settings icon
share icon
سوال

نگہبان/ بزرگ/ایلڈر اور مدد گار /خادم /ڈیکن کی اہلیت و قابلیت کیا بیان کی گئی ہے ؟

video
جواب


بائبل میں نگہبان/ بزرگ/ایلڈر اورمدد گار/خادم کے متعلق اور کلیسیا میں اُن کے عہدے کے تعلق سے اہلیت وقابلیت کے بارے میں ہدایت کا ایک واضح مجموعہ پایا جاتا ہے۔مدد گار/خادم کا عہدہ کلیسیا میں ایک عملی مسئلے سے نمٹنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا: "اور اُن بارہ نے شاگردوں کی جماعت کو اپنے پاس بُلا کر کہا مناسب نہیں کہ ہم خُدا کے کلام کو چھوڑ کر کھانے پینے کا اِنتظام کریں"(اعمال 6باب 2آیت)۔ وہ یونانی لفظ جس کا ترجمہ "انتظام " کیا گیا ہے diakonein /ڈیاکونین ہے ۔ یہ ایک اور لفظ سے ماخوذ ہے جس سے مراد"خادم، ویٹر/کھانا پیش کرنے والا یا وہ جو دوسرے کی خدمت کرتا ہے۔ "ڈیکن" سے مراد خدمت کرنا ہے۔ پہلے مددگار/خادم یروشلیم کی کلیسیا میں موجود سات آدمیوں کا ایک گروپ تھا جنہیں روزانہ کھانا تقسیم کرنے کی خدمت کے لیے مقرر کیا گیا تھا ۔ لہذا ایک ڈیکن /مددگار وہ شخص ہے جو کلیسیا میں مخصوص عہدے پر تقرری کی بنیاد پر دوسروں کی خدمت کرتا ہے۔



جس یونانی لفظ کا ترجمہ "بشپ/نگہبان" کیا گیا ہے وہepiskopos/ ایپسکوپس ہے۔بشپ / نگہبان منتظم ، نگران یا کلیسیا ئی جماعت میں سب پر اختیار رکھتا ہے۔ بائبل میں بشپ /نگہبان کو "بزرگ" (1 تیمتھیس 5باب 19آیت) اور "چرواہا" (افسیوں 4باب 11آیت ) بھی کہا گیا ہے۔

بشپ/نگہبان/پادری کی اہلیت و قابلیت 1 تیمتھیس 3باب 1-7آیات میں پائی جاتی ہیں: "یہ بات سچ ہے کہ جو شخص نگہبان کا عہدہ چاہتا ہے وہ اچّھے کام کی خواہش کرتا ہے۔ پس نگہبان کو بے اِلزام۔ ایک بیوی کا شوہر۔ پرہیزگار۔ مُتّقی۔ شایستہ۔ مُسافر پرور اور تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔ نشہ میں غُل مچانے والا یا مار پِیٹ کرنے والا نہ ہو بلکہ حلیم ہو۔ نہ تکراری نہ زَر دوست۔ اپنے گھر کا بخُوبی بندوبست کرتا ہو اور اپنے بچّوں کو کمال سنجیدگی سے تابع رکھتا ہو۔ (جب کوئی اپنے گھر ہی کا بندوبست کرنا نہیں جانتا تو خُدا کی کلیسیا کی خبرگیری کیونکر کرے گا؟)۔ نَومُرید نہ ہو تاکہ تکبُّر کر کے کہیں اِبلیس کی سی سزا نہ پائے۔ اور باہر والوں کے نزدِیک بھی نیک نام ہونا چاہیے تاکہ ملامت میں اور اِبلیس کے پھندے میں نہ پھنسے " ۔ پولُس تیمتھیس کو اُن باتوں کے بارے میں بھی نصیحت کرتا ہے جو ایک اچھے نگہبان کی تعلیم کی وضاحت کرتی ہیں۔ 1 تیمتھیس 4باب 11آیت سے لے کر 6باب 2آیت تک پولس تیمتھیس کو بارہ باتیں بتاتا ہے جن کا اُسے "حکم " اور " تعلیم " دینی تھی ۔

پولس رسول طِطُس کے نام اپنے خط میں بشپ/بزرگ/پادری کی اہلیت و قابلیت کو دہراتا ہے ۔ "جو بے اِلزام اور ایک ایک بیوی کے شَوہر ہوں اور اُن کے بچّے اِیمان دار اور بدچلنی اور سرکشی کے اِلزام سے پاک ہوں۔ کیونکہ نگہبان کو خُدا کا مختار ہونے کی وجہ سے بے اِلزام ہونا چاہئے نہ خُودرای ہو۔ نہ غُصّہ ور۔ نہ نشہ میں غُل مچانے والا۔ نہ مار پِیٹ کرنے والا اور نہ ناجائِز نفع کا لالچی۔ بلکہ مُسافر پرور۔ خیر دوست۔ مُتّقی۔ منصف مزاج۔ پاک اور ضبط کرنے والا ہو۔ اور اِیمان کے کلام پر جو اِس تعلیم کے مُوافق ہے قائم ہو تاکہ صحیح تعلیم کے ساتھ نصیحت بھی کر سکے اور مُخالفوں کو قائِل بھی کر سکے" (طِطُس 1باب 6-9آیات)۔

مددگار کی اہلیت و قابلیت بھی ایسی ہی ہیں جیسی نگہبان/بزرگ/پادری کی ہیں ۔ "اِسی طرح خادِموں کو بھی سنجیدہ ہونا چاہیے دو زُبان اور شرابی اور ناجائِز نفع کے لالچی نہ ہوں۔ اور اِیمان کے بھید کو پاک دِل میں حفاظت سے رکھّیں۔ اور یہ بھی پہلے آزمائے جائیں۔ اِس کے بعد اگر بے اِلزام ٹھہریں تو خدمت کا کام کریں۔ اِسی طرح عورتوں کو بھی سنجیدہ ہونا چاہئے۔ تُہمت لگانے والی نہ ہوں بلکہ پرہیزگار اور سب باتوں میں اِیمان دار ہوں۔ خادِم ایک ایک بیوی کے شَوہر ہوں اور اپنے اپنے بچّوں اور گھروں کا بخُوبی بندوبست کرتے ہوں۔ کیونکہ جو خدمت کا کام بخُوبی انجام دیتے ہیں وہ اپنے لئے اچھّا مرتبہ اور اُس اِیمان میں جو مسیح یِسُوع پر ہے بڑی دِلیری حاصل کرتے ہیں "(1تیمتھیس 3باب 8-13 آیات)۔ اس حوالے میں جس لفظ کا ترجمہ "ڈیکن/خادم " کیا گیا ہے وہ اُسی یونانی لفظ کی ایک شکل ہے جسے اعمال 6باب 2آیت میں استعمال کیا گیا ہے، لہذا ہم جانتے ہیں کہ ہم اُسی عہدے کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

یہ اہلیت و قابلیتیں سادہ اور واضح ہیں ۔ خادم اور نگہبان/بزرگ/پادری دونوں مرد، ایک بیوی کے شوہر، اعلیٰ کردار کے مالک اور ایسے اشخاض ہونے چاہییں جو اپنے گھرانے کا نظام بائبل کے مطابق چلاتے ہوں ۔ یہ قابلیتیں اس بات کو بھی لازمی قرار دیتی ہیں کہ ایسے عہدے کا خواہشمند نئی پیدایش کا حامل ایماندار اور خداکے کلام کی تابعداری میں چلتا ہو ۔ اہلیت و قابلیت کی دونوں فہرستوں کے درمیان اہم فرق صرف یہ ہے کہ نگہبان/ بزرگ/ پادری کو "تعلیم دینے کے لائق" ہونا چاہیے، جبکہ خادم کے لیے تعلیم دینالازمی قرار نہیں دیا گیا ۔

خود خُداوند یسوع کو بھی "گلّہ بان اور نگہبان "کہا جاتاہے (1پطرس 2باب 25آیت)۔ یہ القاب دلچسپی کے حامل ہیں ۔ لفظ گلہ بان یونانی لفظ poimen / پوئمین کا ترجمہ ہےجس کا ایک اور جگہ "چرواہا" ترجمہ کیا گیا ہے (مثلاً، افسیوں 4باب 11آیت)۔ پوئمین وہ شخص ہے جو ریوڑ یا بھیڑوں کی نگہبانی کرتاہے اور اُس لفظ کو مسیحی چرواہوں کے لیے استعاراتی طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ چرواہوں کو خدا کے "گلّہ" کی رہنمائی کرنی چاہیے اور انہیں خدا کے کلام سے سیر کرنا چاہیے ۔ جس لفظ کا ترجمہ یہاں "نگہبان" کیا گیا ہے وہی لفظ ایپسکوپس ہے جو پولس رسول نے 1 تیمتھیس اور ططُس کے نام خط میں استعمال کیا تھا۔

کلیسیا میں نگہبان اور خادم کے عہدے واضح طور پر اہمیت کے حامل ہیں۔ کلام اور کام میں خدا کے لوگوں کی خدمت کرنا انسان کے لیے ایک اہم ذمہ داری ہے اور اُسے کبھی بھی لاپرواہی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔ بائبلی معیار کے مطابق نااہل شخص کو نگہبان یا خادم کے عہدے پر فائز نہیں ہونا چاہیے ؛ کلیسیا ا ِ س سے بہتر کی مستحق ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

نگہبان/ بزرگ/ایلڈر اور مدد گار /خادم /ڈیکن کی اہلیت و قابلیت کیا بیان کی گئی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries