سوال
بائبل مُقدس ذہنی سکون/اطمینان حاصل کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
جواب
زیادہ تر لوگ "ذہنی سکون " کو ذہنی تناؤ اور اضطراب کی عدم موجودگی کے طور پر بیان کریں گے۔ بائبل میں "ذہنی سکون " سے ملتی جلتی کوئی بات صرف 2 کرنتھیوں 2باب 13آیت میں پائی جاتی ہے جہاں پولس کہتا ہے کہ اُسے ذہنی سکون نہیں ملا کیونکہ اس نے طِطُس کو تروآس میں نہیں پایا۔ اِس جملے کا اصل ترجمہ "میری رُوح کو آرام نہ ملا" ہے۔
بائبل لفظ سکون کو کئی مختلف طریقوں سے استعمال کرتی ہے۔ اطمینان کبھی کبھی خدا اور انسان کے درمیان دوستی یا صلح کی حالت کا حوالہ دیتا ہے۔ ایک مُقدس خُدا اور گنہگار بنی نوع انسان کے درمیان یہ صلح مسیح کی کفارہ بخش موت سے متاثر ہے جس نے " اُس کے خُون کے سبب سے جو صلیب پر بہا صُلح کر کے سب چیزوں کا اُسی کے وسیلہ سے اپنے ساتھ میل کر " لیا (کلسیوں 1باب 20آیت )۔ اس کے علاوہ سردار کاہن کی حیثیت سے خُداوند یسوع اُن تمام لوگوں کی خاطر صلح کی اِس حالت کو قائم رکھتا ہے جو" اُس کے وسیلہ سے خُدا کے پاس آتے ہیں وہ اُنہیں پُوری پُوری نجات دے سکتا ہے کیونکہ وہ اُن کی شفاعت کے لئے ہمیشہ زِندہ ہے" (عبرانیوں 7باب 25آیت )۔ خدا کے ساتھ صلح کی یہ حالت سُکون کی اُس دوسری قسم کے لیے اوّلین شرط ہے جو کبھی کبھی پُر امن ذہن کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ جب ہم "خُدا کے ساتھ اپنے خُداوند یِسُوع مسیح کے وسیلہ سے صُلح "رکھتے ہیں (رومیوں 5باب 1آیت ) تو ہم اُس حقیقی ذہنی سکون کا تجربہ کر سکتے ہیں جو رُوح القدس کا پھل ہے، دوسرے الفاظ میں اُس وقت رُوح القدس کا پھل ہم میں ظاہر ہوتا ہے ( گلتیوں 5باب 22-23آیات )۔
یسعیاہ 26باب 3آیت ہمیں بتاتی ہے کہ اگر ہمارے دل اُس میں "قائم" ہیں، یعنی ہمارے دل اُس سے لگے ہوئے ، اُس پر مرکوز، اور اُس پر بھروسہ رکھتے ہیں تو خُدا ہمیں "سلامت " رکھے گا ۔ ہمارا ذہنی سکون اُسی قدر"مکمل " یا نامکمل ہے جس قدر ہمارے دل خود ہماری ذات یا ہماری پریشانیوں کی بجائے خدا میں "قائم" ہیں ۔ بائبل 139زبور 1-12آیات میں خدا کی قربت، اور اُس کی بھلائی اور قدرت، اُس کے لوگوں پر اُس کی شفقت اور محبت اور زندگی کے تمام حالات پر اُس کی مکمل حاکمیت کے بارے میں جوکچھ فرماتی ہے جب ہم اس پر ایمان رکھتے ہیں تو ہم گہرے اطمینان کا تجربہ کرتے ہیں۔ لیکن جس شخص کو ہم نہیں جانتے اُس پر ہم بھروسہ نہیں کر سکتے اور اس لیے سلامتی کے شہزادے، یسوع مسیح کو قریب سے جاننا بہت ضروری ہے۔
اطمینان کا تجربہ دُعا کے جواب کے طور پر کیا جاسکتا ہے۔ " کسی بات کی فِکر نہ کرو بلکہ ہر ایک بات میں تمہاری درخواستیں دُعا اور مِنّت کے وسیلہ سے شُکرگُذاری کے ساتھ خُدا کے سامنے پیش کی جائیں۔ تو خُدا کا اِطمِینان جو سمجھ سے بِالکُل باہر ہے تمہارے دِلوں اور خیالوں کو مسیح یِسُوع میں محفُوظ رکھّے گا"(فلپیوں 4باب 6-7آیات )۔
ایک پُرسکون دل ودماغ اس بات کو تسلیم کرنے کے نتیجے میں حاصل ہوتا ہے کہ سب کچھ جاننے اور محبت کرنے والا باپ ہماری آزمایشوں میں بھی کوئی مقصد رکھتا ہے۔ "ہم کو معلُوم ہے کہ سب چیزیں مِل کر خُدا سے مُحبّت رکھنے والوں کے لئے بھلائی پَیدا کرتی ہیں یعنی اُن کے لئے جو خُدا کے اِرادہ کے مُوافق بُلائے گئے"(رومیوں 8باب 28آیت)۔
خدا اُن مصیبتوں سے اطمینان کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کی اچھی چیزیں پیدا کر سکتا ہے جن کا ہم تجربہ کرتے ہیں۔ حتی ٰ کہ ہماری زندگیوں میں خُداوند کی تربیت و تادیب بھی "چین کے ساتھ راست بازی کا پھل " پیدا کرے گی (عبرانیوں 12باب 11آیت )۔ یہ مصیبتیں "خدا میں امید "رکھنے اور بالآخر "اُس کی ستایش" کرنے کا ایک نیا موقع فراہم کرتی ہیں (43زبور 5آیت )۔ یہ نہ صرف ایسی ہی آزمایشوں میں سے گزرنے والے لوگوں کو "تسلی" دینے میں ہمار ی مدد کرتی ہیں ( 2کرنتھیوں 1باب 4آیت) بلکہ یہ "ہمارے لئے ازحد بھاری اور ابدی جلال پَیدا کرتی جاتی ہے " (2کرنتھیوں 4باب 17آیت )۔
ذہنی اطمینان اور رُوح کا سکون جو باہمی طور جُڑے ہوئے ہیں تب ہی میسر ہوتے ہیں جب ہم مسیح کی اُس قربانی کے ذریعے خدا کے ساتھ حقیقی صلح کرتے ہیں جو اُس نے صلیب پر ہمارے گناہوں کی ادائیگی کے واسطے دی تھی ۔ جو لوگ دنیاوی مشاغل میں اطمینان حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ بالآخر خود کو دھوکے میں پائیں گے۔ تاہم مسیحیوں کے لیےذہنی اطمینان اُس خُدا کے بارے میں گہرے علم اور اُس پر مکمل بھروسے کے وسیلہ سے دستیاب ہے جو "اپنی دَولت کے موافق جلال سے مسیح یِسُوع میں تمہاری ہر ایک اِحتیاج رَفع کرے گا"(فلپیوں 4باب 19آیت )۔
English
بائبل مُقدس ذہنی سکون/اطمینان حاصل کرنے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟