سوال
کیا خاموشی سے کی گئی دُعا بائبل کے مطابق ہے؟
جواب
بائبل حنّہ کی نہ سُنائی دینے والی درخواست میں خاموش دُعا کی ایک مثال پیش کرتی ہے (1 سموئیل1 باب 10، 13آیات)، لیکن یہ خاموشی سے دُعا کرنےکے حوالے سےکوئی مخصوص ہدایات نہیں دیتی۔ اِ س کا یہ مطلب نہیں ہے کہ خاموش دُعا بلند آواز سے کی جانے والی دُعا سے کم اہمیت کی حامل ہے۔ ہم دیکھتے ہیں حنّہ کی دُعا کا جواب دیا گیا تھا۔ خُدا ہمارے خیالات کو بھی اُتنی آسانی سے سُن سکتا ہے جیسے وہ ہمارے الفاظ کو سُن سکتا ہے (139زبور 23 آیت؛ یرمیاہ 12باب 3 آیت)۔ یسوع نے فریسیوں کے بُرے خیالات کو جان لیا (متی12 باب 24- 26آیات؛ لوقا11 باب 17 آیت)۔ جو کچھ ہم کہتے یا سوچتے ہیں کچھ بھی خُدا سے چھپا نہیں ہے، خُدا کو ہمارے خیالات کو جاننے کے لئے ہمارے الفاظ کو سُننے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ اُن تمام دُعاؤں تک رسائی رکھتا ہے جو اُس سے کی جاتی ہیں، چاہے وہ بول کر کی جائیں یا بغیر بولے کی جائیں۔
بائبل پوشیدگی میں دُعا کا ذکر بھی کرتی ہے (متی 6باب 6 آیت)۔ اگر آپ خود اکیلے ہی ہیں تو بلند آواز میں دُعا کرنے یا خاموشی سے دُعا کرنے میں کیا فرق ہے؟ کچھ حالات میں صرف خاموش دُعا ہی مناسب ہے مثال کے طور پر ایسی بات/چیز/ضرورت کے بارے میں دُعا کرنا جو صرف آپ اور خُدا کے درمیان ہی رہنی چاہیے، ایسے شخص کے لئے دُعا کرنا جو آپ کے پاس موجود ہو وغیرہ۔ خاموشی سے دُعا کرنے میں کوئی بُرائی نہیں ہے، جب تک کہ آپ ایسا اِس شرمندگی کی وجہ سے نہ کر رہے ہوں کہ کوئی آپ کی دُعا سُن نہ لے ۔
شاید خاموش دُعا کی صداقت اور اہمیت کی نشاندہی کرنے کے لئے سب سے بہترین حوالہ 1 تھسلُنیکیوں5 باب 17 آیت ہے۔ "بلاناغہ دُعا کرو"۔ بلاناغہ دُعا کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ہر وقت بلند آواز سے دُعا کرتے رہیں۔ بلکہ اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں مسلسل شعوری طور پر خُدا کی حضوری میں رہنا چاہیے، جہاں ہم ہر اُس خیال کو قید کر کے مسیح کا فرمانبردار بنا دیتے ہیں جو خُدا کی پہچان کے برخلاف سر اُٹھائے (2 کرنتھیوں 10باب 5 آیت) اور ہر صورتحال ، منصوبے، خوف، یا معاملے کو اُس کے تخت کے سامنے لاتے ہیں۔ بلاناغہ دُعا میں بول کر کی جانے والی دُعائیں، سرگوشی میں کی جانے والی دُعائیں،بلند آواز سے کی جانے والی، گا کر پیش کی جانے والی، اور خاموشی سے کی جانے والی وہ دُعائیں بھی شامل ہیں جن میں ہم حمدوثنا کے لئے اپنے خیالات، درخواستوں، مناجاتوں، اور شکرگزاریوں کو خُدا کے حضورپیش کرتے ہیں۔
English
کیا خاموشی سے کی گئی دُعا بائبل کے مطابق ہے؟