settings icon
share icon
سوال

مَیں نیا مسیحی ہوں، میرے لیے اگلا قدم کیا ہے ؟

جواب


مبارک ہو! اگر آپ نئے ایماندار ہیں تو آپ نے ابھی اپنی نئی اور ابدی زندگی کے آغاز کا تجربہ کیا ہے (یوحنا 3باب 16آیت؛ 10باب 10آیت)۔ آپ کے گناہ معاف کر دئیے گئے ہیں اور آپ کو ایک نئی شروعات بخشی گئی ہے (رومیوں 4باب 7آیت )۔ اب آپ نے ناقابل بیان اور جلال سے بھری خوشی پائی ہے (1 پطرس 1باب 8-9آیات)۔

مسیح کو جاننے کی شاندار برکات کے علاوہ آپ ممکنہ طور پر سوچ رہے ہوں گے " تو اب کیا کریں؟ اگلا قدم کیا ہے؟" بائبل اُن لوگوں کے لیے کچھ اہم اصول پیش کرتی ہے جنہوں نے خدا کے ساتھ اپنے تعلق کا آغاز کیا ہے۔

پہلا، ایک نیا مسیحی ہونے کے نا طے بائبل کو پڑھنا شروع کریں۔ شروعات کرنے کے لیے بہت سے تراجم اور متعدد حوالہ جات ہیں۔ اگرچہ کوئی ترجمہ کامل نہیں ہے ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ ایک ایسی بائبل کا چناؤکریں جو آپ کے سمجھنے کے لیے آسان ہو اور بائبل کے اصل متن سے مطابقت رکھتی ہو۔ آج کل کے کچھ مشہور تراجم کے نمونے لینے کے لیے آپ BibleGateway.com یا YouVersion.com جیسی ویب سائٹس کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ اپنے مطالعہ کو یوحنا کی انجیل یا دیگر انانجیل میں سے کسی ایک سے شروع کریں تاکہ آپ خود اُن باتوں کو پڑھ سکیں جوخُداوند یسوع نے اپنی زمینی خدمت کے دوران سکھا ئی اور سر انجام دی تھیں ۔ GotQuestions.org پر موجود دیگر مضامین آپ کو خدا اور رُوحانی مسائل کے بارے میں عملی سوالات کے جوابات فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔ بائبل سکھاتی ہے کہ "اپنے آپ کو خُدا کے سامنے مقبول اور اَیسے کام کرنے والے کی طرح پیش کرنے کی کوشش کر جس کو شرمندہ ہونا نہ پڑے اور جو حق کے کلام کو درُستی سے کام میں لاتا ہو "(2تیمتھیس 2باب 15آیت)۔

دوسرا، ایک نئے مسیحی کے طور پر دعا کرنا شروع کریں۔ دعا عام طور پر خدا سے گفتگو کرنا ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ دُعا میں الفاظ کا ایک ایسا رسمی مجموعہ شامل ہونا چاہیے جو صرف گرجا گھر کی عبادت کے دوران استعمال ہو سکتا ہے۔ تاہم بائبل ہمیں بلا ناغہ دعا کرنے کے بارے میں سکھاتی ہے (1تھسلنیکیوں 5باب 17آیت)۔ ہمیں دن رات خدا کی حمد و ستایش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر ہم خُدا کو مزید گہرے طور پر جاننا چاہتے ہیں تو ہمیں اُس کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرنی چاہیے۔

آپ ہر روز دن بھر خدا کا شکر ادا کر سکتے ہیں ،اُس سے اپنی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے التجا کر سکتے ہیں اور دوسروں کی خاطر دعا کر سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی ، خدا کی تعریف اور ہر ایک کی درخواستوں کا جواب پانے کے لیے دوسرے اُن لوگوں کے ساتھ مل کر دعا کرنا بھی ضروری ہے جو مسیح کی پیروی کرتے ہیں۔ اس بارے میں جاننے کے لیے کہ دعا کیسے کی جائے آپ دُعائے رُبانی سے شروع کر سکتے ہیں (متی 6باب 9-13 آیات)۔

تیسرا، ایک نئے مسیحی کے طور پر بپتسمہ لیں۔ بپتسمہ مسیح میں آپ کی نئی زندگی کی علامت ہے اور یہ اعلان کرتا ہے کہ اب آپ یسوع کے لیے وقف ہیں۔ حتی ٰ کہ یسوع نے بھی بپتسمہ لیا تھا (لوقا 3باب 1-22آیات) اور وہ اپنے پیروکاروں کو بھی بپتسمہ لینے کے لیے کہتا ہے۔ یسوع کے ابتدائی پیروکاروں کی طرف سے اعمال 2باب 41آیت میں بپتسمہ کی مشق عمل میں لائی گئی تھی۔

عام طور پر مقامی کلیسیا کے رہنما بپتسمہ دیتے ہیں۔ اگر آپ اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں تو مقامی کلیسیا کے پادری یا کلیسیا کے رہنما کو بپتسمہ کے بارے میں آپ سے بات کرنے میں خوشی محسوس کرنی چاہیے ۔

چوتھا،ایک نئے مسیحی کی حیثیت سے دوسرے مسیحیوں کے ساتھ دوستی قائم کریں۔ مسیحی زندگی دوسرے ایمانداروں کے ساتھ خُداوند میں خوش رہنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔خُداوند یسوع نے اپنی خدمت کا زیادہ تر حصہ اپنے قریبی دوستوں یعنی اپنے بارہ شاگردوں کے ساتھ گزرا۔ اِسی طرح وہ ہمیں بھی برادری میں باہمی طور پر رہنے کی دعوت دیتا ہے۔ نئے عہد نامے میں"ایک دوسرے" کے الفاظ کا 50 سے زیادہ آیات میں ذکر ہوا جو ایک دوسرے سے محبت کرنے، ایک دوسرے کی خدمت کرنے، ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنے، اور ایک دوسرے کے لیے دعا کرنے کا حوالہ دیتی ہیں۔ اِن میں سے ہر ایک حکم دوسرے مسیحیوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔

دوسرے ایمانداروں کے ساتھ رفاقت رکھنا مقامی کلیسیا کے مقاصد میں سے ایک ہے۔ اگر آپ کے علاقے میں بائبل کی درست تعلیم دینے والا گرجا گھر موجود ہے تو دوسروں کے ساتھ رفاقت رکھنے میں مشغول ہونے کے لیے یہ ایک بہترین جگہ ہے۔ اگر آپ کسی برادری میں رہتے ہیں جہاں گرجا گھر موجود نہیں تو آپ کو خدا سے دعا کرنی ہوگی کہ وہ آپ کو اُس علاقے میں موجود دیگر مسیحیوں سے ملنے کے مواقع فراہم کرے ۔

پانچواں ، ایک نئے مسیحی کے طور پر دوسرے لو گ کی مدد کریں۔ جب آپ ایک مسیحی کے طور پر اپنی نئی زندگی کی ابتدا کرتے ہیں آپ دوسروں کے لیے محبت کا ایک نیا جذبہ محسوس کریں گے جو آپ کو دوسروں کی مدد کرنے کی تحریک دے گا۔ مدد کرنے کے طریقوں میں رُوح القدس آپ کی رہنمائی کرے گا۔ آپ اپنی برادری کے غریب لوگوں کی خدمت کر سکتے ہیں،گھریلو کام کاج میں پڑوسی کی مدد کر سکتے ہیں یا ہسپتال میں کسی بیمار دوست سے ملنے جا سکتے ہیں۔ رُوح واضح طور پر آپ کو خدا کی محبت ظاہر کرنے کے لیے بلائے گا (1 یوحنا 3باب 17-18آیات)۔

چھٹا، ایک نئے مسیحی کے طور پر کسی نہ کسی کو اپنے ایمان کے بارے میں بتائیں۔ مسیحی ہونا کوئی راز کی بات نہیں ؛ یہ ایک بڑی خوشی ہے! اُن سب کو بتائیں جو آپ کی زندگی میں مسیح کے کام کے بارے میں سنیں گے۔ کچھ معاملات میں دوسرے لوگ اُن مثالوں کے وسیلہ سے یسوع پر ایمان لائیں گے جو آپ اُن کے ساتھ بانٹیں گے ۔ یسوع کے آسمان پر اُٹھائے جانے سے پہلے اُس نے اپنے شاگردوں کو تمام قوموں کو شاگرد بنانے کا حکم دیا (متی 28باب 18-20آیات)۔ آج بھی مسیحیوں کو دوسروں کے ساتھ اپنی امید کی وجہ بانٹنے کے لیے بلایا جاتا ہے (1 پطرس 3باب 15-16 آیات)۔

آخر ی بات ، آپ اپنے نئے ایمان میں کیسے بڑھ سکتے ہیں اس حوالے سے یہ صرف مددگار نکات ہیں؛یہ مسیحی ہونے یا مسیح میں قائم رہنے کے تقاضوں کی فہرست نہیں ہیں۔ آپ کو آپ کےاعمال کی بجائے ایمان کے وسیلے فضل ہی سے نجات ملی ہے (افسیوں 2باب 8-9آیات)۔ آپ کی زندگی کے اندرخُدا نے جس کام کو شروع کیا ہے وہ اسے ختم کرنے کا وعدہ کرتا ہے (فلپیوں 1باب 6آیت )۔ خدا آپ کو برکت دے تا کہ آپ اپنے ایمان میں پختہ ہوتے جائیں!

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں نیا مسیحی ہوں، میرے لیے اگلا قدم کیا ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries