settings icon
share icon
سوال

نجات حاصل کرنے کے کونسے اقدامات ہیں؟

جواب


بہت سارے لوگ "نجات حاصل کرنے کے اقدامات" کی تلاش کر رہے ہیں ۔لوگ ایسے ہدایت نامے پسند کرتے ہیں جیسے کہ نجات پانے کے پانچ اقدامات جن کا حتمی نتیجہ کسی شخص کی نجات کی صورت میں نکلے گا۔ اِس کی ایک مثال اسلام ہے جس کے اندر دین کے پانچ ستون پائے جاتے ہیں۔ اسلام کے مطابق اگر دین کے پانچوں ستونوں کی تعلیمات پر فرمانبرداری کے ساتھ عمل کیا جاتا ہے تو اِس کے نتیجے میں نجات کی پکی ضمانت مل جاتی ہے۔ کیونکہ درجہ بدرجہ نجات کا عمل سُننے اور سمجھنے میں کافی دلکش اور اچھا لگتا ہے اِس لیے مسیحیت کے اندر بھی بہت سارے لوگ نجات کو ایک درجہ بدرجہ حاصل کی جانے والی چیز کے طور پرپیش کرتے ہوئے نجات حاصل کرنے کے اقدامات کو متعارف کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ رومن کیتھولک کلیسیا سات ساکرامنٹوں کی تعلیم دیتی ہے۔ اِسی طرح دیگر کئی ایک ایسے مسیحی فرقے ہیں جو مختلف چیزوں کی فہرست دیتے ہیں جیسے کہ غوطے کا بپتسمہ لینا، سرِعام خُداوند یسوع پر ایمان کا اقرار کرنا، گناہ سے پھرنا اور غیر زبان بولنا وغیرہ اور وہ اِن کو نجات حاصل کرنے کے اقدامات کے طور پر مانتے ہیں۔ لیکن بائبل نجات کے لیے صرف "ایک قدم" پیش کرتی ہے۔ جس وقت فلپی کے دروغہ نے پولس رسول سے پوچھا "مَیں کیا کروں کہ نجات پاؤں؟" تو پولس رسول نے اُسے جواب دیا کہ "خُداوند یسوع پر ایمان لا تو تُو۔۔۔نجات پائے گا۔" (اعمال 16باب 30-31 آیات)

خُداوند یسوع مسیح پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان رکھنا ہی نجات کو حاصل کرنے کا واحد "قدم " ہے۔ بائبل مُقدس کا پیغام انتہائی واضح ہے۔ ہم سب نے خُدا کے خلاف گناہ کیا ہے(رومیوں 3باب 23 آیت)۔ اپنے گناہ کی وجہ سے ہم خُدا سے ابدی طور پر جُدا کر دئیے جانے کے مستحق ہیں (رومیوں 6باب 23 آیت)۔ خُدا نے ہمارے لیے اپنی محبت کی وجہ سے (یوحنا 3باب16آیت) انسانی صورت میں مجسم ہو کر ہماری خاطر اپنی جان دی ، اُس نے گناہ کی اُس سزا کو اپنے اوپر لے لیا جس کے ہم مستحق تھے (رومیوں 5باب 8 آیت؛ 2 کرنتھیوں 5باب 21 آیت)۔ خُدا اُن سب لوگوں سے جو خُداوند یسوع کو ایمان کے وسیلے اور خُدا کے فضل کی بدولت اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرتے ہیں گناہوں کی معافی اور ابدی زندگی کا وعدہ کرتا ہے (یوحنا 1باب12 آیت؛ 3 باب 16 آیت؛ 5 باب 24 آیت؛ اعمال 16 باب 31 آیت)۔

نجات کا تعلق کچھ ایسے اقدامات سے نہیں ہے جن کو اگر ہم بروئے کار لائیں تو ہی نجات پا سکتے ہیں۔ اِس میں کوئی شک نہیں ہےکہ ایک مسیحی کو بپتسمہ لینا چاہیے۔ بیشک ایک مسیحی کو کھلے عام یہ اقرار کرنا چاہیے کہ خُداوند یسوع اُس کا شخصی نجات دہندہ ہے۔ بیشک ایک مسیحی کو گناہ کی طرف سے اپنا منہ پھیرنا چاہیے۔بیشک ایک مسیحی کو اپنی زندگی کو خُدا کے احکام کی فرمانبرداری کے لیے وقف کرنا چاہیے۔ بہرحال یہ نجات کے لیے کئے جانے والے اقدامات نہیں ہیں۔بلکہ یہ تو نجات کے نتائج ہیں۔ اپنے گناہوں کی وجہ سے ہم کسی بھی طور پر نجات کو حاصل نہیں کر سکتے۔ اپنی گناہ آلود حالت میں ہم چاہے 1000 اقدامات کر لیں وہ بھی نجات حاصل کرنے کے لیے ناکافی ہونگے۔ یہی وجہ ہے کہ خُداوند یسوع کو ہماری جگہ پر اپنی جان دینے کی ضرورت پڑی۔ ہم خُدا کو اپنے گناہوں کی قیمت کے طور پر کچھ بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں اور اِس کے ساتھ ساتھ ہم اِس بات سے بھی مکمل طور پر قاصر ہیں کہ اپنے آپ کو گناہوں سے پاک کر سکیں۔ ہماری نجات کی تکمیل صرف اور صرف خُدا ہی کر سکتا ہے اور اُس نے ایسا کیا ہے۔ خُدا نے خود ہی سب اقدامات اُٹھائےہیں اور پھر اُن کے بعد وہ ہر اُس شخص کو مسیح خُداوند کے وسیلے نجات کی پیشکش کرتا ہے جو اُسے خُداوند کے ہاتھ سے قبول کرتا ہے۔

نجات اور گناہوں کی معافی کا انسانوں کی طرف سے کسی طرح کے اقدامات اُٹھانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اِس کا تعلق خُداوند یسوع مسیح کو نجات دہندہ کے طور پر قبول کرنے اور جو کچھ اُس نے صلیب پر کیا ہے اُس کو پہچاننے سے ہے۔ خُدا ہم سے صرف ایک ہی اقدام کا تقاضا کرتا ہے اور وہ یہ ہے کہ ہم خُداوند یسوع مسیح کو گناہوں سے نجات کے لیے اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کریں، اور نجات کے واحد راستے کے طور پر اُس پر اعتقاد کریں۔ یہی وہ خاص بات ہے جو مسیحی ایمان کو دُنیا کے دیگر سبھی مذاہب سے مختلف بناتی ہے۔دُنیا کے سبھی مذاہب مختلف اقدامات کی ایک لمبی فہرست پیش کرتے ہیں اور سکھاتے ہیں کہ اُن کو انجام دینے کے بعد ہی کوئی شخص نجات پا سکتا ہے جبکہ مسیحی ایمان اِس بات کو مانتا اور سکھاتا ہے کہ خُدا نے نسلِ انسانی کی نجات کے سبھی اقدامات کو خود ہی پورا کر دیا ہے اور اب وہ گناہ سے توبہ کرنے والے لوگوں کو ایمان کے وسیلے اُس نجات کو حاصل کرنے کے لیے بلاتا ہے۔

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

نجات حاصل کرنے کے کونسے اقدامات ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries