settings icon
share icon
سوال

درست عقیدہ/صحیح تعلیم کیوں ضروری ہیں؟

جواب


پولس طِطُس کو نصیحت کرتا ہے کہ "تُو وہ باتیں بیان کر جو صحیح تعلیم کے مُناسب ہیں"(طِطُس 2باب 1آیت(۔ اِس طرح کے فرمان سے یہ واضح ہوتا ہے کہ درست عقیدہ/صحیح تعلیم ضروری ہے۔ لیکن یہ کیوں ضروری ہے؟ کیا اِس سے واقعی فرق پڑتا ہے کہ ہم کیاایمان رکھتے ہیں ؟

درست عقیدہ / صحیح تعلیم اس لیے ضروری ہے کہ ہمارا ایمان ایک مخصوص پیغام پر مبنی ہے۔ کلیسیا کی مجموعی تعلیم بہت سے عناصر پر مشتمل ہےلیکن بنیادی پیغام واضح طور پر بیان کیا گیا ہےکہ :"مسیح کِتابِ مُقدّس کے مُطابق ہمارے گُناہوں کے لئے مُوا۔ اور دفن ہُوا اور تیسرے دِن کِتابِ مُقدّس کے مُطابق جی اُٹھا "(1کرنتھیوں 15باب 3-4آیات)۔ یہ بالکل واضح خوشخبری ہے اور یہ "اولین اہمیت کی حامل" ہے۔ اس پیغام کو تبدیل کر دیں تو ایمان کی بنیاد مسیح سے کسی اور چیز کی طرف منتقل ہو جاتی ہے۔ ہمارے ابدی مستقبل کا انحصاراُس " کلامِ حق "کوسننے پر ہےجو" نجات کی خُوشخبری ہے " (افسیوں 1 باب 13 آیت ؛ 2تھسلنیکیوں 2باب 13-14آیات بھی دیکھیں)۔

درست عقیدہ /صحیح تعلیم اس لیے بھی ضروری ہے کہ انجیل ایک مقدس امانت ہے اور ہم دنیا کے ساتھ خدا کے رابطے میں دخل اندازی کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ ہماری ذمہ داری پیغام کو تبدیل کرنے کی بجائے اُسے آگے منتقل کرنے کی ہے ۔ یہوداہ اِس امانت کی حفاظت کے لیے بے حد اصرارکا اظہار کرتا ہے:"مَیں نے تمہیں یہ نصیحت لکھنا ضرور جانا کہ تم اُس اِیمان کے واسطے جانفشانی کرو جو مُقدّسوں کو ایک ہی بار سَونپا گیا تھا"(یہوداہ 1باب 3آیت؛ فلپیوں 1باب 27آیت بھی دیکھیں)۔ "جانفشانی " کرنا اپنے اندر کسی چیز کے لیے پوری مستعدی سے لڑنے اور اُس کے لیے وہ سب کچھ داؤ پر لگانے کا تصور رکھتا ہے جو آپ کے پاس ہے ۔ بائبل اس ا نتباہ پر مشتمل ہے کہ خدا کے کلام میں نہ تو اضافہ کیا جائے اور نہ ہی اُس میں کمی کی جائے (مکاشفہ 22 باب 18-19آیات)۔ رسولوں کا جو عقیدہ ہم تک پہنچا ہے ہم اُسے قبول کرتے اور " اُس اِیمان اور مُحبّت کے ساتھ جو مسیح یِسوع میں ہے" اُن کا خاکہ یاد رکھتے ہیں (2 تیمتھیس 1باب13آیات)۔

درست عقیدہ/صحیح تعلیم اس لیے ضروری ہے کہ ہم جس بات پر یقین رکھتے ہیں وہ ہمار ے افعال پر بھی اثر انداز ہوتی ہے ۔ چال چلن علم ِالٰہیات کی توسیع ہے اور ہم جو کچھ سوچتے اور جیسا عمل کرتے ہیں اُن دونوں کے درمیان براہ راست تعلق ہے۔ مثال کے طور پر دو لوگ ایک پل کے اوپر کھڑے ہیں؛ ایک کو یقین ہے کہ وہ اڑ سکتا ہے جبکہ دوسرے کا مانناہے کہ وہ اڑ نہیں سکتا۔ اِس بناء پر اُن کی اگلی سرگرمیاں کافی مختلف ہوں گے۔ اسی طرح ایک آدمی جو اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ صحیح اور غلط نام کی کوئی چیز موجود نہیں وہ فطری طور پر اُس آدمی سے مختلف برتاؤ کرے گا جو واضح اخلاقی اقدار پر یقین رکھتا ہے۔ بائبل میں پیش کردہ گناہوں کی فہرست میں سرکشی، قتل، جھوٹ اور غلاموں کی تجارت جیسی چیزوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس فہرست کے اختتام میں اُن لوگوں کا ذکر پایا جاتا ہے جو" صحیح تعلیم کے۔۔۔۔خِلاف کام کرنے " والے ہیں (1 تیمتھیس 1باب 9-10آیات)۔ دوسرے الفاظ میں سچی تعلیم راستبازی کو فروغ دیتی ہے؛ جبکہ جہاں "درست عقیدے/صحیح تعلیم " کی مخالفت کی جاتی ہے وہاں گناہ ترقی پاتا ہے۔

درست عقیدہ/صحیح تعلیم ضروری ہے کیونکہ ہمیں باطل دنیا میں سچ کی دریافت کرنی چاہیے۔" بہت سےجھوٹے نبی دُنیا میں نِکل کھڑے ہُوئے ہیں " (1 یوحنا 4باب 1آیت)۔ گیہوں میں کڑوے دانے اور گلّہ میں بھیڑیے ہیں (متی 13باب 25آیت ؛ اعمال 20باب 29آیت)۔ سچ اور جھوٹ میں پرکھ کرنے کا بہترین طریقہ یہ جاننا ہے کہ سچ کیا ہے۔

درست عقیدہ/صحیح تعلیم ضروری ہے کیونکہ درست عقیدے کا انجام ابدی زندگی ہے۔ "اپنی اور اپنی تعلیم کی خبرداری کر۔ اِن باتوں پر قائِم رہ کیونکہ اَیسا کرنے سے تُو اپنی اور اپنے سُننے والوں کی بھی نجات کا باعث ہو گا "(1تیمتھیس 4باب 16آیت)۔ اس کے برعکس غلط عقیدےکا نتیجہ تباہی اور موت ہے ۔" کیونکہ بعض اَیسے شخص چپکے سے ہم میں آ مِلے ہیں جن کی اِس سزا کا ذِکر قدِیم زمانہ میں پیشتر سے لِکھا گیا تھا۔ یہ بے دِین ہیں اور ہمارے خُدا کے فضل کو شَہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اور ہمارے واحِد مالِک اور خُداوند یسوع مسیح کا اِنکار کرتے ہیں"(یہوداہ 1باب 4آیت)۔ خدا کے فضل کے پیغام کو تبدیل کرنا "بے دینی" کا کام ہے اور ایسے عمل کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ کسی اور انجیل (جو حقیقت میں بالکل انجیل نہیں) کی منادی لعنت کی حامل ہے: "اگر کوئی تمہیں اَور خُوشخبری سناتا ہے تو ملعون ہو" (گلتیوں 1باب 6-9آیات دیکھیں)۔

درست عقیدہ /صحیح تعلیم اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ ایمانداروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ خُدا کے کلام سے محبت رکھنے والے "مطمئن " ہیں (199زبور 165 آیت) اور وہ جو "سلامتی کی مُنادی کرتا ہے اور خیرِیت کی خبر اور نجات کا اِشتِہاردیتا ہے " اُس کے قدم "خوش نما " ہیں (یسعیاہ 52باب 7آیت)۔ ایک پادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ " اِیمان کے کلام پر جو اِس تعلیم کے مُوافق ہے قائِم ہو تاکہ صحیح تعلیم کے ساتھ نصیحت بھی کر سکے اور مُخالفوں کو قائِل بھی کر سکے" (طِطُس 1باب 9آیت)۔

حکمت کا کلام یہ ہے کہ "اُن قدِیم حدُود کو نہ سرکا جو تیرے باپ دادا نے باندھی ہیں" (امثال 22باب 28آیت)۔ اگر ہم اِس کا اطلاق درست عقیدے / صحیح تعلیم کے حوالے سے کریں تو سبق یہ ہے کہ ہمیں اپنے درست عقیدے /صحیح تعلیم کی کامل حالت میں پیروی کرنی چاہیے۔ تاکہ ہم کبھی "اُس خلوص اور پاک دامنی سے ہٹ" نہ جائیں " جو مسیح کے ساتھ ہونی چاہیے (2 کرنتھیوں 11باب 3آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

درست عقیدہ/صحیح تعلیم کیوں ضروری ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries