settings icon
share icon
سوال

بائبل مُقدس خود راستی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


لغت کے مطابق خود راستی سے مراد " کسی شخص کا اپنی نیکو کاری پر شدید اعتماد رکھنا ہے ، بالخصوص جب وہ اخلاقی لحاظ سے متکبر اور دوسروں کی رائے اور رویے کے حوالے سے تنگ نظر ہو ۔" بائبلی لحا ظ سے بات کی جائے تو خود راستی جس کا تعلق ضابطہ پرستی کیساتھ ہے، اصل میں یہ تصور ہے کہ ہم کسی لحاظ سے اپنے طور پر وہ راستبازی پیدا کر سکتے ہیں جو خدا کے نزدیک قابل قبول ہو گی (رومیوں 3باب 10آیت )۔ اگرچہ کوئی بھی سنجیدہ مسیحی اِس سوچ کے غلط ہونے کو تسلیم کرے گا لیکن یہ ماننا کہ ہم راستباز ہیں یا ہم اپنے طور پر راستباز بن سکتے ہیں ہماری گناہ آلود فطرت کی وجہ سے ہم سب کے لیے ایک مستقل آزمایش ہے ۔ نئے عہد نامے میں خداوند یسوع اور پولس رسول نے خود راستی کی زندگی بسر کرنے کی کوشش کرنے والے لوگوں کی خاص طور پر سخت ملامت کی تھی ۔

خداوند یسوع کی طرف سے خود راستی کی مذمت اُس وقت کی یہودی قیادت کے ساتھ اُس کے برتاؤ کا خصوصاً ناگوار حصہ تھا۔ فقیہوں اور فریسیوں کی خود کو دوسروں سےبہتر ظاہر کرنے کے لیے ضابطہ پرستانہ روایات کیساتھ گہری وابستگی کے باعث خداوند یسوع متی 23باب میں اُن کی چھ بار مذمت کرتا ہے۔ خداوند یسوع نے فریسی اور محصول لینے والے کی تمثیل اُن لوگوں کو خاص طور پر سُنائی تھی "جو اپنے آپ پر بھروسا رکھتے تھے کہ ہم راستباز ہیں اور باقی آدمیوں کو نا چیزجانتے تھے " (لوقا 18باب 9-14آیات )۔

فریسی نے اپنے اعمال کی بنیاد پر خُدا کے حضور قبولیت کا خیال کیا، جبکہ محصول لینے والے نے تسلیم کیا کہ اُس کے اندر کوئی ایسی خوبی نہیں ہے جس کے باعث اُسے خُدا کی تائید حاصل ہوتی۔ حقیقی راستبازی کے حوالے سے خداوند یسوع اناجیل میں فریسیوں اور فقیہوں سے با ر بار متصادم ہوتا ہے ۔ اِس کے ساتھ وہ اپنے شاگردوں کو خود راستی کے خطرات کے بارے میں خبردار کرنے میں بہت زیادہ وقت اور توانائی خرچ کرتے ہوئے ا س بات کو واضح کرتا ہے کہ اُس کے بغیروہ کچھ نہیں کر سکتے (یوحنا 15باب 5آیت )۔

خود راستی کے بارے میں پولس رسول کا برتاؤ خداوند یسوع کے برتاؤ سے کم تنقیدی نہیں ہے۔ اُس نے روم کی کلیسیا کے نام خط میں خُدا کے فضل کے لیے اپنی عظیم دلیل کا آغاز ختنے پر یہودیوں کے خود راستی کے حامل اعتماد کی مذمت کرتے ہوئے کیا (رومیوں 2باب 17-24آیات)۔ وہ 10 باب میں یہ کہتے ہوئے مزید بیان کرتا ہےکہ یہودیوں نے خدا کی حقیقی راستبازی سے لاعلمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی راستی کی بنیاد پر خدا کے حضور قبولیت حاصل کرنے کی کوشش کی (رومیوں 10باب 3آیت )۔ اُس کا حتمی فیصلہ یہ ہے کہ راستبازی کے لیے شریعت کی تکمیل انسان نہیں بلکہ مسیح ہے (4 آیت)۔

گلتیہ کی کلیسیا کے نام پولس رسول کے خط نے بھی اس مسئلے پر بات کی ہے ۔ اِن ایمانداروں کو بتایا جا رہا تھا کہ اُنہیں خُدا کے حضور قابلِ قبول ہونے کے لیے مخصوص کام ،بالخصوص ختنہ کرانا ہو گا ۔ پولس رسول یہاں تک کہتا ہے کہ یہ کوئی اور خوشخبری ہے اور اِس کی حمایت کرنے والوں کو وہ "ملعون" قرار دیتاہے (گلتیوں 1باب 8-9آیات )۔ وہ اپنے قارئین کو مزید موثر طور پر بتاتا ہے کہ اگر راستبازی اُن کے اپنے اعمال سے حاصل ہو سکتی ہوتی (گلتیوں 2باب 21آیت ) اور یہ بھی کہ اگرراستبازی "شریعت کے سبب سے " حا صل ہو سکتی ہوتی تو بھی خداوند یسوع کا "مرنا عبث ہوتا" (گلتیوں 3باب 21آیت )۔ گلتیہ کی کلیسیا کے ایمانداروں کے بارے میں پولس رسول نے یہ فیصلہ دیاتھا کہ وہ جسمانی طور پر کامل ہونے کی کوشش کرنے میں نا دان تھے (گلتیوں 3باب 1-3آیات)۔

یہ کہنا کم بیانی ہوگی کہ ہر ایماندار اس رویے سے متاثر ہے۔ اپنی نجات کے تقاضے کو پورا کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنے کی کوشش کرنا ہماری گناہ آلود فطرت میں شامل ہے ۔ ہمارے مغرور دِلوں کے لیے فضل کی اُس مہنگی آزادی کو جو ہمارے کسی تعاون کے بغیر خُداوند یسوع کے خون کے وسیلہ سے ہمارے لیے خریدی گئی سمجھنا یا اُس کی قدر کا انداز کرنا مشکل ہے۔ اپنے آپ کا ایک دوسرے کے ساتھ موازنہ کرنا اس سے کہیں زیادہ آسان ہے کہ ہم یہ تسلیم کر یں کہ ہم ایک مقدس خُدا کے معیاروں پر پورا نہیں اتر سکتے۔ تاہم مسیح میں ہم حقیقی راستبازی کو جان سکتے ہیں۔ مسیح میں ہم گناہوں کی اُس معافی کو جان سکتے ہیں جو فضل کے وسیلہ سے ہمیں حاصل ہوتی ہے۔ چونکہ اُس نے ہمارے واسطے جان دی تھی اس لیے ہم اُس کی گناہ سے مبّرا زندگی اور اُس کی ہمارے گناہ کی خاطر موت دونوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں (2 کرنتھیوں 5باب 25آیت )۔ خدا کے حضور کسی طرح نیک بننے کی کوشش کرنے کی بجائے ہم اُس کی قربانی کے باعث اپنے گناہ کا مقابلہ کر سکتے اور انہیں صلیب پرکھینچ سکتے ہیں ۔ ہم اُس فضل کو صرف صلیبی کفارے میں ہی دیکھ سکتے ہیں جو ہمارے تمام گناہوں کا احاطہ کرتا اور ہمارے دِلوں میں خود راستی کی طرف مستقل رجحان کو شکست دیتا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مُقدس خود راستی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries