سوال
مذہب اور رُوحانیت میں کیا فرق ہے؟
جواب
اِس سے پہلے کہ ہم مذہب اور رُوحانیت میں پایا جانے والا فرق تلاش کریں، ہمیں اِن دونوں اصطلاحات کی وضاحت کرنی ہوگی ۔ مذہب کی تعریف اِس طرح کی جا سکتی ہے "ایسے خُدا یا خداؤں پر ایمان رکھنا جن کی عبادت کی جاتی ہے ، جس کا اظہار عام طور پر طرزِ عمل اور رسومات میں کیا جائے۔"یا پھر "عقائد، عبادت یا اِن جیسی دوسری چیزوں کا کوئی مخصوص نظام ،جس میں اکثر ضابطہ اخلاق بھی شامل ہوں"۔ رُوحانیت کی تعریف اِس طرح کی جا سکتی ہے"رُوحانی ہونا، غیر مادی ہونے کا معیار یا حقیقت ہے" یا پھر"مجموعی طور پر رُوحانی کردار جس کا اظہار سوچ اورطرزِ زندگی سے ظاہر ہو ؛ رُوحانی رجحان یا مزاج "۔ مختصر طور پر کہا جائے تو مذہب عقائد اور رسومات کا ایسا مجموعہ ہے جو انسان اور خدا کے درمیان درست رفاقت قائم کرنے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ رُوحانیت سے مراد جسمانی چیزوں کی بجائے رُوحانی چیزوں/باتوں اور رُوحانی دُنیا پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
مذہب کے بارے میں عام غلط فہمی یہ ہے کہ مسیحیت بھی دوسرے مذاہب جیسے کہ اسلام، یہودیت، ہندومت وغیرہ کی طرح ایک مذہب ہے۔ افسوس کہ بہت سے لوگ جو مسیحیت کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں مسیحیت پر ایسے عمل کرتے ہیں جیسےیہ ایک مذہب ہے۔ بہت سے لوگوں کے لئے مسیحیت اُن قوانین اور رسومات کے مجموعے سےبڑھ کر کچھ نہیں جن پر موت کے بعد فردوس میں جانے کےلیے کسی شخص کا عمل کرنا ضروری ہے ۔ یہ حقیقی مسیحیت نہیں۔ حقیقی مسیحیت ایک مذہب نہیں ہے بلکہ یہ فضل اور ایمان کے وسیلے یسوع مسیح کو نجات دہندہ قبول کر کے خُدا کے ساتھ درُست رفاقت قائم کرنا ہے۔ ہاں، مسیحیت میں عمل کرنے کے لئے رسومات پائی جاتی ہیں (مثلاً بپتسمہ اور عشائے ربانی)۔ ہاں، مسیحیت میں ایسے قوانین بھی پائے جاتے ہیں جن کی پیروی کرنا ضروری ہے (مثلاًخون نہ کرنا، ایک دوسرے سے محبت رکھنا، وغیرہ)۔ لیکن یہ رسومات اور قوانین مسیحیت کی اصل/بنیاد نہیں ہیں۔ مسیحیت کی رسومات اور قوانین نجات کے حصول کا نتیجہ ہیں۔ جب ہم یسوع مسیح کے وسیلہ سے نجات پاتے ہیں تو اِس ایمان کے اعلانیہ اظہار کے لئے ہم بپتسمہ لیتے ہیں۔ مسیح کے کفارے کی یادگاری میں ہم عشائے رُبانی کی رسم ادا کرتے ہیں۔ ہم خُدا کی محبت اور جو کچھ اُس نے ہمارے لئے کیا ہے اُس کی شکر گزاری میں ہم بہت سے کاموں کو ترک کرتے اور بہت سی باتوں کی پیروی کرتے ہیں ۔
رُوحانیت کے بارے میں عام غلط فہمی یہ ہے کہ رُوحانیت کی بہت سی اشکال ہیں اور اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ تمام اشکال یکساں طور پر درُست ہیں۔ غیر معمولی جسمانی حالت میں سوچ وبچار/دھیان و گیان کرنا، فطرت کے ساتھ تعلق رکھنا، رُوحانی عالم میں ارواح کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کرنا وغیرہ رُوحانی ہونا معلوم ہو سکتا ہے لیکن حقیقت میں یہ جھوٹی رُوحانیت ہے۔ حقیقی رُوحانیت یسوع مسیح کے وسیلہ سے نجات کے نتیجے میں خُدا کے رُوح القدس سے معمور ہونا ہے۔ حقیقی رُوحانیت رُوح القدس کا پھل ہے جو وہ کسی انسان کی زندگی میں پیدا کرتا ہے جس میں محبت، خوشی، اطمینان، تحمل، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلم اور پرہیزگاری شامل ہے( گلتیوں5باب 22-23آیات )۔ رُوحانیت زیادہ سے زیادہ خُدا جو رُوح ہے کی مانند بننے سے متعلق ہے (یوحنا 4 باب 24آیت) اور اپنے آپ کو اُس کے ہمشکل بنانا ہے (رومیوں 12 باب1- 2آیات)۔
مذہب اور رُوحانیت میں مشترک بات یہ ہے کہ دونوں ہی خُدا کے ساتھ رفاقت قائم کرنے کے غلط طریقے ثابت ہو سکتے ہیں۔ مذہب خُدا کے ساتھ حقیقی رفاقت کو رسومات کی بے حس پیروی کے ساتھ بدل دینے کا رجحان رکھتا ہے ۔ جبکہ رُوحانیت خُدا کے ساتھ حقیقی رفاقت کے متبادل میں رُوحانی دُنیا کے ساتھ تعلق قائم کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔ دونوں ہی خُدا کی طرف جانے والے غلط راستے ہو سکتے ہیں اور اکثر ہوتے بھی ہیں۔ اِس کے ساتھ ہی مذہب اِس اعتبار سے اہمیت کا حامل ہوسکتا ہے کہ یہ اِس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ایک خُدا موجود ہے اور ہم اُس کے سامنے جوابدہ ہیں۔ مذہب کی حقیقی اہمیت اِس بات کی نشاندہی کرنے میں ہے کہ ہم سب خُدا کے فضل سے محروم ہیں اور ہمیں ایک نجات دہندہ کی ضرورت ہے۔ رُوحانیت اس لحاظ سے اہمیت رکھ سکتی ہے کہ یہ اِس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ جسمانی دُنیا ہی سب کچھ نہیں ہے۔ انسان نہ صرف مادی ہیں بلکہ رُوح بھی رکھتے ہیں۔ ہمارے اردگرد ایک رُوحانی دُنیا موجود ہے جس سے ہمیں آگاہ ہونا چاہیے۔ رُوحانیت کی اصل اہمیت اِس حقیقت کی نشاندہی میں ہے کہ اِس نفسانی دُنیا سے باہر کوئی ایسی چیز یا شخصیت ہے جس کے ساتھ ہمیں رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔
یسوع مسیح مذہب اور رُوحانیت دونوں کی تکمیل ہے۔ یسوع ہی وہ واحد ہستی ہے جس کے سامنے ہم جوابدہ ہیں اور حقیقی مذہب اُسی کی جانب اشارہ کرتا ہے۔ صرف یسوع ہی ہے جس کے ساتھ ہمیں تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے اور حقیقی رُوحانیت اُسی کی نشاندہی کرتی ہے۔
English
مذہب اور رُوحانیت میں کیا فرق ہے؟