سوال
کیا مکمل تقدیس/گناہ سے پاک کاملیت اِس زندگی میں ممکن ہے؟
جواب
افسیوں 4باب 13آیت بیان کرتی ہے کہ رُوحانی نعمتیں مسیح کے بدن کی نشوو نماکےلیے دی جاتی ہیں " جب تک ہم سب کے سب خُدا کے بیٹے کے اِیمان اور اُس کی پہچان میں ایک نہ ہو جائیں اور کامِل اِنسان نہ بنیں یعنی مسیح کے پُورے قد کے اندازہ تک نہ پہنچ جائیں۔" بائبل کے کچھ تراجم میں انگریزی لفظ " mature " بمعنی رُوحانی پختگی استعمال کیا گیا ہےدیگر تراجم میں اِس مقام پر لفظ perfect کا استعمال کیا گیا ہے جس سے بہت سارے لوگ یہ معنی لیتے ہیں کہ ہم کامل بن جائیں گے۔ اردو بائبل میں بھی اِس لفظ کا ترجمہ "کامل " کیا گیا ہے۔ اس لیے کچھ لوگ غلطی سے یہ خیال کر بیٹھتے ہیں کہ اس زندگی میں ہم گناہ سے پاک کاملیت کا درجہ پا سکتے ہیں ۔ بائبل سکھاتی ہے کہ جب تک ہم بدن میں ہیں ہم ہمیشہ اس گناہ آلود فطرت کے خلاف مزاحمت کرتے رہیں گے ( رومیوں 7باب 14-24آیت دیکھیں )۔ اور آسمان پر جانے تک ہم میں سے کوئی بھی کامل ( گناہ سے پاک ) نہیں ہو پائے گا ۔
افسیوں 4باب 13آیت میں جس لفظ کا ترجمہ " mature-کامل" کیا گیا ہے وہ یونانی لفظ teleios- ٹیلیوس ہے ۔ اِس لفظ کا استعمال پورے نئے عہد نامے میں ہوا ہے جس کے معنی " کامل" ، " مکمل" ، " بالغ" اور " پختہ " ہیں ۔ افسیوں 4باب 13آیت اس بات کی تعلیم دیتی ہے کہ ہم مسیح میں جس قدر ترقی کرتے جاتے ہیں اُسی قدر بحیثیت کلیسیا ہم مضبوط اور متحد ہوتے جائیں گے ۔ تاہم اس آیت میں یہ نہیں سکھایا جاتا کہ ہم مکمل طور پر گناہ کرنا چھوڑ دیں گے ۔
ایک اور حوالہ جس کے بارے میں لوگ بعض اوقات الجھن کا شکار ہو جاتے ہیں وہ کلسیوں 1باب 28آیت ہے اور بعض تراجم کے مطابق یہ آیت بیان کرتی ہے کہ پولس رسول " ہر شخص کو مسیح میں کامِل کر کے پیش " کرنا چاہتا ہے۔ نیز کلسیوں 4باب 12آیت میں پولس رسول دُعا کرتا ہے کہ " تم کامل ہو کر پُورے اِعتقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائم رہو"۔ ان دونوں آیات میں لفظ کامل کےلیے استعمال ہونے والے یونانی لفظ کا مفہوم "گناہ کے بغیر " نہیں بلکہ رُوحانی طور پر" پختہ " یا " بالغ"ہونا لیا جانا چاہیے ۔
بحیثیت انسان اس دنیا میں ہم آدم کی فطرت کے ماتحت ہیں ۔ اس بات سے قطعِ نظر کہ ہم گناہ سے بچنے کی کتنی ہی سخت کوشش کیوں نہ کریں ہم پھر بھی خدا کے خلاف گناہ کریں گے ۔ یہ حقیقت سب پر صادر ہوتی ہے ۔ پولس رسول پطرس رسول کو طرفداری کرنے پر ملامت کرتا ہے ( گلتیوں 2باب 11-13آیات)۔ اور اپنی خدمت کے دوران پولس رسول اپنے آپ کو سب سے بڑا گنہگار قرار دیتا ہے (1تیمتھیس 1باب 15آیت)۔پطرس ، یعقوب ، یوحنا اور پولس سب ہی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کامل نہیں ہیں ۔پھر آپ یا مَیں کسی اور بات کا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں ۔
کلیسیا کے اُٹھائے جانے یعنی اُس وقت تک جب ہم یسوع سے ملنے کے لیے ہوا میں اٹھائے جائیں گے (1 تھسلنیکیوں 4باب 17آیت) حقیقی کاملیت ممکن نہیں ہو گی ۔ اُس موقع پر مسیح میں مرنے والے زندہ کئے جائیں گے اور جو زندہ ہوں گے اُن کے بدن تبدیل ہو جائیں گے ( فلپیوں 3باب 20، 21آیات؛ 1کرنتھیوں 15باب 54آیت)۔ ہم مسیح کے تختِ عدالت کے سامنے پیش ہوں گے ( 2کرنتھیوں 5باب 10آیت) جہاں ہمارے کاموں کا حساب ہو گا اورہمیں اجر عطاکیا جائے گا ( 1کرنتھیوں 3باب 9-15آیات)۔ اُس وقت ہماری نجات مکمل ہوگی اور ہمارے گناہ ہمیشہ کےلیے مٹائے جائیں گے ۔ اور ہم گناہ سے پاک کاملیت میں ہمیشہ مسیح کے ساتھ رہیں گے اور بادشاہی کریں گے ۔
English
کیا مکمل تقدیس/گناہ سے پاک کاملیت اِس زندگی میں ممکن ہے؟