سوال
دُعائیہ میٹنگ/اجتماع کی کیا اہمیت ہے ؟
جواب
کلیسیا کے آغاز سے ہی مسیحی دُعا کرنے کے لیے جمع ہوتے چلے آ رہے ہیں (اعمال 4باب 24آیت ؛ 12باب 5آیت ؛ 21باب 5آیت)۔ دُعائیہ اجتماعات تمام کلیسیا کے ساتھ ساتھ شرکت کرنے والے افراد کے لیے بھی نہایت گراں قدر ہیں۔
دُعا صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جویہ ایمان رکھتے ہیں کہ خدا شخصی ہے اور وہ جو اُس کے ساتھ شخصی تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں۔ مسیحی دُعا کے کاموں کو جانتے ہیں کیونکہ اُن کو ایک ایسے خُدا کا سامنا کرنے کا تجربہ ہوا ہے جو اعلان کرتا ہے " تم میرا نام لو گے اور مجھ سے دُعا کرو گے اور مَیں تمہاری سنُوں گا"(یرمیاہ 29باب 12آیت)۔ یوحنا رسول اِس بات کی تصدیق کرتا ہے: " ہمیں جو اُس کے سامنے دِلیری ہے اُس کا سبب یہ ہے کہ اگر اُس کی مرضی کے موافق کچھ مانگتے ہیں تو وہ ہماری سُنتا ہے۔ اور جب ہم جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم مانگتے ہیں وہ ہماری سُنتا ہے تو یہ بھی جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم نے اُس سے مانگا ہے وہ پایا ہے"(1یوحنا 5باب 14-15آیات)۔
خصوصاً ایک دوسرے کے ساتھ اوراپنی شخصی دُعاؤں کے وسیلہ سے ہم خُداوند یسوع پر اپنے ایمان کا اظہار اور توثیق کر رہے ہوتے ہیں۔ عظیم مسیحی خادم اور مشہور مصنف اینڈریو مورے نے کہا ہے کہ "دُعا کا انحصار بنیادی طور پر اور قریباً پوری طرح اس بات پر ہے کہ ہم کس سے دُعا کر رہے ہیں۔" یہ باہمی دُعا کے اُصو ل کے ذریعے سے ہی ممکن ہے کہ ہم خدا کے ساتھ بتدریج ترقی پاتی قربت میں بڑھتے جاتے اور ایک دوسرے کے ساتھ ایک رُوحانی رشتہ قائم کرتے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر دُعا کرنے کے سب سے بیش قیمت پہلوؤں میں سے ایک ہے۔
دُعائیہ اجتماعات کا ایک اور قیمتی فائدہ ایک دوسرے کے سامنے اپنے گناہوں کا اقرار کرنا ہے۔ دُعائیہ اجتماعات ہمیں اِس حکم کی تعمیل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ "ایک دُوسرے سے اپنے اپنے گُناہوں کا اِقرار کرو اور ایک دُوسرے کے لئے دُعا کرو تاکہ شفا پاؤ"(یعقوب 5باب 16آیت)۔ یہاں یعقوب رسول ضروری طور پر جسمانی شفا کی نہیں بلکہ رُوحانی بحالی کی بات کرتا ہے (عبرانیوں 12باب 12-13آیات)۔ وہ خدا کی اُس معافی کا بھی ذکر کرتا ہے جو ایماندار کو رُوحانی طور پر پھر سے صحتمند ہونے کے قابل بناتی ہے۔ یعقوب رسول جانتا تھا کہ جو بھیڑ گلہ سے الگ ہو جاتی ہے وہ گناہ کے خطرات سے متاثر ہونے کا زیادہ رجحان رکھتی ہے۔ خُدا چاہتا ہے کہ جب ہم ایک دوسرے کے لیے باہمی طور پر دُعا کرتے ہیں تو اُس کے لوگ محبت بھری رفاقت، باہمی ایمانداری اور گناہوں کے اقرار کے وسیلہ سے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں ۔ ایسی گہری رفاقت گناہ پر فتح کا تجربہ کرنے کے لیے رُوحانی قوت مہیا کرنے میں مدد کرتی ہے۔
دُعائیہ اجتماعات کی ایک اور بڑی اہمیت یہ ہے کہ ایماندار ایک دوسرے کو قائم رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ہم سب کو رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہےلیکن بطورمسیحی باہمی اشتراک اور دُعا کے ذریعے سے ہم اکثر دوسروں کی رُوحانی زندگیوں میں "زوال پذیر" ہونے سے بچنے میں مدد کرتے ہیں۔ مشترکہ دُعا کی اہمیت دِلوں کو متحد کرنے کی اِس کی طاقت میں ہے۔ اپنے بہن بھائیوں کی خاطر خُدا کے حضور دُعا کرنا ایک دوسرے کو رُوحانی طور پر جوڑنے کا اثر رکھتا ہے۔ جب ہم "ایک دوسرے کا بار" اٹھاتے ہیں تو ہم "مسیح کی شریعت کو پورا "کرتے ہیں (گلتیوں 6باب 2آیت )۔ جہاں دُعا ہے وہاں اتحاد ہے اور خداوند یسوع نے اپنے پیروکاروں کے درمیان اِس اتحاد کے لیے بڑی جانفشانی سے دُعا کی تھی (یوحنا 17باب 23آیت )۔
دُعائیہ اجتماعات کسی بھی اور چیز سے بڑھ کر تبدیلی لاتے ہیں ۔ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر دُعا کرتے ہوئے ایماندار خدا کے معجزات اور دِلوں کی تبدیلی کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
دُعائیہ اجتماع حقیقی اہمیت کا حامل وقت ہے کیونکہ ایماندار خدا کے ساتھ اُس کے تخت کے سامنے گہری قربت اور پرسکون رابطے کی تلاش کرتے ہیں۔ یہ خداوند کی موجودگی میں ہم ایمان لوگوں کے ساتھ اتحاد کا وقت ہے۔ یہ ارد گرد کے لوگوں کی دیکھ بھال کاوقت ہے کیونکہ یوں ہم اُن کے بوجھ کو بانٹتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہے جب خدا اپنی ا بدی محبت کا اظہار کرتا ہے اور جو اُس سے محبت رکھتے ہیں اُن کے ساتھ رابطہ رکھنے کی خواہش کرتا ہے۔
English
دُعائیہ میٹنگ/اجتماع کی کیا اہمیت ہے ؟