سوال
مُشت زنی – کیا یہ بائبل کے مطابق ایک گناہ ہے ؟
جواب
بائبل مُقدس نہ تو مُشت زنی کا کہیں پر ذکر کرتی ہے اور نہ ہی یہ ذکر کرتی ہے کہ آیا یہ گناہ ہے یا نہیں۔ وہ حوالہ جسے عام طور پر مُشت زنی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے وہ پیدایش 38 باب 9- 10 آیات میں اونان کی کہانی ہے۔ کچھ لوگ اِس حوالے کی تشریح یوں کرتے ہیں کہ "اپنے نطفے کو زمین پر گرا دینا" گناہ ہے۔ بہرحال یہ حوالہ اصل میں یہ بات نہیں کر رہا۔ اونان خُدا کی نظر میں اِس لیے بُرا نہیں تھا کہ وہ اپنا"نطفہ زمین پر گرا" دیتا تھا، بلکہ اِس لیے کہ وہ خُدا کےخلاف بغاوت کر رہا تھا۔ یہ اُس کی ذمہ داری تھی کہ اپنے وفات پا جانے والے بھائی کے لیے وارث پیدا کرے لیکن اُس نے ایسا کرنے سے انکار کیا۔ یہ حوالہ حقیقت میں مُشت زنی کے بارے میں نہیں بلکہ یہ ایک خاندانی ذمہ داری کو پورا کرنے کے بارے میں ہے۔
مُشت زنی کے گناہ ہونے کے تعلق سے ایک اور حوالہ جو پیش کیا جاتا ہے وہ متی 5 باب 27- 30 آیات ہیں۔ خُداوند یسوع اِس حوالے میں شہوت انگیز خیالات کو اپنے دل میں لانے کے حوالے سے خبردارکرتا ہے اور اُس کے بعد وہ کہتا ہے کہ "اگر تیرا دہنا ہاتھ تجھے ٹھوکر کھلائے تو اُس کوکاٹ کر اپنے پاس سے پھینک دے۔" اگرچہ یہ حقیقت ہے کہ شہوت انگیز خیالات اور مُشت زنی کا آپس میں گہرا تعلق ہے لیکن یہاں پر بھی قطعی طور پر ایسا نہیں ہے کہ یسوع نے جو کچھ کہا اُس سے وہ بالخصوص مُشت زنی کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔
بائبل مُقدس کسی ایک جگہ پر بھی بالخصوص مُشت زنی کی اصطلاح کا ذکر نہیں کرتی اور نہ اور اِس حوالے سے کچھ کہتی ہے کہ آیا یہ گناہ ہے یا نہیں۔ لیکن اِس بات میں قطعی طور پر کوئی شک نہیں ہے کہ وہ سبھی کام جو کسی بھی انسان کو مُشت زنی کی طرف لے کر جاتے ہیں گناہ آلود ہیں۔ مُشت زنی جیسا عمل کم از کم ہمیشہ ہی شہوت انگیز خیالات ، نامناسب جنسی تحریک اور /یا فُحش مواد دیکھنے /سُننے/پڑھنےکا نتیجہ ہوتاہے۔ اور یہ وہ مسائل ہیں جو ہمیں حل کرنے چاہییں۔ اگر شہوت کے گناہ، غیر اخلاقی خیالات اور فُحش مواد کو ترک کر دیا جائے اور اُن پر غلبہ پا لیا جائے تو مُشت زنی نہ صرف کسی بھی انسان کے لیے بڑا مسئلہ نہ رہے گی بلکہ یہ کوئی بہت بڑی آزمائش بھی نہ ہوگی۔بہت سارے لوگ مُشت زنی کی وجہ سے بہت زیادہ ملامت کا شکار ہیں لیکن حقیقت میں وہ اُن گناہوں سے توبہ کرنے کی طرف رجوع نہیں لاتے جو اُنہیں مُشت زنی پر مجبور کرتے ہیں۔
یہ سب کچھ کہنے کے بعد، کیا مُشت زنی اپنے آپ میں ایک گناہ ہے؟ اگرچہ بائبل مُقدس اِس سوال کا براہِ راست جواب نہیں دیتی لیکن بائبل میں ایسے اصول ضرور ملتے ہیں جن کا اطلاق اِس مسئلے پر کیا جا سکتا ہے۔
أ. " پس تُم کھاؤ یا پیو یا جو کچھ کرو سب خُدا کے جلال کے لئے کرو"(1کرنتھیوں 10باب 31آیت)۔ اگر ہمارا کوئی کام خُدا کے نام کو جلال نہیں دیتا تو ہمیں اُس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
ب. " مگر جو کوئی کسی چیز میں شُبہ رکھتا ہے اگر اُس کو کھائے تو مجرم ٹھہرتا ہے اِس واسطے کہ وہ اِعتقاد سے نہیں کھاتا اور جو کچھ اِعتقاد سے نہیں وہ گناہ ہے" (رومیوں 14 باب 23آیت)۔ اگر آپ کا کوئی عمل خُدا کے نام کو عزت نہیں دیتا اور آپ کے مسیحی ایمان سے متصادم ہے تو وہ عمل یا سرگرمی گناہ ہے۔
ج. " کیا تم نہیں جانتے کہ تمہارا بدن رُوح القُدس کامَقدس ہے جو تم میں بسا ہُوا ہے اور تم کو خُدا کی طرف سے مِلا ہے؟ اور تُم اپنے نہیں۔کیونکہ قیمت سے خریدے گئے ہو ۔ پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو" (1 کرنتھیوں 6باب19-20آیات) ہمارے جسموں کو بھی خُدا نے نجات دی ہے اور اب ہمارے بدن اصل میں خُدا کے لیے مخصوص ہیں۔
ابھی آپ اپنے جسم کے ساتھ جو کچھ بھی کرتے ہیں کلام کی اِن سچائیوں کا آپ کی ذات اور سوچ پر گہرا اثر ہونا چاہیے۔ اِن سچائیوں کی روشنی میں زیادہ تر مسیحی اِس نتیجے پر پہنچےہیں کہ مُشت زنی ہمیشہ ہی ایک گناہ ہے۔مُشت زنی جیس سرگرمی ہر لحاظ سے قابلِ اعتراض ہے، چاہے اِس کو یوں دیکھیں کہ آیا یہ خُدا کے نام کو جلال دیتی ہے یا نہیں، آیا کوئی انسان اِس کو مکمل طور اِس اعتماد کے ساتھ کر سکتا ہے کہ یہ درست عمل ہے، یاپھر یہ کہ کیا اِس سرگرمی میں ملوث ہو کر ہم اپنے بدنوں سے خُدا کے نام کو جلا ل دے سکتے ہیں جو ہمارے بدنوں کا مالک ہے۔
اگر کوئی شخص یہ کہے کہ وہ اِس عمل کو کسی بھی طرح کی شہوت انگیزی، غیر اخلاقی خیالات، فُحش نگاری کے بغیر بالکل اِس اعتماد کے ساتھ کرتا ہے کہ اِس کی وجہ سے جو لطف و لذت اُسے حاصل ہوتی ہے اُس کے وسیلے خُدا کے نام کو جلال دے(دیکھئے 1 کرنتھیوں 10باب 30آیت) تو کیا مُشت زنی پھر بھی گناہ ہے۔ کچھ لوگ شاید یہ توقع کریں کہ ایسی صورتحال میں تو ظاہراً یہ گناہ محسوس نہیں ہوتا۔ لیکن حقیقت یہ ہے یہ سرگرمی شہوت انگیزی، غیر اخلاقی خیالات اور فُحش نگاری کی وجہ سے ہی جنم لیتی ہے ۔ اور اِس طرح کی بدی کے بغیر یہ سرگرمی ہو سکے ایسی کسی صورتحال کے ہونے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
English
مُشت زنی – کیا یہ بائبل کے مطابق ایک گناہ ہے ؟