سوال
بائبل مُقدس شادی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
جواب
بائبل شادی کی ابتدا کو پیدایش 2باب 23-24آیات میں قلمبند کرتی ہے :" اور آدم نے کہا کہ یہ تو اب میری ہڈیوں میں سے ہڈی اور میرے گوشت میں سے گوشت ہے اِس لیے وہ ناری کہلائے گی کیونکہ وہ نر سے نکالی گئی۔ اِس واسطے مرد اپنے ماں باپ کو چھوڑے گا اور اپنی بیوی سے مِلا رہے گا اور وہ ایک تن ہوں گے"۔ خدا نے آدم کے بعد حوّا کو بنایا تاکہ وہ اُس کی مدد گار ہو ۔ بائبل میں اِس حقیقت کے پیشِ نظر " کہ آدم کا اکیلا رہنا اچھا نہیں" شادی خدا کی طر ف سے " اصلاح " ہے ( پیدایش 2باب 18 آیت)۔
بائبل جب پہلی شادی کے بارے میں بیان کرتی ہے تو یہ حوّا کےبارے میں بات کرتے ہوئے لفظ مددگار کا استعمال کرتی ہے ( پیدایش 2باب 20آیت )۔ اِس سیاق و سباق میں "مدد کرنے " سے مراد ہے " کسی کو اپنے حصار یا تحفظ میں لینا،حفاظت یا معاونت کرنا" ۔ خدا نے حوّا کو بنایا تاکہ وہ آدم کے " دوسرے نصف" کی حیثیت سے اُس کی مددگار اور سہارے کے طور پر اُس کے ساتھ ساتھ رہے ۔ بائبل بتاتی ہے کہ شادی ایک مرد اور عورت کے " ایک تن " ہونے کا سبب بنتی ہے ۔اِس طور پر" ایک ہونا/ایک تن ہونا" میاں بیوی کے باہمی جسمانی تعلق میں سب سے زیادہ ظاہر ہوتا ہے۔ نیا عہد نامہ اِس وحدت یا ایک ہونے کے تعلق سے ایک نصیحت کرتا ہے : " پس وہ دو نہیں بلکہ ایک جسم ہیں ۔ اِس لیے جسے خُدا نے جوڑا ہے اُسے آدمی جُدا نہ کرے "(متی 19باب 6آیت)۔
پولس رسول کے کئی خطوظ میں اِس بارے میں بات کی گئی ہے کہ شادی شُدہ زندگی کیسی ہونی چاہیے یا شادی کے بندھن میں ایمانداروں کو کس طرح سے رہنا چاہیے ۔ ایسا ہی ایک حوالہ افسیوں 5باب 22- 33آیات ہے ۔ اگریہ دیکھنا ہو کہ بائبل شادی کے بارے میں کیا کہتی ہے تو اس سلسلے میں اِس حوالے کا مطالعہ کرنا چند اہم حقائق ہمارے سامنے لاتا ہے۔
افسیوں 5باب بیان کرتا ہے کہ بائبل کے مطابق ایک کامیاب شادی میں خاوند اور بیوی دونوں خاص کر دار کرتے ہیں :" اَے بیویو! اپنے شوہروں کی ایسی تابع رہو جیسے خُداوند کی۔ کیونکہ شوہر بیوی کا سر ہے جیسے کہ مسیح کلیسیا کا سر ہے اور وہ خُود بدن کا بچانے والا ہے "(افسیوں 5باب 22-23آیات)۔ " شوہرو! اپنی بیویوں سے محبت رکھو جیسے مسیح نے بھی کلیسیا سے محبت کرکے اپنے آپ کو اُس کے واسطے موت کے حوالہ کر دیا "( افسیوں 5باب 25آیت)۔ "اِسی طرح شوہروں کو لازِم ہے کہ اپنی بیویوں سے اپنے بدن کی مانند محبت رکھیں ۔ جو اپنی بیوی سے محبت رکھتا ہے وہ اپنے آپ سے محبت رکھتا ہے۔ کیونکہ کبھی کسی نے اپنے جسم سے دشمنی نہیں کی بلکہ اُس کو پالتا اور پرورِش کرتا ہے جیسے کہ مسیح کلیسیا کو"(افسیوں 5باب 28-29آیات)۔ " اِسی سبب سے آدمی باپ سے اور ماں سے جُدا ہو کر اپنی بیوی کے ساتھ رہے گا اور وہ دونوں ایک جسم ہوں گے"( افسیوں 5باب 31آیت)۔
جب ایماندار خاوند اور بیوی شادی کے بارے میں بائبل میں موجود خدا کے اصولوں پر عمل کرنا شروع کرتے ہیں تو شادی کا ایک مضبوط اور صحت مند رشتہ جنم لیتا ہے ۔وہ شادی جس کی بنیاد بائبل پر ہو اُس میں مرد اور عورت دونوں کا سر مسیح کی ذات ہوتی ہے۔ شادی کا وہ تصور جو بائبل کے مطابق ہے خاوند اور بیوی کے مابین وحدت یا ایک ہونے پر مشتمل ہے اور یہ مسیح کی کلیسیا کے ساتھ وحدت یا ایک ہونے کی تصویر پیش کرتا ہے ۔
English
بائبل مُقدس شادی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟