settings icon
share icon
سوال

"کیا فردوس میں واقعی سونے کی سڑکیں ہوں گی ؟

جواب


فردوس میں سونے کی سڑکوں کا تذکرہ اکثر گیتوں اور شاعری میں کیا جاتا ہے مگر بائبل میں اِن کی تلاش کرنا مشکل ہے ۔ درحقیقت کتابِ مقدس کا صرف ایک حوالہ سونے کی سڑک کا ذکر کرتا ہے اور وہ مقدس شہر نئے یروشلیم میں ہے : " شہر کی سڑک شفّاف شیشہ کی مانند خالص سونے کی تھی" ( مکاشفہ 21باب 21آیت)۔ پس کیا یہ آیت ہمیں بتاتی ہے کہ فردوس میں واقعی سونے کی سڑکیں ہوں گی ؟ اور اگر ایسا ہے تو پھر اِن سونے کی حقیقی سڑکوں کی اہمیت یا مفہوم کیا ہے ؟

کُروژن(chrusion) وہ یونانی لفظ ہے جس کا ترجمہ " سونا " کیا گیا ہے جس کا مطلب " سونا ، سونے کے زیورات یا سونے کی اوپری تہہ یا پرت" ہو سکتا ہے ۔ اس لفظ کا ترجمہ" سونا " کرنا بالکل بجا ہے ۔ دراصل ترجمہ و تفسیر سے متعلق تضادات اکثر اُس وقت سامنے آتے ہیں جب لوگ اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ بائبل کے کن حوالہ جات کو حقیقی طور پر اور کن حوالہ جات کو علامتی طور پر لینا چاہیے ۔ بائبل کا مطالعہ کرتے وقت ایک اچھا اُصول یہ ہے کہ بائبل کی ہر ایک بات کو بنیادی طور پر حقیقی لغوی معنوں میں لیا جانا چاہیے اور صرف اُسی صورت میں اِس کا لغوی ترجمہ یا تفسیر نہیں کی جانی چاہیے جب لغوی معنی اُس کے مطلب کو غیر واضح کرتا ہو اور مجازی معنوں میں لینے کی اجازت کا اشارہ ملتا ہو۔ مکاشفہ کے اس باب میں یوحنا محض بے ترتیبی سے تفصیلات پیش نہیں کر رہا ۔ مکاشفہ 21باب کے ابتدائی حصوں میں اُسے شہر کی پیمائش کرنے کےلیے ایک گز دیا جاتا ہے (15 آیت) اور وہ شہر کی دیواروں کے یشب سے بنے ہوئے ہونے اور خود شہر کے سونے سے بنے ہوئے ہونے کا خا ص ذکر کرتا ہے ( 18آیت)۔ وہ شہر کی دیواروں کی بنیادوں کو بھی بیان کرتا ہے جو کئی مخصوص قیمتی پتھروں ا ور موتیوں سے بنی ہوئی ہیں (19-20آیات)۔ لہذا ان تفصیلات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سونے کی سڑکوں کا یہ بیان یوحنا کے باقی کے آنکھوں دیکھے حال کی روشنی میں مکمل مفہوم پیش کرتاہے ۔

لہذا اگر فردوس میں سونے کی سڑکیں بنی ہوئی ہیں تو ان کا کیا مقصد ہے ؟ سب سے پہلے سونے کی حالت پر غور کریں ۔ جب زمین پر سونا کھلے عام موجود ہے تو پھر زیورات کی تلاش کرنا کوئی موزوں عمل نہیں ہوگا۔سونے میں موجود کثافتوں کو سطح پر لانے اور ہٹانے کےلیے اُسے پگھلانا ضروری ہے تاکہ پیچھے خالص سونا بچ جائے ۔ یوحنا نے آسمان پر ایسے عمدہ معیار کا سونا دیکھا تھا کہ یہ خدا کے جلال کی روشنی کو منعکس کرنے کےلیے پوری طرح شفاف نظر آتا ہے ۔اور خدا کی پاک کرنے کی خوبی صرف سونے تک ہی محدود نہیں ہے ؛ خدا نے اُن سب کو بھی پاک کیا ہے جو یسوع مسیح کے خون کے وسیلہ سے آسمان پر جائیں گے ۔"اگر اپنے گناہوں کا اِقرار کریں تو وہ ہمارے گناہوں کے معاف کرنے اور ہمیں ساری ناراستی سے پاک کرنے میں سچّا اور عادِل ہے " (1یوحنا 1باب 9آیت)۔ خدا کا مقدس شہر نہ صرف اپنی بناوٹ کے لحاظ سے پاک ہے بلکہ اُس شہر کے رہنے والے بھی پاک ہیں ۔

جب ہم سونے کی سڑکوں کے تصور کی مزید تحقیق کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کچھ اساتذہ اور علماء اس تصور کو نہیں مانتے ہیں کہ آسمان پر سونے کی حقیقی سڑکیں ہیں ۔ تاہم صرف اس متن کے مکمل سیاق و سباق پر غور کرنے سے جو خدا نے ہمیں یوحنا کے وسیلے مکاشفہ میں دیا ہے ایسا لگتا ہے کہ اِس بات پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہےکہ آسمان پر حقیقی سونے کی سڑکیں نہیں ہیں ۔ بہرحال ابدیت میں ہم زمینی خزانوں پر توجہ مرکوز نہیں کریں گے ۔ اب زمین پر انسان سونے جیسے خزانوں کی تلاش کرتا ہے مگر ایک دن ایسا آئے گاجب آسمان پر یہ ایمانداروں کےلیے راہ کے ذرائع سے زیادہ کچھ نہیں ہو گا ۔ اس بات سے قطع نظر کہ فردوس کی ظاہری تعمیر کتنے ہی قیمتی موتی اور جواہرت کے ذریعے ہوئی ہے کوئی بھی چیز اُس خدا سے زیادہ قیمتی نہیں ہو گی جو ہم سے محبت کرتا ہے اور جس نے ہمیں نجات دینے کےلیے اپنی جان دی ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

"کیا فردوس میں واقعی سونے کی سڑکیں ہوں گی ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries