settings icon
share icon
سوال

پاک کئے جانے سے کیا مراد ہے ؟

جواب


پاک کئے جانے سے مراد " مخصوص " کیا جانا ہے۔ مُقد س، وقف شدہ اور پاک کردہ تقدیس کے لیے استعمال ہونے والےالفاظ اِس کے مترادف ہیں۔ بائبل چیزوں کے "پاک" کئے جانے کے بارے میں بات کرتی ہےجیسا کہ کوہِ سینا (خروج 19باب 23آیت) اور ہیکل کے لیے تحفے (متی 23باب 17آیت )؛ دن، جیسا کہ سبت کا دن (خروج 20باب 8آیت)؛ خدا کے نام (متی 6باب 9آیت )؛ لوگ، جیسےکہ بنی اسرائیل (احبار 20باب 7-8آیات) اور مسیحی (افسیوں 5باب 26آیت)۔

کسی چیز کے پاک کئے جانے کا مطلب ہے کہ اُسے کسی خاص استعمال کے لیے الگ کیا گیا ہے۔ کوہِ سینا کو شریعت کی فراہمی کے لیے دیگر تمام پہاڑوں میں سے چُن کر الگ کیا گیا تھا۔ یروشلیم کی ہیکل کو ایک سچے خدا کی عبادت کے لیے دیگر تمام جگہوں سے الگ کر لیا گیا تھا: " کیونکہ مَیں نے اِس گھر کو اب چُنا اور مُقدّس کِیا ہے کہ میرا نام یہاں سدا رہے اور میری آنکھیں اور میرا دِل برابر یہیں لگے رہیں گے "( 2توایخ 7باب 16آیت)۔

مقدس کی کئی چیزیں خدا کے کاموں کے لیے مخصوص ہیں اور اِنہیں دنیاوی کاموں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ جس رات بابل زوال پذیر ہوا اُس رات بیلشضر بادشاہ نے " مَے سے مسرور ہو کر حکم کِیا کہ سونے اور چاندی کے ظروف جو نبُوکدنضر اُس کا باپ یروشلیم کی ہیکل سے نکال لایا تھا لائیں تاکہ بادشاہ اور اُس کے اُمرا ءاور اُس کی بیویاں اور حرمیں اُن میں مَے خواری کریں"(دانی ایل5باب 2آیت )۔ یہ بیلشضر کے آخری افعال میں سے ایک تھا کیونکہ وہ اُس رات حملہ آور فارسیوں کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ خُدا کا نام "پاک " ہے (لوقا 11باب 2آیت) اور اُس کے نام کا کسی بھی طرح کا غیر سنجیدہ یا گستاخانہ استعمال کفر ہے۔

یوحنا 17باب 19آیت میں خُداوند یسوع نے اپنے بارے میں کہا کہ وہ اپنے آپ کو مُقدس کرتا ہے دوسرے الفاظ میں وہ پاک ہے اور گناہ سے "الگ" ہے۔ اسی طرح اُس کے پیروکاروں کو بھی گناہ سے اور خُدا کے کاموں کے لیے الگ کیا جاتا ہے (دیکھیں 1 پطرس 1باب 16آیت)۔

جو لوگ مُقدس کئے جاتے ہیں وہ نئے سرے سے پیدا ہوئے ہیں اور اس لیے خدا کے خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں (عبرانیوں 2باب 11آیت)۔ وہ خدا کے استعمال کے لیے مخصوص ہیں۔ وہ اپنی زندگیوں میں "رُوح کے پاک کرنے " کے عمل کو جانتے ہیں (1 پطرس 1باب 2آیت)۔ وہ جنسی بدکاری سے باز رہتے ہیں (1تھسلنیکیوں 4باب 3آیت)۔ وہ آگاہ ہیں کہ"مُقدّس لوگ ہونے کے لئے بُلائے گئے ہیں "(1کرنتھیوں 1باب 2آیت)۔

پاک کئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ خدا ہماری زندگیوں میں کام کر رہا ہے۔ پرانے عہد نامے کی شریعت کے مطابق چیزوں کو خدا کے لیے پاک کرنے کے واسطے قربانی کے خون کی ضرورت ہوتی تھی :"تقرِیباً سب چیزیں شرِیعت کے مطابِق خُون سے پاک کی جاتی ہیں اور بغیر خُون بہائے مُعافی نہیں ہوتی" ( عبرانیوں 9باب 22آیت) ۔ قربانی کے خون کو خیمہ اجتماع کی چیزوں، کاہنوں کے لباس اور لوگوں پر چھڑکا جاتا تھا۔ کسی بھی چیز کو اُس وقت تک مُقدس نہیں سمجھا جاتا تھا جب تک کہ اُس پر خون نہیں چھڑکا جاتا تھا ۔ یہ ہماری نجات کے لیے مسیح کے خون کے رُوحانی اطلاق کی تصویر تھی –ہم "یسُوع مسیح کا خُون چِھڑکے جانے کے لئے برگزِیدہ ہُوئے ہیں"( 1پطرس 1باب 2آیت )۔ جس طرح پرانے عہد نامے کی ہیکل کو خدا کے استعمال کے لیے مقدس کیا گیا تھا اُسی طرح ہمارے بدن، رُوح القدس کے مُقدس خدا کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں (1 کرنتھیوں 6باب 19آیت)۔

پاک کئے جانے سے مراد یہ ہے کہ خدا کاکلام ہم پر اثر انداز ہوا ہے۔ اسی "کلام کے ساتھ " خُدا ہمیں پاک کرتا اور ہمیں مُقدس بناتا ہے (افسیوں 5باب 26آیت ؛ یوحنا 17باب 17آیت )۔

خُدا ہم گنہگاروں کو دعوت دیتا ہے کہ"ہم جیسے بھی ہیں " اُس کے پاس آئیں اور اس کے رحم اور معافی کو حاصل کریں۔ جب ہم نجات پاتے ہیں تو رُوح القدس ہمیں مسیح کی صورت اور شکل میں تبدیل کرنے کا اپنا حیرت انگیز کام شروع کرتا ہے۔ پاک کئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ خُدا ہم سے اِس قدر پیار کرتا ہے کہ وہ ہمیں گناہ کی حالت میں چھوڑنا نہیں چاہتا۔

پولس رسول کی دعا ہر جگہ اور تمام ایمانداروں کے لیے ہے: " خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے آپ ہی تم کو بِالکل پاک کرے اور تمہاری رُوح اور جان اور بدن ہمارے خُداوند یسُوع مسیح کے آنے تک پُورے پُورے اور بے عیب محفُوظ رہیں "( 1تھسلنیکیوں 5باب 23آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

پاک کئے جانے سے کیا مراد ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries