settings icon
share icon
سوال

کلیسیا کے آخری مصیبت سے پہلے اُٹھائے جانے (ریپچر) کے نظریے کی خوبیاں اور خامیاں کیا ہیں؟

جواب


علمِ الآخرت سے متعلق کسی بھی سوال پر غورو خوص کرتے وقت اس بات کو یاد رکھنا ضروری ہے کہ قریباً تمام مسیحی ان تین باتوں پر متفق ہیں کہ :

‌أ. بڑی مصیبت کاایک ایسا وقت آنے والا ہے جسے دنیا نے کبھی نہیں دیکھا،

‌ب. آخر ی مصیبت کے بعد یسوع زمین پر اپنی بادشاہی کو قائم کرنے کےلیے آئے گا اور

‌ج. کلیسیا کو اُٹھا لیا جائے گا- یعنی ایماندار فانی سےلافانی حالت میں تبدیل ہو جائیں گے جیسا کہ یوحنا14باب 1-3آیات؛ 1کرنتھیوں 15باب 51-52آیات؛ 1تھسلنیکیوں 4باب 16-17آیات میں بیان کیا گیا ہے ۔ لیکن قابلِ غور سوال یہ ہے کہ آخری مصیبت اور مسیح کی آمد ِثانی کے تعلق سے کلیسیا کو کب اُٹھایا جائے گا ؟

کلیسیاکے اُٹھائے جانے کے وقت سے متعلق تین اہم نظریات پائے جاتے ہیں :

پری ٹری بیولیشن ازم(یہ تصور کہ کلیسیا کو آخری مصیبت کے شروع ہونے سے پہلے اُٹھالیا جائے گا)،

مِڈ ٹری بیولیشن ازم (یہ تصور کہ کلیسیا کو آخری مصیبت کے درمیانی عرصہ میں اُٹھالیا جائےگا) اور

پوسٹ ٹری بیولیشن ازم ( یہ تصور کے کلیسیا کو آخری مصیبت کے آخر میں اُٹھایا جائے گا )۔ یہ مضمون خاص طور پر پری ٹری بیولیشن ازم کے نظریے کے بارے میں بات کرتا ہے ۔

پری ٹری بیولیشن کا نظریہ سکھاتا ہے کہ کلیسیا کو آخری مصیبت کے شروع ہونے سے پہلے اُٹھا لیا جائے گا۔ اس موقعہ پر کلیسیا ہوا میں مسیح یسوع سے ملے گی اور اس کے کچھ وقت بعد مخالفِ مسیح ظاہر ہوگا اور آخری مصیبت کا آغاز ہو جائے گا ۔ دوسرے الفاظ میں کلیسیا کے اُٹھائے جانے اور ( اپنی بادشاہی کے قیام کےلیے )مسیح کی آمدِ ثانی کے درمیان کم ازکم سات سالوں کا وقفہ ہو گا ۔ اس نظریے کے مطابق کلیسیا کسی طرح کی مصیبت کا سامنا نہیں کرے گی ۔

بائبلی تعلیمات کی روشنی کو مدِ نظر رکھتے ہوئےپری ٹری بیولیشن نظریے کو زیادہ لوگوں کی طرف سے تجویز کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر کلیسیا کو خدا نے غضب کےلیے مقرر نہیں کیا ( 1تھسلنیکیوں 1باب 9-10آیات؛ 5باب 9آیت) اور خداوند کا دن ایماندار پر نا گہاں نہیں آئےگا (1تھسلنیکیوں 5باب 1-9آیات)۔ فلد لفیہ کی کلیسیا سے وعدہ کیا گیا تھا کہ "چونکہ تُو نے میرے صبر کے کلام پر عمل کیا ہے اِس لئے مَیں بھی آزمایش کے اُس وقت تیری حفاظت کروں گاجو زمین کے رہنے والوں کے آزمانے کے لئے تمام دُنیا پر آنے والا ہے" ( مکاشفہ 3باب 10آیت)۔ غورطلب بات یہ ہے کہ وعدہ مصیبت کے وقت محفوظ ر رکھنے کے بارےمیں نہیں کیا گیا بلکہ آزمایش کے وقت سے چھٹکارے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔

پری ٹری بیولیشن کا نظریہ کچھ ایسی باتوں کی وجہ سے بھی لوگوں کی طرف سے حمایت حاصل کرتا ہے جن کا ذکر بائبل مُقدس کے اندر نہیں ہوا۔ انگریزی بائبل کے مطابق مکاشفہ کے پہلے تین ابواب میں لفظ " کلیسیا" 19 بار استعمال ہوا ہے مگر اہم بات یہ ہے کہ یہ لفظ 4 باب سےلیکر 22 باب تک دوبارہ استعمال نہیں ہوا ۔ دوسرے الفاظ میں آخری مصیبت سے متعلق مکاشفہ کی کتاب کے تمام تفصیلی بیان میں لفظ کلیسیا نمایاں طور پر غائب ہے ۔ درحقیقت بائبل آخری مصیبت سے تعلق رکھنے والے کسی بھی حوالے میں لفظ " کلیسیا " کا استعمال نہیں کرتی ۔

پری ٹری بیولیشن وہ واحد نظریہ ہے جو نہ صرف اسرائیل اور کلیسیا کے درمیان فرق کو بیان کرتا ہے بلکہ ان میں سے ہر ایک کےلیےخدا کے منصوبوں کے درمیان واضح فرق کو بھی برقرار رکھتا ہے ۔ دانی ایل 9باب 24آیت میں بیان کردہ ستر " ہفتے" دانی ایل کے لوگوں ( یہودیوں) اور دانی ایل کے مُقدس شہر ( یروشلیم ) کےلیے مقرر کئے گئے ہیں ۔ یہ پیشن گوئی واضح کرتی ہے کہ سترہواں ہفتہ (آخری مصیبت) کلیسیا کی بجائے اسرائیل اور یروشلیم کی تقدیس اور بحالی کا وقت ہے ۔

پری ٹری بیولیشن کے نظریے کو تاریخی حمایت بھی حاصل ہے ۔ یوحنا 21باب 22-23آیات سے ایسا معلوم ہوگا کہ ابتدائی کلیسیا کا خیال تھا کہ یسوع کی آمد قریب ہے یعنی وہ کسی بھی وقت آسکتا ہے ۔ ورنہ یہ افواہ نہیں پھیلنی تھی کہ یسوع یوحنا رسول کے جیتے جی آجائے گا ۔ کسی بھی واقعے کے جلد وقوع پذیر ہونے کا یہ تصور جو کہ کلیسیا کے اُٹھائے جانے کے دیگر دو نظریات سے مطابقت نہیں رکھتا پری ٹری بیولیشن کے نظریے کا ایک کلیدی اُصول ہے۔

اور پری ٹری بیولیشن کا نظریہ خدا کی ذات اور اپنے ایماندار/راستباز لوگوں کو دنیا کی عدالت سے محفوظ رکھنے کی اُس کی خواہش سے زیادہ ہم آہنگ معلوم ہوتا ہے ۔ ایمانداروں کو بچانے سے متعلق بائبل کی مثالوں میں نوح جسے خدا نے عالمگیر طوفان سےبچایا تھا ؛لوط جسے سدوم سے بچایا گیا تھا ؛ اور راحب جسے خدا نے یریحو کی تباہی کے وقت بچایا تھا ، کی مثالیں شامل ہیں( 2پطرس 2باب 6-9آیات)۔

پری ٹری بیولیشن کے نظریے کی ایک خامی یہ سمجھی جاتی ہے کہ بحیثیت کلیسیا ئی عقیدے کے یہ حال ہی میں تشکیل دیا گیا کیونکہ اٹھارہویں صدی کے ابتدائی حصوں تک یہ مکمل تفصیل کے ساتھ تیار یا پیش نہیں کیا گیا تھا ۔ اس کی ایک اور خامی یہ ہے کہ پری ٹری بیولیشن کا نظریہ یسوع مسیح کی واپسی کو دو "مراحل" –کلیسیا کے اُٹھائے جانے اور آمد ِ ثانی میں تقسیم کرتا ہے -جبکہ بائبل ایسے کسی طرح کے مراحل کے بارے میں بیان نہیں کرتی ۔

یہ حقیقت پری ٹری بیولیشن کے نظریے کو ایک اور مشکل میں مبتلا کر دیتی ہے کہ آخری مصیبت میں یقینا ًمقدسین بھی شامل ہوں گے ( مکاشفہ 13باب 7آیت؛ 20باب 9آیت) پری ٹری بیولیشن کے نظریے کے حامی اس کا جواب نئے عہد نامے کی کلیسیا کو پرانے عہد نامے کے مقدسین اورآخری مصیبت کے ایام کے مقدسین سے الگ ٹھہرانے کے ذریعے پیش کرتے ہیں ۔ کلیسیا کے اُٹھائے جانے کے وقت زمین پر موجود ایمانداروں کو آخری مصیبت کے شروع ہونے سے پہلے ہی اُٹھالیا جائے گا مگر ایسے لوگوں بھی ہوں گے جو مصیبت کے دوران مسیح پر ایمان لائیں گے ۔

کچھ لوگ پری ٹری بیولیشن کے نظریے کے لیے مشکل پیدا کرنے کی غرض سے یوحنا 6باب 40آیت میں یسوع کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہیں: "کیونکہ میرے باپ کی مرضی یہ ہے کہ جو کوئی بیٹے کو دیکھے اور اُس پر اِیمان لائے ہمیشہ کی زِندگی پائے اور مَیں اُسے آخِری دِن پھر زِندہ کروں۔" یسوع ایمانداروں کو "آخری دن " پھر زندہ کرنے کا وعدہ کرتا ہے مگر پری ٹری بیولیشن کے نظریے کے مطابق ایماندار مسیح کی آمدِ ثانی کے کم از کم سات سال پہلے کلیسیا کے اُٹھائے جانے کے موقع پر ہی زندہ کر دئیے جاتے ہیں ۔ اس کے جواب میں لفظ دن یعنی اخیر ایام جو کہ آخری دن کہلاتا ہے کا عام استعمال بھی شامل ہے جو کہ کلیسیا کے اُٹھائے جانے سے لے کر آمد ِ ثانی تک کے تمام وقت کا احاطہ کرے گا ۔ کلیسیا کا اُٹھایا جانا یعنی ریپچر کلیسیائی دور کے اختتام کی نشاندہی ہو گا اور یوں یہ اِس دَور کا آخری دن ہوگا۔

اور پری ٹری بیولیشن کے نظریے کی آخری خامی دیگر دو نظریات میں بھی پائی جاتی ہے : یعنی بائبل مستقبل کے واقعات کے بارےمیں کوئی واضح ترتیب پیش نہیں کرتی ۔ بائبل ایک نظریے کی نسبت دوسرے نظریے کو زیادہ واضح طور پر نہیں سکھاتی اور یہی وجہ ہے کہ اخیر ایام کے تعلق سے ہمارے پاس مختلف طرح کی آراء ہیں اوراس پر بھی کئی آراء ہیں کہ اخیر ایام سے متعلق پیشن گوئیوں کو کس طرح سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیا کے آخری مصیبت سے پہلے اُٹھائے جانے (ریپچر) کے نظریے کی خوبیاں اور خامیاں کیا ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries