settings icon
share icon
سوال

جنسی پاکیزگی اتنی اہم کیوں ہے ؟

جواب


خُدا نے مرد اور عورت کو جنسی تعلقات کی خوشی اور لذت شادی کے رشتے کی حدود کے اندر عطا کی تھی اور بائبل مرد اور بیوی کے درمیان اس اتحاد کی حدود کے اندر جنسی پاکیزگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کے بارے میں واضح ہے (افسیوں 5باب 31آیت)۔ انسان خدا کی طرف سے ملنے والےاِس تحفے کے خوشگوار اثر سے بخوبی واقف ہیں لیکن انہوں نے اسے ازدواجی عہد سے آگے اور قریباً کسی بھی صورتِ حال تک بڑھا دیا ہے۔ بے ایمان دنیا کا یہ فلسفہ کہ"اگر کچھ اچھا لگتا ہے تو اسے کر لیں " ثقافتوں ، خصوصاً مغربی ممالک میں اس حد تک سیرایت کر چکا ہے کہ جہاں جنسی پاکیزگی دقیانوسی اور غیر ضروری معلوم ہوتی ہے۔

اس کے باوجود اس بات پر غور کریں کہ خدا جنسی پاکیزگی کے بارے میں کیا فرماتا ہے ۔ " تُم پاک بنو یعنی حرام کاری سے بچے رہو۔ اور ہر ایک تم میں سے پاکیزگی اور عِزت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصل کرنا جانے۔ نہ شہوَت کے جوش سے اُن قَوموں کی مانِند جو خُدا کو نہیں جانتیں۔ اِس لئے کہ خُدا نے ہم کو ناپاکی کے لئے نہیں بلکہ پاکیزگی کے لئے بُلایا "(1تھسلنیکیوں 4باب 3-5، 7آیت)۔ یہ حوالہ خدا کے لوگوں کی زندگیوں میں جنسی پاکیزگی کے مطالبے کی وجوہات بیان کرتا ہے۔

پہلی بات یہ کہ ہمیں "پاک " کیا جاتا ہے اور اس وجہ سے ہمیں جنسی بے راہ روی سے بچنا ہے ۔ وہ یونانی لفظ جس کا ترجمہ "پاک " کیا گیا ہےاُس کا لغوی معنی "صاف کیا گیا، مقدس بنایا گیا، [خدا کے لیے] وقف کیا گیا ہے۔" مسیحی ہونے کے ناطے، ہمیں ایک پاکیزہ زندگی بسر کرنی ہے کیونکہ صلیب پر مسیح کی راستبازی کے ہمارے گناہوں کے ساتھ تبادلے کے نتیجے میں ہم پاک کئے گئے اور مسیح میں بالکل نئے مخلوق بنائے گئے ہیں (2 کرنتھیوں 5باب 17-21آیات)۔ ہماری پرانی فطرتیں اپنی جنسی اور دیگر تمام طرح کی ناپاکیوں سمیت مُردہ ہو چکی ہیں اور اب ہم جو زندگی جیتے ہیں اُس ذات پر ایمان کے ساتھ جیتے ہیں جو ہمارے لیے مصلوب ہو کر مر گیا تھا (گلتیوں 2باب 20آیت )۔ جنسی ناپاکی (بدکاری ) میں ملوث رہنا کسی کے نجات یافتہ ہونے کی تردید ہے اور ایسا کرنا درحقیقت یہ سوال کرنے کی ایک جائز وجہ ہے کہ کیا ہم کبھی حقیقی طور پر نئے سرے سے پیدا ہوئے بھی تھے یا نہیں ؟ تقدیس یعنی وہ عمل جس کے ذریعے ہم زیادہ سے زیادہ مسیح کی مانند بنتے جاتے ہیں ہماری نجات کی حقیقت کا ایک بنیادی ثبوت ہے۔

1تھسلنیکیوں 4باب 3-5آیات میں ہم اپنے بدنوں پر قابورکھنےکی ضرورت کو بھی دیکھتے ہیں۔ جب ہم جنسی بے حیائی کو قبول کرتے ہیں تو ہم اِس بات کا ثبوت دے رہے ہوتے ہیں کہ رُوح القدس ہمیں معمور نہیں کر رہا کیونکہ ہماری زندگی میں رُوح القدس کے پھلوں میں سے ایک پھل – پر ہیز گاری نہیں ہے ۔ تمام ایماندار اس بات کی بنیاد پربڑے یا چھوٹے درجے پر رُوح کے پھل (گلتیوں 5باب 22-23آیات) کو ظاہر کرتے ہیں کہ آیا ہم رُوح القدس کو اپنی زندگیوں پر اختیار رکھنے کی اجازت دے رہے ہیں یا نہیں ۔ بے قابو "شہوت پرستی " جسم کا کام ہے (گلتیوں 5با ب 19آیت )نہ کہ روح کا ۔ لہٰذا اپنی خواہشات پر قابو رکھنا اور جنسی طور پر پاک زندگی بسر کرنا ہر اُس شخص کے لیے نہایت ضروری ہے جو مسیح کو جاننے کا دعویٰ کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے ہم اپنے بدنوں سے خُدا کی تعظیم کرتے ہیں (1 کرنتھیوں 6باب 18-20آیات)۔

ہم جانتے ہیں کہ خُدا کے قوانین اور نظم و ضبط ہمارے لیے اُس کی محبت کو ظاہر کرتے ہیں۔ خدا جو کچھ فرماتا ہے اُس کی پیروی کرنا ہی زمینی زندگی کے دوران ہمارے لیے مددگار ہو سکتا ہے ۔ شادی سے پہلے جنسی پاکیزگی کو برقرار رکھنے سے ہم اُن جذباتی الجھنوں سے بچتے ہیں جو مستقبل کے تعلقات اورازدواجی رشتوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ مزید برآں، شادی کے بستر کو بے داغ رکھ کر (عبرانیوں 13باب 4آیت ) ہم اپنے جیون ساتھی کے لیے ایسی بے تکلف محبت کا تجربہ کر سکتے ہیں جو ہمارے لیے خُدا کی بے پناہ محبت کے ساتھ منسلک ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

جنسی پاکیزگی اتنی اہم کیوں ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries