سوال
قدیم ترین مذہب کونسا ہے ؟
جواب
ایک سچے خدا کی عبادت کرنا دنیا کا سب سے قدیم ترین مذہب ہے، جیسا کہ پیدایش 4باب 26آیت میں بیان کیا گیا ہے "اُس وقت سے لوگ یہوواؔہ کا نام لے کر دُعا کرنے لگے"۔ انہوں نے جس نام سے دُعا کی وہ یاہوے (لاطینی زبان میں "یہوواہ")تھا ۔ یہ حقیقت کہ انہوں نے اُس کے نام سے دُعا کرنا شروع کی معاشرے میں آنے والی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے- پہلی بار، لوگ منظم ہو رہے اور خود کو خدا کے پرستار کے طور پر پہچان رہے تھے۔ ایسا سیؔت کے وسیلے آدم کے پوتے انوس کے دورِ حیات میں ہوا تھا جب پہلے جوڑے کو عدن سے نکلے ہوئے تقریباً 250 سال ہو گئے تھے ۔
عبادت کی اس ابتدائی شکل کے بارے میں خدا کی طرف سے رسمی ہدایات یا لوگوں کے عبادت کرنے کے طریقے اور روایات کے مجموعے کے بارے میں ہمارے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں ۔ ہم فرض کر سکتے ہیں کہ اس عمل میں قربانیاں شامل تھیں کیونکہ ایک نسل جیسے کہ قائن اور ہابل انفرادی قربانیوں کی ضرورت کی سمجھ رکھتے تھے (پیدایش 4باب 3-4آیات )۔ اس پہلے "مذہب" کے بارے میں موسیٰ ہمیں محض یہ بتاتا ہے کہ وہ خدا کے نام سے واقف تھے اور وہ اُس کے نام سے دُعا کرتے تھے ۔
شیطان بگاڑ ڈالتا اور تقسیم کرتا ہے۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ خدا کا نام پکارنے والے خالص مذہب کو بت پرستی کے وسیلہ سے بگاڑ دیا گیا اور اصل میں سینکڑوں مذاہب میں تقسیم کر دیا گیا۔ نوحؔ کے زمانے تک سب لوگ خُدا کا نام بھول چکے تھے اور"خُداوند نے دیکھا کہ زمین پر اِنسان کی بدی بہت بڑھ گئی اور اُس کے دِل کے تصوُّر اور خیال سدا بُرے ہی ہوتے ہیں" (پیدایش 6باب 5آیت)۔ اگلی بار خدا کا نام لینے والے کسی شخص کے بارے میں ہم اُس وقت پڑھتے ہیں جب ابرہام نے پیدایش 12باب 8آیت میں" خُداوند کے لئے ایک قُربان گاہ بنائی اور خُداوند سے دُعا کی"۔
وہ قدیم ترین بُت پرستانہ مذہب جس کے لیے ہمارے پاس منظم پیروی کا ثبوت ہے، مصری مذہب ہے۔ مصری ثقافت پیدایش کی کتاب کے آخری حصے اور خروج کی کتاب کے بیان کے وقت تک اپنے بہت سے دیوتاؤں کے ساتھ پہلے ہی اچھی طرح قائم ہو چکی تھی ۔ ابرہام کا ایک امیر ، ترقی پذیر مصر اور اُس کے فرعون سے آمنا سامنا ہوا تھا (پیدایش 12باب 10آیت)۔
پندرھویں صدی قبل از مسیح میں موسیٰ کے وقت خدا نے ایک بار پھر خود کو موسیٰ پر عیاں کیا (خروج 3باب 14آیت) اور بنی اسرائیل کے لیے مذہب کو ترتیب دیا ۔ دیگر تمام دیوتاؤں کو ترک کرنا یہوواہ کے نام سے دُعا کرنے کا ضروری حصہ تھا (خروج 20باب 3-4آیات)۔ ایک بُت پرستانہ اور مشرکانہ دنیا میں عبرانی لوگوں کی توحید پرستی ایک تاریک مقام میں روشنی کی طرح قائم تھی۔
جس مذہب کو ہم مسیحیت کے نام سے جانتے ہیں وہ دراصل بنی اسرائیل کے لیے خدا کے منصوبے کا تسلسل ہے۔ انجیل"ہر ایک اِیمان لانے والے کے واسطے پہلے یہُودی پھر یُونانی کے واسطے نجات کے لئے خُدا کی قُدرت ہے"(رومیوں 1باب 16 آیت)۔ لہٰذا دنیا کی تاریخ خدا کے خود کو بنی نوع انسان پر ظاہر کرنے، انسان کے اس علم سے دور ہو جانے اور خدا کی طرف سے سچائی کی بحالی کے سلسلے پر مشتمل ہے۔ اس سچائی کے تسلسل کا پیدایش 4باب 26آیت تک اور پیدایش 3باب 15آیت میں درج وعدے کا سراغ لگاتے ہوئے کوئی شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ مسیح میں خدا کی عبادت کرنا دنیا کا قدیم ترین مذہب ہے۔
English
قدیم ترین مذہب کونسا ہے ؟