سوال
بائبل قریب الموت تجربات کے بارے میں کیا فرماتی ہے ؟
جواب
قریب الموت ہونے کا تجربہ اُس وقت ہوتا ہے جب کوئی شخص موت کے دہانے پرجا پہنچتا ہے اور صحت یاب ہونے پر کسی غیر معمولی واقعے کی اطلاع دیتا ہے۔ یہ عام طور پر کوئی رُوحانی تجربہ یا فردوس یا جہنم کی کوئی رویا ہوتی ہے ۔ قریب الموت ہونےکے تجربات کو کلامِ مقدس کی کوئی خاص حمایت حاصل نہیں ہے ۔ بہت سے لوگ 2 کرنتھیوں 12باب 2-5آیات کو قریب الموت تجربات کے لیے بائبل کے تصدیقی حوالے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ تاہم یہ تشریح کے معاملہ میں ضرورت سے زیادہ آزاد خیالی اختیار کرنا اور یہ خیال کرنا ہے کہ وہ آدمی (جو پولس رسول خیا ل کیا جاتا ہے ) یا تو موت کے قریب تھا یا اصل میں مر گیا جب اُس نے خود کو آسمان پر پایا تھا۔ اس حوالے میں کہیں نہیں بتایا گیا کہ وہ شخص مر گیا تھا یا موت کے قریب تھا۔ یہ قریب الموت ہونے کا کوئی تجربہ نہیں بلکہ آسمان کی رویا تھا جو خدا نے اُس شخص کو بخشی تھی ۔
بہرحال خدا کے لیے کسی کو قریب الموت یا اس کے ساتھ ساتھ فردوس کی رویا دکھانا نا ممکن نہیں ہے ۔ تاہم بائبل کی مستند کتب کی تکمیل ہو جانے کے باوجود آسمانی رویائیں دیکھنا مسیحیوں کے لیے کوئی معمول کا تجربہ نہیں ہے۔
ہمیں اس لحاظ سے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے تجربات کی توثیق کیسے کرتے ہیں ۔ کسی بھی تجربے کی سب سے اہم چانچ پڑتال اس کا بائبل کے ساتھ موازنہ کرنا ہے۔ شیطان دھوکہ دینے اور لوگوں کی سوچ کو بگاڑنے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔ "کچھ عجب نہیں کیونکہ شیطان بھی اپنے آپ کو نُورانی فرشتہ کا ہم شکل بنا لیتا ہے۔ پس اگر اُس کے خادِم بھی راست بازی کے خادِموں کے ہم شکل بن جائیں تو کچھ بڑی بات نہیں لیکن اُن کا انجام اُن کے کاموں کے مَوافِق ہو گا "(2کرنتھیوں 11باب 14-15آیات)۔
چونکہ بائبل قریب الموت تجربات کے بارے میں خاموش ہے اور سائنسی تحقیق اس تعلق سے قابل اعتماد طریقے سے استعمال کئے جانے کے قابل نہیں ہے اس لیے ہم قریب الموت تجربات کی صداقت کو اُن کی ظاہری قدر کی بنیاد پر قبول نہیں کر سکتے۔ ایسا کہنا کافی سخت ہوگا کہ قریب الموت ہونےکے تمام تجربات بناوٹی ، خیالی یا شیطانی ہیں مگر بائبل کے مطابق قریب الموت تجربات کی صداقت کے بارے میں ابھی بھی سنگین خدشات موجود ہیں۔ ایک بار پھر، قریب الموت تجربات کی کسی بھی تفصیل کی کلامِ مقدس کی سچائی کی روشنی میں تصدیق کی جانی چاہیے ۔ اگر ایسا تجربہ خُدا کی طرف سے ہوتا ہے تو یہ اُن باتوں کے مطابق ہو گا جو اُس نے اپنے کلام میں پہلے ہی عیاں کردی ہیں اور آخر میں یسوع مسیح کے نام میں خداکا جلال ظاہر کرے گا۔
English
بائبل قریب الموت تجربات کے بارے میں کیا فرماتی ہے ؟