18آیات بائبل کا وہ مرکزی حوالہ ہے جو "حیوان کی چھاپ" کا ذکر کرتا ہے دیگر حوالہ جات مکاشفہ 14باب 11،9آیات ؛ 15باب 2آیت ؛ 16باب 2آیت ؛ 19باب 20آیت اور مکاشفہ 20باب 4آیت ہیں۔ یہ چھاپ مخالفِ مسیح اور جھوٹے نبی (مخالفِ مسیح کے ترجمان) کے پیروکاروں کے لئے ایک مُہر کی حیثیت رکھتی ہے۔ جھوٹانبی (دوسراحیوان) لوگوں کو حیوان کی چھا پ لینے پر مجبور کرے گا ۔ یہ چھا پ کسی انسان کے پاس موجود کاڑد کی طرح نہیں ہو گی بلکہ یہ چھاپ حقیقی طور پرہاتھ یا ماتھے پر لگائی جائے گی ۔
انسانی جسم میں مختلف طرح کی طبی چِپ کی نصب کاری اور آر-ایف – آئی- ڈی ٹیکنالوجی میں جدید پیش قدمی نے مکاشفہ 13باب میں بیان کردہ حیوان کی چھاپ میں دلچسپی کو بڑھا دیا ہے۔ ممکن ہے کہ آج ہم جو ٹیکنالوجی دیکھ رہے ہیں یہ اُس ٹیکنالوجی کے ابتدائی مرحلے کی نمائندگی کرتی ہو جسے آخر میں حیوان کی چھاپ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ طبی چِپ (medical chip ) کی انسانی جسم میں نصب کاری حیوان کی چھاپ نہیں ہے۔ حیوان کی چھاپ ایسی چیز ہے جو صرف اُن لوگوں پر لگائی جائے گی جو مخالفِ مسیح کی پرستش کریں گے۔ طبی یا مالیاتی مائیکرو چِپ کو اپنے دہنے ہاتھ یا ماتھے میں نصب کروانا حیوان کی چھاپ نہیں ہے۔ حیوان کی چھاپ اخیر ایام کی ایسی پہچان ہو گی جس کو مخالفِ مسیح خرید و فروخت کےلیے لازمی قرار دے دیگااور یہ چھاپ صرف اُن لوگوں پر لگائی جائے گی جو مخالفِ مسیح کی پرستش کریں گے۔
مکاشفہ کی کتاب کے بہت سے قابلِ مفسرین میں حیوان کی چھاپ کی درُست نوعیت کے بارے وسیع اختلافِ رائے پایا جاتا ہے ۔ چِپ کی نصب کاری کے نظریے کے علاوہ دیگر مفروضات میں شناختی کارڈ، مائیکروچِپ، بار کوڈ جس کو جسم کے کسی حصہ پر گدوایا گیا ہو یا ایک ایسا نشان شامل ہے جو کسی شخص کے مخالف مسیح سے وفادار ہونے کی شناخت کرتا ہو ۔ اِس آخری مفروضے پر زیادہ سوچ بچا رکرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ بائبل کی طرف سے ملنے والے ہماری معلومات میں کچھ اضافہ نہیں کرتا۔ دوسرے الفاظ میں کہیں تو اِن باتوں میں سے کچھ بھی ممکن ہو سکتاہے مگر دوسری جانب یہ سب محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ہمیں اِن چیزوں کی پوری تفصیل پرسوچ بچار یا قیاس آرائیاں کرنے میں زیادہ وقت نہیں گزارنا چاہیے۔
اسی طرح سے 666 کے عدد کے معانی بھی ایک بھید ہی ہیں ۔ کچھ لوگوں کا گمان ہے کہ اِس عددکا 6جون 2006 (06/06/06)کے ساتھ کوئی تعلق تھا۔ تاہم مکاشفہ 13باب میں 666 کا عدد ایک خاص تاریخ کی بجائے ایک مخصوص شخص کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ مکاشفہ 13باب 18آیت بیان کرتی ہے کہ "حکمت کا یہ موقع ہے۔ جو سمجھ رکھتا ہے وہ اِس حیوان کا عدد گن لے کیونکہ وہ آدمی کا عدد ہے اور اُس کا عدد چھ سو چھیاسٹھ ہے"۔ 666کسی نہ کسی طرح سے مخالفِ مسیح کی نشاندہی کرے گا۔ بائبل کے مفسرین صدیوں سے 666کے عدد کے تعلق سے خاص لوگوں کی شناخت کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں ۔ لیکن اِن کوششوں کے نتیجے میں کوئی فیصلہ کُن بات سامنے نہیں آئی ۔ یہی وجہ ہے کہ مکاشفہ 13باب 18آیت فرماتی ہے کہ اس عدد کو سمجھنے کے لئے حکمت کی ضرورت ہے۔ جب مخالفِ مسیح ظاہر ہو گا (2تھسلنیکیوں 2باب 3-4آیات) تو واضح ہو جائے گا کہ وہ کون ہے اور 666 کا عدد اُس کی شناخت کیسے کرتا ہے ۔
English
حیوان کا عدد (666) کیا ہے؟