settings icon
share icon
سوال

مجھے خدا کی خدمت کیوں کرنی چاہیے ؟

جواب


یہ حقیقت کہ ہمیں خدا کی خدمت کرنی چاہیے کلامِ مقدس میں پوری طرح واضح ہے (دیکھیں لوقا 4باب 8آیت)۔ اس سے بھی زیادہ مشکل سوال یہ ہے ہمیں خدا کی خدمت کرنے کی خواہش کیوں رکھنی چاہیے ۔ ہر مسیحی کے پاس خدا کی خدمت کرنے کی مختلف وجہ ہو سکتی ہے؛ مختلف لوگ مختلف باتوں سے تحریک پاتے ہیں۔ تاہم بائبل اس بات کو واضح کرتی ہے کہ جب کوئی شخص خُدا کے ساتھ حقیقی تعلق میں ہوتا ہے تو وہ خُدا کی خدمت کرے گا۔ خدا کی خدمت کرنے کی ہمیں خواہش ہونی چاہیے اس لیے کہ ہم اُسے جانتے ہیں؛ اُسے جاننے کا ایک بنیادی پہلو اُس کی خدمت کرنے کی خواہش ہے۔

ہمیں اپنے بیٹےخُداوند یسوع کی مانند بنانا ہمیشہ سے خدا کا مقصد رہا ہے (رومیوں 8باب 29آیت)۔ جب ہم خُداوند یسوع کی زندگی پر نظر ڈالتے ہیں تو اِس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ ایک خادم تھا۔خُداوند یسوع کی تمام زندگی منادی کرنے ، شفا دینے اور بادشاہی کی منادی کے وسیلے خدا کی خدمت کرنے پر مرکوز تھی (متی 4باب 23آیت)۔ وہ" اِس لئے نہیں آیا کہ خدمت لے بلکہ اِس لئے کہ خِدمت کرے "( متی 20باب 28آیت)۔ پھراپنی گرفتاری کی رات خُداوند یسوع نے اپنے شاگردوں کے پاؤں دھوئے اور انہیں ایک دوسرے کی خدمت کرنے کی آخری تعلیم کے ساتھ رخصت کیا :" مَیں نے تم کو ایک نمُونہ دِکھایا ہے کہ جَیسا مَیں نے تمہارے ساتھ کِیا ہے تم بھی کِیا کرو"( دیکھیں یوحنا 13باب 12-17آیات)۔ لہذا اگر خُداوند یسوع کی ذات صرف خدمت کرنے سے تعلق رکھتی ہےاور خُدا ہمیں اُس کی مانند بنانا چاہتا ہے تو یہ بالکل واضح ہے کہ ہمارا بھی خدمت سے تعلق ہونا چاہیے۔

حقیقی خدمت کو محبت سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم خدا کی خدمت کے محرکات کا تجربہ کر سکتے ہیں لیکن اگر ہمارے دل اُس میں مگن نہیں ہیں تو ہم اصل نکتے کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ 1 کرنتھیوں 13باب یہ بات واضح کرتا ہے کہ جب تک ہماری خدمت محبت پر مبنی نہیں یہ بے معنی ہے۔ فرض یا ذمہ داری کے احساس کے ساتھ محبت سے خالی خدا کی خدمت کرنا وہ چیز نہیں جو وہ چاہتا ہے۔ بلکہ خُدا کی خدمت کرنا اُس کے لیے ہمارا فطری اور محبت سے بھرپور ردعمل ہونا چاہیے جس نے ہم سے پہلے محبت رکھی ہے (دیکھیں 1یوحنا 4باب 9-11آیات)۔

پولس رسول اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح مسیح کے وسیلے خُدا کے ساتھ تعلق قائم کرنے کا نتیجہ ایک ایسی زندگی کی صورت میں نکلتا ہے جو خدمت گزاری پر مشتمل ہوتی ہے ۔ مسیح کو قبول کرنے سے پہلے پولس ایمانداروں کو اس خیال سے ستاتا اور قتل کرتا تھا کہ وہ خدا کی خدمت کر رہا ہے ۔ لیکن دمشق کی راہ پرخُداوند یسوع سے ملنے کے بعد اُس نے فوراً ہی اپنی باقی زندگی یسوع مسیح کی انجیل پھیلانے کے ذریعے خدا کی حقیقی خدمت کرنے کے لیے وقف کر دی (دیکھیں اعمال 9باب 20آیت)۔ پولس 1 تیمتھیس 1باب 12-14آیات میں اُس تبدیلی کو بیان کرتا ہے: " مَیں اپنے طاقت بخشنے والے خُداوند مسیح یِسُوع کا شکر کرتا ہُوں کہ اُس نے مجھے دِیانت دار سمجھ کر اپنی خِدمت کے لئے مُقرر کِیا۔ اگرچہ مَیں پہلے کُفر بکنے والا اور ستانے والا اور بے عِزت کرنے والا تھا تَو بھی مجھ پر رَحم ہُوا اِس واسطے کہ مَیں نے بے اِیمانی کی حالت میں نادانی سے یہ کام کئے تھے۔ اور ہمارے خُداوند کا فضل اُس اِیمان اور مُحبّت کے ساتھ جو مسیح یِسُوع میں ہے بہت زِیادہ ہُوا "۔ایک بار جب پولس اس محبت اور فضل سے واقف ہو گیا جو خُدا نے اُس پر کیا تھا تو اُس کا ردّ عمل خُدا کی خدمت کرنے کی صورت میں ظاہر ہوا۔

بائبل ہماری خدمت کے لیے کئی محرکات پیش کرتی ہے۔ ہم خُدا کی خدمت کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم نے وہ بادشاہی پائی ہے "جو ہلنے کی نہیں " (عبرانیوں 12باب 28آیت )، کیونکہ ہماری خدمت سے "مقدسوں کی احتیاجیں رفع ہوتی ہیں" (2 کرنتھیوں 9باب 12آیت)، کیونکہ ہماری خدمت ہمارے ایمان کو ثابت کرتی اور دوسروں کو خدا کی تعریف کرنے کی ترغیب دیتی ہے (2 کرنتھیوں 9باب 13آیت) اورکیونکہ خدا ہماری محبت کی محنت کو دیکھتا اور اس کا بدلہ دیتا ہے (عبرانیوں 6باب 10آیت)۔ اِن میں سے ہر ایک بات خدا کی خدمت کرنے کی ایک اچھی وجہ ہے۔

ہم صرف وہی چیز دوسروں کو دے سکتے ہیں جو ہم نے پہلے پائی ہے۔ ہم خُدا سے محبت اور اُس کی خدمت اس وجہ سے کر سکتے ہیں کہ اُس نے یسوع مسیح کے ذریعے پہلے ہم سے محبت رکھی اور خدمت کی۔ ہم اپنی زندگیوں میں جتنا زیادہ خُدا کی محبت سے واقف ہوتے جاتے اور تجربہ کرتے ہیں ہم اُتنا ہی زیادہ محبت کے ساتھ اُس کی خدمت کے وسیلے ردّ عمل ظاہر کرنے کا رجحان رکھتے ہیں۔ اگر آپ خُدا کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو اِس کی کلید اُسے جاننا ہے! روح القدس سے دُعا کریں کہ وہ آپ پر خُدا کو کثرت سے عیاں کرے (یوحنا 16باب 13آیت )۔ جب ہم حقیقی معنوں میں خُدا جو محبت ہے (1 یوحنا 4باب 8آیت)کو جانتے ہیں تو ہمارا فطری ردعمل بدلے میں اُس سے محبت اور اُس کی خدمت کرنے کی خواہش کی صورت میں ہوتا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے خدا کی خدمت کیوں کرنی چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries