settings icon
share icon
سوال

کیا رُوح کے ساتھی جیسی بھی کوئی چیز ہوتی ہے؟ کیا خُدا نے آپ کےشریکِ حیات کے طور پر کوئی ایک ہی خاص شخص چُن رکھا ہے؟

جواب


" رُوح کے ساتھی " جیسے اِس جزو جملے کے پیچھے ایک عام تصور یہ پایا جاتا ہے کہ قدرت کی طرف سےہر انسان کے جیون ساتھی کے طور پر ایک ایسا خاص انسان مقرر کیا گیا ہے جو ایک " بہترین ساتھی " ہے اور اگر آپ اپنے رُوح کے ساتھی کے علاوہ کسی اور انسان سے شادی کر تے ہیں تو آپ کبھی خوش نہیں رہ پائیں گے ۔کیا رُوح کے ساتھی کا یہ تصور بائبل کے مطابق ہے ؟نہیں ، یہ بائبلی تصور نہیں ہے ۔ رُوح کے ساتھی کے تصور کو اکثر طلاق کے بہانے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ ایسے لوگ جو اپنی ازدواجی زندگی میں ناخوش ہوتے ہیں بعض اوقات یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اُنہوں نے اپنے رُوح کے ساتھی سے شادی نہیں کی اس لیے اُنہیں اپنے موجودہ شریکِ حیات کو طلاق دے کر اپنے حقیقی ساتھی کی تلاش شروع کرنی چاہیے ۔ یہ ایک بہانے سے زیادہ کچھ نہیں ہے جو سراسر ایک غیر بائبلی بہانہ ہے ۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو جس شخص سے آپ کی شادی ہوئی ہے وہی آپ کے رُوح کا ساتھی ہے۔ مرقس 10باب 7-9آیات بیان کرتی ہیں "اِس لئے مَرد اپنے باپ سے اور ماں سے جُدا ہو کر اپنی بیوی کے ساتھ رہے گا۔ اور وہ اور اُس کی بیوی دونوں ایک جسم ہوں گے۔ پس وہ دو نہیں بلکہ ایک جسم ہیں۔ اِس لئے جسے خُدا نے جوڑا ہے اُسے آدمی جُدا نہ کرے۔" ایک شوہر اور بیوی " ، "ایک ساتھ"، " ایک جسم " ،" دو نہیں بلکہ ایک " اور "جوڑے گئے" یعنی ایک دوسرے کے رُوح کے ساتھی ہیں ۔

ہو سکتا ہے کہ شادی اتنی مربوط اور خوشگوار نہ ہو جتنی کوئی جوڑا خواہش رکھتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ایک شوہر اور بیوی کے مابین وہ جسمانی ، جذباتی اور رُوحانی اتحاد نہ ہو جس کی وہ آرزو کرتے ہیں ۔ لیکن حتیٰ کہ اس صورت میں بھی شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے رُوح کے ساتھی ہیں ۔ ایسی صورت ِ حال میں ایک جوڑے کوایسی حقیقی قربت کو فروغ دینے پر کام کرنے کی ضرورت ہے جو " رُوحوں کو جوڑنے والی ہو" ۔ بائبل شادی کے بارے میں جو کچھ سکھاتی ہے ( افسیوں 5باب 22-23آیات) اُس کی پیروی کرنے سے ایک جوڑاباہمی طور پرایسی قربت ، محبت اور وابستگی پیدا کر سکتا ہے جو " ایک جسم" پر مبنی رُوح کے ساتھی ہونے کا نتیجہ ہوتی ہے ۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو آپ اپنے رُوح کے ساتھی کیساتھ ازدواج میں منسلک ہیں ۔اس بات سے قطع نظر کہ شادی کتنی ہی ناخوشگوار کیوں نہ ہو ، خدا شفا ، معافی ، بحالی اور حقیقی ازدواجی محبت اور ہم آہنگی لا سکتا ہے۔

کیا ایسا ممکن ہے کہ ہم کسی غلط انسان سے شادی کر بیٹھیں ؟ اگر ہم خود کو خدا کے ہاتھوں میں دیتے اور اُس کی مشورت کے طلبگارہوتے ہیں تو وہ ہماری رہنمائی کرنے کا وعدہ کرتا ہے "سارے دِل سے خُداوند پر توکُّل کر اور اپنے فہم پر تکیہ نہ کر۔ اپنی سب راہوں میں اُس کو پہچان اور وہ تیری راہنمائی کرے گا" ( امثال 3باب 5-6آیات)۔امثال 3باب 5-6آیات کا مفہوم یہ ہے کہ اگر آپ اپنے پورے دل سے خدا وند پر بھروسہ نہیں کرتے بلکہ اپنی سمجھ بوجھ پر انحصار کر رہے ہیں تو آپ غلط سمت اختیار کر سکتے ہیں ۔ہاں ، نافرمانی اور خدا کے ساتھ گہری رفاقت میں کمی کے دوران کسی ایسے انسان کے ساتھ شادی کرنا ممکن ہے جس کے بارے میں وہ نہیں چاہتا تھا کہ آپ اُس سے شادی کریں ۔ مگر ایسی صورت میں بھی خدا خود مختار اور با اختیار ہے۔

یہاں تک کہ اگر کوئی شادی خدا کی مرضی کے مطابق نہیں تھی تب بھی یہ بات اُس کی خودمختار مرضی اور منصوبہ کے ماتحت ہے۔ خدا طلاق سے نفرت کرتا ہے (ملاکی 2باب 16آیت) اور بائبل میں "غلط انسان سے شادی کرنے " کو کبھی بھی طلاق کی بنیاد کے طور پر پیش نہیں کیا گیا۔ "مَیں نے غلط انسان سے شادی کی ہے اور مَیں تب تک خوش نہیں ہوں گا/گی جب تک کہ مجھے میرا حقیقی رُوح کا ساتھی نہیں ملتا" یہ دعویٰ دو لحاظ سے غیر بائبلی ہے۔ پہلا دعویٰ یہ ہے کہ آپ کے غلط فیصلے نے خدا کی مرضی کو ختم کر دیا اور اُس کے منصوبے کو تباہ کر دیا ہے۔ دوسرا دعویٰ یہ ہے کہ خدا کشمکش کی حامل شادی کو شادمان ، متحد اور کامیاب بنانے کے قابل نہیں ہے۔ خدا کی خودمختار مرضی کو ناکام بنانے کےلیے ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے ۔ دو لوگ چاہے کتنے ہی غیر مماثل کیوں نہ ہوں، خدا اُنہیں لیکر ایک ایسے جوڑے میں ڈھال سکتا ہے جو ایک دوسرے کے لیے بہترین ہیں۔

اگر ہم خدا کے ساتھ اپنی گہری قربت کوبرقرار رکھیں تووہ ہماری رہنمائی کرے گا اور ہمیں درست سمت دکھائے گا ۔ اگر کوئی شخص خداوند کےساتھ چل رہا ہے اور حقیقی طور پر اُس کی مرضی کی تلاش میں ہے تو خدا اُس کی رہنمائی ایسے شریک حیات کی جانب کرے گا جو اُس کی مرضی کے مطابق ہے ۔ اگر ہم خود کو اُس کے حضور پیش کریں اور اُس کی پیروی کریں تو وہ ہمیں ہمارے " رُوح کے ساتھی " سے ملا دے گا ۔ تاہم رُوح کا ساتھی ہونا ایک مقام اور مشق ہے ۔ ایک شوہر اور بیوی رُوح کے ساتھی ہیں کیونکہ وہ " ایک جسم " اور رُوحانی ، جسمانی اور جذباتی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہیں ۔ تاہم ایک جوڑے یعنی رُوح کے ساتھیوں کے لیے اس حقیقت کو سمجھنااور پھر روزانہ کی بنیادپر اِسے حقیقی شکل دینا ایک عملی مشق ہے ۔ رُوح کے ساتھی کی حقیقی یکانگت صرف اور صرف بائبل میں پیش کردہ شادی کے نمونے پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا رُوح کے ساتھی جیسی بھی کوئی چیز ہوتی ہے؟ کیا خُدا نے آپ کےشریکِ حیات کے طور پر کوئی ایک ہی خاص شخص چُن رکھا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries