settings icon
share icon
سوال

اگر کسی مسیحی کی شادی کسی غیر مسیحی کے ساتھ ہوئی ہے تو اُسے کیا کرنا چاہیے؟

جواب


غیر ایماندار کے ساتھ شادی کے بندھن میں منسلک ہونا ایک مسیحی ایماندار کی زندگی کا سب سے مشکل ترین چیلنج ہو سکتا ہے ۔ شادی ایک مقدس عہد ہے جس میں بندھ کر دو لوگ ایک بدن بنتے ہیں (متی 19باب 5آیت)۔ ایک ایماندار اور ایک غیر ایماندار کا پُر امن طور پر ہم آہنگی میں رہنا بہت مشکل ہو سکتا ہے ( 2کرنتھیوں 6باب 14-15آیات)۔ اگر شادی کے بعد ایک ساتھی مسیح کو قبول کر لیتا ہے تو اس صورت میں دو مختلف اختیارات کے تحت زندگی گزارنے کی فطری جدوجہد بہت جلد عیاں ہو جاتی ہے۔

اکثر مسیحی ایسی صورتحال میں اِس خیال سے شادی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کریں گےکہ شاید خدا کے نام کو جلال دینے کا واحد راستہ یہی ہے۔ تاہم خُدا کا کلام اس کے برعکس بیان کرتا ہے۔ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہم نہ صرف اپنی موجودہ حالت میں مطمئن رہیں بلکہ اپنے مشکل ترین حالات میں بھی خدا کے نام کو جلال دینے کی کوشش جاری رکھیں (1کرنتھیوں7باب 17آیت)۔ بائبل 1کرنتھیوں 7باب 12-14آیات میں اُن لوگوں سے خاص طور پر مخاطب ہوتی ہے جو غیر ایمانداروں کے ساتھ شادی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں "کہ اگر کسی بھائی کی بیوی باایمان نہ ہو اور اُس کے ساتھ رہنے کو راضی ہو تو وہ اُس کو نہ چھوڑے۔ اور جس عورت کا شوہر با ایمان نہ ہو اور اُس کے ساتھ رہنے کو راضی ہو تو وہ شوہر کو نہ چھوڑے۔ کیونکہ جو شوہر باایمان نہیں وہ بیوی کے سبب سے پاک ٹھہرتا ہے اور جو بیوی باایمان نہیں وہ مسیحی شوہر کے باعث پاک ٹھہرتی ہے "۔

ایسے مسیحی جو غیر ایمانداروں سے شادی کے رشتے میں بندھے ہیں اُنہیں رُوح القدس کی قوت کےلیے دُعا کرنی ہوگی تاکہ وہ اُن کو مسیح کا اقرار کرنے اور خدا کی معموری میں زندگی گزارنے کے قابل بنائے ( 1یوحنا1باب 7آیت)۔ ان کو اپنے دلوں کو تبدیل کرنے اور رُوح القدس کا پھل پیدا کرنے کے لیے خدا کی تبدیل کرنے والی قوت کی تلاش کرنی چاہئے ( گلتیوں5باب 22-23آیات)۔ ایک مسیحی بیوی اِس بات کی پابند ہے کہ وہ اپنے غیر ایماندار شوہر کی بھی فرمانبردار رہے ( 1پطرس 3باب 1آیت) اور ایسا کرنے کےلیے اُسے خدا میں مضبوط رہنے اور اس کے فضل و کرم پر بھروسہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

ایسے مسیحیوں کےلیے ضروری نہیں کہ وہ تنہائی کی زندگی گزاریں انہیں بیرونی ذرائع جیساکہ کلیسیا اور بائبل کے مطالعاتی گروپوں سے مدد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی غیر مسیحی کےساتھ شادی کے بندھن میں ہونا اِس رشتے کی پاکیزگی کو تبدیل نہیں کرسکتا لہذا ہر مسیحی کی پہلی ترجیح یہی ہونی چاہیے کہ وہ اپنے شریک حیات کے لئے دعا کرے اور ایک ایسا اچھا نمونہ قائم کرے جس سے مسیح کا نور اور زیادہ چمکے (فلپیوں2باب 14آیت)۔1پطرس 3باب 1آیت میں پا ئی جانے والی سچائی کہ " تمہارے پاکیزہ چال چلن کو دیکھ کر ، خدا کی طرف کھنچ جائیں " ہر اُس مسیحی لڑکے یا لڑکی کی زندگی کامقصد اور اُمید ہو سکتی ہے جو ایک غیر ایماندار سے شادی کے بندھن میں ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اگر کسی مسیحی کی شادی کسی غیر مسیحی کے ساتھ ہوئی ہے تو اُسے کیا کرنا چاہیے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries