سوال
مکاشفہ کی کتاب میں سات مُہریں اور سات نرسنگے کیا ہیں؟
جواب
سات مُہریں(مکاشفہ 6 باب 1-17 آیات، 8 باب 1-5 آیات)، سات نرسنگے(مکاشفہ 8 باب 6-21 آیات؛ 11 باب 15- 19آیات اور سات پیالے (مکاشفہ 16باب 1-21 آیات) آخری ایام میں خُدا کی عدالت کے تین یکے بعد دیگرے وقوع پذیر ہونے والے سلسلے ہیں۔اِن علامتوں کی روشنی میں اخیر زمانے میں جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے خُدا کی عدالت آہستہ آہستہ سخت اور تباہ کن ہوتی چلی جاتی ہے۔ سات مُہریں، سات نرسنگے اور قہر کے سات پیالے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔ ساتویں مُہر سات نرسنگوں کو متعارف کرواتی ہے (مکاشفہ 8باب1-5 آیات) اور ساتواں نرسنگا قہر کے سات پیالوں کو متعارف کرواتا ہے(مکاشفہ 11باب15- 19آیات، 15 باب 1-8 آیات )۔
سات مُہروں میں سے پہلی چار مُہریں مکاشفہ کے چار گھڑ سواروں کی نمائندگی کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ پہلی مُہر مخالفِ مسیح کو متعارف کرتی ہے(مکاشفہ 6 باب 1-2 آیات)۔ دوسری مُہر عظیم جنگوں کا سبب بنتی ہے(مکاشفہ 6 باب 3-4 آیات)۔ تیسری مُہر قحط سالی کا سبب بنتی ہے (مکاشفہ 6 باب 5- 6 آیات)۔ چوتھی مُہر وباؤں، مزید قحط سالیوں، جنگلی درندوں، اور مزید جنگوں کا سبب بنتی ہے(مکاشفہ 6 باب 7-8 آیات )۔
پانچویں مُہر اُن لوگوں کے بارے میں بتاتی ہے جو آخری ایام کے دوران مسیح پر ایمان رکھنے کے سبب سے شہید ہوں گے(مکاشفہ 6 باب 9-11 آیات)۔ خُدا انصاف کے لئے اُن کی التجا کو سُنتا ہے اورچھٹی مُہر کے کھلنے پر نرسنگوں اور قہر کے پیالوں کی صورت میں اپنے مقرر کردہ وقت پر انصاف کرتا ہے۔ جب چھٹی مُہر کھولی جاتی ہے ایک تباہ کُن زلزلہ آتا ہے، جو کہ اجرامِ فلکی میں غیر معمولی قسم کی تبدیلی اور مظاہر اور بہت ہی خوفناک تباہی کا سبب بنتا ہے (مکاشفہ 6 باب 12-14 آیات)۔ اُس وقت جو بچ جائیں گے وہ چلائیں گے، "ہم پر گر پڑو اور ہمیں اُس کی نظر سے جو تخت پر بیٹھا ہوا ہے اور برّہ کے غضب سے چھپا لو۔ کیونکہ اُن کے غضب کا روزِ عظیم آ پہنچا ۔ اب کون ٹھہر سکتا ہے؟"(مکاشفہ 6 باب 16-17 آیات )۔
ساتویں مُہر کا ذکر مکاشفہ 8 باب 6-21 آیات میں ملتا ہے ۔ سات نرسنگے سات مُہروں سے ہی منسلک ہیں اور اُن میں بھی اُسی طرح کی چیزیں دیکھنے کو ملتی ہیں (مکاشفہ 8 باب 1-5 آیات)۔ پہلا نرسنگا آگ اور اولوں کا سبب بنتا ہے جو تہائی زمین اور اُسکے تہائی درختوں (سبزے)کو تباہ کر دیتے ہیں(مکاشفہ 8 باب 7 آیت)۔ دوسرا نرسنگا سمندر کی تہائی جاندار مخلوقات کی موت اور تہائی جزیروں کی تباہی کا سبب بنتا ہے(مکاشفہ 8 باب 8- 9 آیات)۔ تیسرا نرسنگا دوسرے سے ملتا جلتا ہے جو سمُندر کے علاوہ دُنیا کے دریاؤں، چشموں اورجھیلوں پراثر انداز ہوتا ہے۔ (مکاشفہ 8 باب 10-11 آیات)۔
چوتھا نرسنگا سورج اور چاند کو تاریک کر دیتا ہے(مکاشفہ 8 باب 12 آیت)۔ پانچویں نرسنگے کا نتیجہ شیطانی ٹڈیاں ہوتی ہیں جو انسانوں پر حملہ کرتی اور اُنہیں اذیت پہنچاتی ہیں (مکاشفہ 9 باب 1-11 آیات)۔ چھٹے نرسنگے پر شیطانی فوج چھوڑی جاتی ہے جو ایک تہائی انسانوں کو مار ڈالتی ہے(مکاشفہ 9باب 12-21 آیات)۔ ساتواں نرسنگا خُدا کے قہر کے سات پیالوں کو لیے ہوئے سات فرشتوں کو بُلاتا /متعارف کرواتا ہے(مکاشفہ 11 باب 15- 19آیات؛ 15 باب 1-8 آیات)۔
خُدا کے قہر کے سات پیالوں کا ذکر مکاشفہ 16باب 1-21 آیات میں ملتا ہے۔ سات پیالوں کی عدالت ساتویں نرسنگے کے ساتھ شروع ہوتی ہے۔ پہلا پیالہ بُرے اور تکلیف دہ ناسوروں کا سبب بنتا ہے (مکاشفہ 16 باب 2 آیت)۔ دوسرے پیالے کا نتیجہ سُمندر کے تمام جانداروں کی موت کی صورت میں نکلتا ہے (مکاشفہ 16 باب 3 آیت)۔ تیسرا پیالہ دریاؤں کے پانی کو خون بنا دیتا ہے (مکاشفہ 16 باب 4-7 آیات)۔ چوتھے پیالے کے انڈیلے جانے کے ساتھ ہی سورج کی گرمی بڑھ جاتی ہے جس سے زمین پر کے انسان جھلس جاتے ہیں(مکاشفہ 16 باب 8- 9آیات)۔ پانچواں پیالہ گہری تاریکی اور پہلے پیالے سے پیدا ہونے والے ناسوروں کی تکلیف میں شدت کا سبب بنتا ہے(مکاشفہ 16 باب 10-11 آیات )۔ چھٹے پیالے کے انڈیلے جانے کے نتیجے کے طور پر دریائے فرات سوکھ جاتا ہے اور مخالفِ مسیح کی فوجیں ہر مجدون کی جنگ کے لئے ایک ساتھ جمع ہو جاتی ہیں (مکاشفہ 16 باب 12-14 آیات)۔ ساتویں پیالے کا نتیجہ تباہ کُن زلزلہ ہوتا ہے جس کے ساتھ من من بھر کے اولے گرتے ہیں(مکاشفہ 16 باب 15-21 آیات)۔
مکاشفہ16 باب 5-7 آیات بیان کرتی ہیں کہ ، "اَے قدوس! جو ہے اور جو تھا تُو عادِل ہے کہ تُو نے یہ انصاف کیا۔ کیونکہ اُنہوں نے مُقدسوں اور نبیوں کا خون بہایا تھا اور تُو نے اُنہیں خون پلایا۔ وہ اِسی لائق ہیں۔ پھر مَیں نے قُربان گاہ میں سے یہ آواز سُنی کہ اے خُداوند خُدا قادرِ مطلق! بیشک تیرے فیصلے درُست اور راست ہیں"۔
English
مکاشفہ کی کتاب میں سات مُہریں اور سات نرسنگے کیا ہیں؟