settings icon
share icon
سوال

بائبل جسم /عصمت فروشی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟کیا خُدا کسی جسم /عصمت فروش کو معاف کر دے گا؟

جواب


جسم فروشی کا اکثر ایک "قدیم ترین پیشے" کے طو ر پر ذکر کیا جاتا ہے۔ درحقیقت اس طر ح سے پیسہ کمانا خواتین کا ہمیشہ سے ایک عام طریقہ رہا ہے ۔حتی ٰ کہ بائبل کے زمانے میں بھی عورتیں ایسے کام سے وابستہ تھیں ۔ بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ جسم فروشی ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔ امثال 23باب 27-28آیات بیان کرتی ہیں کہ "فاحشہ گہری خندق ہے اور بیگانہ عَورت تنگ گڑھا ہے۔ وہ راہزن کی طرح گھات میں لگی ہے اور بنی آدمؔ میں بدکاروں کا شُمار بڑھاتی ہے۔"

خدا کسبیوں سے صحبت رکھنے سے منع کرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس طرح کی صحبت مرد وں اور عورتوں دونوں کےلیے نقصان دہ ہے ۔ "کیونکہ بیگانہ عَورت کے ہونٹوں سے شہد ٹپکتا ہے اور اُس کا مُنہ تیل سے زِیادہ چکنا ہے پر اُس کا انجام ناگدَونے کی مانند تلخ اور دو دھاری تلوار کی مانند تیز ہے۔ اُس کے پاؤں مَوت کی طرف جاتے ہیں۔ اُس کے قدم پاتال تک پُہنچتے ہیں۔" ( امثال 5باب 3-5آیات)

جسم فروشی کا پیشہ نہ صرف شادی کے بندھنوں، خاندانوں اور زندگیوں کو تباہ کرتا ہے بلکہ یہ رُوح اور جان کو اس طر ح سے برباد کرتا ہے کہ یہ انسانی کی جسمانی اور رُوحانی ہلاکت کا سبب بنتا ہے۔ خدا چاہتا ہے کہ ہم پاک رہیں اور اپنے بدنوں کو اُس کے استعمال اور جلال کے ہتھیاروں کے طور پر استعمال کریں ( رومیوں 6باب 13آیت)۔ 1کرنتھیوں 6باب 13 آیت بیان کرتی ہے کہ "بدن حرام کاری کے لئے نہیں بلکہ خُداوند کے لئے ہے اور خُداوند بدن کے لئے"۔

جسم فروشی اگرچہ ایک گناہ آلود عمل ہے لیکن کوئی کسبی یا جسم فروش خدا کی معافی کے دائرہ سے باہر نہیں ہیں ۔بائبل اس بات کو قلمبند کرتی ہے کہ خدا اپنے منصوبے کی تکمیل کے لیے راحب نامی ایک کسبی کو استعمال کرتا ہے ۔ اُس کی فرمانبرداری کے نتیجے میں اُس نےخود اور اُس کے خاندان نے اجر اور برکت پائی تھی (یشوع 2باب 1آیت؛ 6باب 17-25آیات)۔ نئے عہد نامے میں مذکور ایک عورت جو یسوع سے اپنے گناہوں کی معافی اور پاکیزگی پانے سے پہلے ایک عصمت فروش بدکار کے طور پر جانی جاتی تھی یسوع کی خدمت کرنے کا اُس وقت موقع پاتی ہے جب وہ ایک فریسی کے گھر آیا ہو ا تھا۔ اس بات کو جانتے ہوئے کہ یسوع کون ہے وہ یسوع کے لیے ایک مہنگے عطر کی بوتل لاتی ہے ۔ ندامت اور شرمندگی میں روتے ہوئے وہ یسوع کے پاؤں پر عطر ڈالتی اور اپنے بالوں سے صاف کرتی ہے ۔ جب " بدکار " عورت کی طرف سے محبت کے عمل کو قبول کرنے پر فریسی یسوع پر تنقید کرتے ہیں تو یسوع نہ صرف اُنہیں ملامت کرتا ہے بلکہ وہ اُس عورت کی طرف سے عزت و تعظیم کو قبول بھی کرتا ہے ۔ اُس کے ایمان کے باعث مسیح یسوع اس کے تمام گناہو ں کو معاف کر دیتا ہے اور وہ اُس کی بادشاہی میں مقبول ٹھہرتی ہے ( لوقا 7باب 36-50آیات)۔

اُن لوگوں سے بات کرتے ہوئے جو اُس کے بارے میں سچ ماننے سے انکار کرتے ہیں یسوع مسیح فرماتا ہے " مَیں تم سے سچ کہتاہوں کہ محصُول لینے والے اور کسبیاں تم سے پہلے خُدا کی بادشاہی میں داخل ہوتی ہیں۔ کیونکہ یُوحنّا راست بازی کے طریق پر تمہارے پاس آیا اورتم نے اُس کا یقین نہ کیا مگر محصُول لینے والوں اور کسبیوں نے اُس کا یقین کیا اور تم یہ دیکھ کر پیچھے بھی نہ پچھتائے کہ اُس کا یقین کر لیتے"( متی 21باب 31-32آیات)۔

کسی بھی اور شخص کی طرح عصمت /جسم فروش بھی خدا کی طرف سے نجات اور ابدی زندگی پانے، اپنی تمام بدکاری سے پاک کئے جانے اور ایک نئی زندگی پانے کا موقع رکھتے ہیں! اُنہیں بس اتنا کرنا ہے کہ وہ اپنے گنہگار طرز زندگی سے منہ موڑیں اور اُس زندہ خدا کی طرف رجوع لائیں جس کا فضل اور رحم لا محدود ہے ۔"اس لئے اگر کوئی مسیح میں ہے تو وہ نیا مخلوق ہے۔ پُرانی چیزیں جاتی رہیں۔ دیکھو وہ نئی ہو گئیں " ( 2کرنتھیوں 5باب 17آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل جسم /عصمت فروشی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟کیا خُدا کسی جسم /عصمت فروش کو معاف کر دے گا؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries