settings icon
share icon
سوال

جیزز اونلی/ ون نس پینٹی کاسٹل ازم کے کیا عقائد ہیں؟

جواب


"جیزز او نلی " کی تحریک جو وَن نِس پینٹی کاسٹل ازم یا وَن نِس تھیولوجی کے طور پر جانی جاتی ہے یہ تعلیم دیتی ہے کہ صرف ایک خُدا موجود ہے لیکن یہ تحریک خدا کے ثالوث ہونے سے انکار کرتی ہے ۔ دوسرے الفاظ میں وَن نِس تھیولوجی قادرِ مطلق خدا کی ذات کے اقنوم : باپ ، بیٹا اور رُوح القدس کو نہیں مانتی ۔ اس عقیدے کی مختلف اشکال ہیں – کچھ یسوع مسیح کو ہی واحد خدا کے طور پر دیکھتے ہیں جو بعض اوقات خود کو خدا باپ یا خدا رُوح القدس کے رُوپ میں ظاہر کرتا ہے ۔ وَن نِس پینٹی کاسٹل / جیزز اونلی کا بنیادی عقیدہ یہ ہے کہ یسوع ہی باپ ہے اور یسوع ہی رُوح القدس ہے ۔ خدا ایک ہی ہے جو خود کو مختلف طرح کے " رُوپ" میں ظاہر کرتا ہے ۔

جیزز اونلی /وَن نِس پینٹی کاسٹل کی یہ تعلیم صدیوں سےکسی نہ کسی شکل میں موڈیل ازم Modalism کی ایک قسم کے طور پر جاری ہے۔ موڈیل ازم کا نظریہ سکھاتا ہے کہ خدا مختلف ادوار میں مختلف اشکال یا روپ میں یعنی بعض اوقات باپ ، بعض اوقات بیٹے اور بعض اوقات رُوح القدس کے طور پر کام کرتا رہا ہے ۔ مگر متی 3باب 16-17آیات جیسے حوالہ جات جہاں قادرِ مطلق خدا کی ذات کے دو یا تینوں اقنوم موجود ہیں موڈلسٹک نظریے کی تردید کرتے ہیں ۔ ابتدائی کلیسیا نے دوسری صدی بعد از مسیح کے شروع میں ہی موڈیل ازم کو بدعت قرار دیتے ہوئے اِسکی مذمت کی تھی۔ ابتدائی کلیسیا نے اس نظریے کے خلاف شدید بحث کی تھی جو یہ بیان کرتا ہے کہ خدا ایک شخصیت کا حامل ہے اور وہ مختلف اوقات میں مختلف اشکال/روپ میں کام کرتا رہا ہے ۔ اُنہوں نے کلام ِ مقدس سے دلیل دی تھی کہ خدا کی ثالوث حیثیت اس سے واضح ہوتی ہے کہ قادرِ مطلق خدا کی ذات کی ایک سے زیادہ شخصیات اکثر بیک وقت دکھائی دیتی ہیں اور یہ متعدد بار ایک دوسرے سے مخاطب ہوتی ہیں ( مثلاً پیدایش 1باب 26آیت؛ 3باب 22آیت؛ 11باب 7آیت؛ 2زبور 7آیت؛ 104 زبور 30آیت؛ 110زبور 1آیت؛ متی 28 باب 19آیت؛ یوحنا 14باب 16آیت)۔ وَن نِس پینٹی کا سٹل ازم / جیزز اونلی ایک غیر بائبلی عقیدہ ہے

دوسری جانب خدا کے ثالوث ہونے کا تصور پوری بائبل میں موجود ہے ۔ یہ ایک ایسا تصور ہے جسے محدود عقل آسانی سے سمجھ نہیں سکتی۔ اور چونکہ انسان ہر بات کو سمجھنا چاہتا ہے لہذا یہواہ کے گواہوں کے ساتھ ساتھ -جیزز اونلی جیسی تحریکیں مسلسل سامنے آ رہی ہیں جو خدا کی ذات کو بیان کرنے کےلیے کوشاں ہیں ۔ یقیناً بائبل کے حوالہ جات کی تردید کئے بغیر پاک تثلیث کا انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ مسیحی یہ مان چکے ہیں کہ خدا کی ذات ایسی کسی طرح کی حدود کا شکار نہیں ہے جن کا ہم اُسے پابند کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم صرف خدا کے اس فرمان پر ایمان رکھتے ہیں " کہ میرے خیال تمہارے خیال نہیں اور نہ تمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔ کیونکہ جس قدر آسمان زمین سے بلند ہے اُسی قدر میری راہیں تمہاری راہوں سے اور میرے خیال تمہارے خیالوں سے بلند ہیں" ( یسعیاہ 55باب 8-9آیات)۔ اگر ہم اُس کے خیالات اور طریقہ کار کو سمجھ نہیں سکتے تو ہم مانتے ہیں کہ ہم اُس کی فطرت کو بھی مکمل طور پر سمجھ نہیں سکتے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

جیزز اونلی/ ون نس پینٹی کاسٹل ازم کے کیا عقائد ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries