settings icon
share icon
سوال

بائبل مُقدس کے مسیحی ایمان کے لیے کافی ہونے کا عقیدہ کیا ہے؟اِس کا کیا مطلب ہے کہ بائبل ہمارے لیے کافی ہے؟

جواب


: بائبل مقدس کے ایمان کےلیے کافی ہونے کا عقیدہ مسیحی ایمان کا ایک بنیادی اُصول ہے ۔ یہ کہنے کا مطلب کہ " بائبل ہی ایمان کےلیے کافی ہے "یہ ہے کہ بائبل میں وہ سب باتیں پائی جاتی ہیں جن کی ہمیں اپنے ایمان اور مسیحی خدمت کرنے کے لیے زندگی کی تیاری کےلیےضرورت ہے۔ یہ خدا اور بنی نو ع انسان کے درمیان ٹوٹے ہوئے رشتے کو بحال کرنے کے لیے خداکے اُس منصوبے کا واضح اظہار کرتی ہے جو اُس نے اپنے بیٹے اور ہمارے نجات دہندہ یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے سر انجام دیا ہے ۔ اس خوشخبری کے پیغام کو سمجھنے کےلیے کسی بھی اور طرح کی تصانیف کی کوئی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہمارے لیے ایمان میں زندگی گزارنے کے لیے دیگر اور تحریریں یا تصانیف ضروری ہیں ۔

جب مسیحی کلام مقدس کے بارے میں بات کرتے ہیں تو وہ نئے اور پرانے دونوں عہد ناموں کا حوالہ دے رہے ہوتے ہیں ۔ پولس رسول نے اعلان کیا ہے کہ پاک صحائف " تجھے مسیح یسوع پر اِیمان لانے سے نجات حاصل کرنے کے لئے دانائی بخش سکتے ہیں۔ ہر ایک صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربیت کرنے کے لئے فائدہ مند بھی ہے۔ تاکہ مردِ خُدا کامل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لئے بالکل تیار ہو جائے " ( 2تیمتھیس 3باب 15-17آیات)۔ اگر کلام مقدس " خدا کے الہام سے ہے " تو پھر یہ انسان کی طر ف سے نہیں ہے گوکہ انسانوں نے اسے قلمبند کیا گیا ہے اور وہ " رُوح القدس کی تحریک کے سبب سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے" ( 2 پطرس 1باب 21آیت)۔ لہذا انسان کی تخلیق کردہ کوئی بھی تحریر ہمیں نیک عمل کرنے کے قابل بنانے کےلیے کافی نہیں ہے کیونکہ یہ کام صرف اور صرف خدا کا کلام ہی کر سکتا ہے ۔ مزید یہ کہ اگر کلام مقدس ہمیں پوری طرح تیارکرنے کےلیے کافی ہے تو ہمیں مزید کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے ۔

کلسیوں 2باب کلیسیا کو در پیش ایسے خطرات سے نمٹتا ہے جب نہ صرف کلام مقدس کے ایمان کےلیے کافی ہونے کے عقیدے کو چیلنچ کیا جاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ دیگراُن غیر بائبلی تحریروں کو شامل کیا جا تا ہے جو غیر بائبلی علمِ الہیات اور تصورات سے بھری پڑی ہیں ۔ پولس رسول کلسیوں کی کلیسیا کو خبردار کرتا ہے "کوئی شخص تم کو اُس فیلسوفی اور لاحاصل فریب سے شکار نہ کر لے جو اِنسانوں کی روایت اور دُنیوی اِبتدائی باتوں کے مُوافق ہیں نہ کہ مسیح کے موافق" ( کلسیوں 2باب 8آیت)۔ یہوداہ بالخصوص اس بارے میں بیان کرتا ہے جب وہ لکھتا ہے کہ "اَے پِیارو! جس وقت مَیں تم کو اُس نجات کی بابت لکھنے میں کمال کوشش کر رہا تھا جس میں ہم سب شرِیک ہیں تو مَیں نے تمہیں یہ نصیحت لکھنا ضرور جانا کہ تم اُس اِیمان کے واسطے جان فشانی کرو جو مُقدّسوں کو ایک ہی بار سونپا گیا تھا" ( یہوداہ 1باب 3آیت)۔ اس جزو ِ جملہ " ایک ہی بار" پر غور کریں ۔ اس سے یہ واضح ہوتاہے کہ کوئی بھی دوسری تحریریں خدا کےکلام کے برابر یا اس کی تکمیل کرنے والی خیال نہیں کی جانی چاہیے اس بات سے قطعِ نظر کہ وہ کتنے ہی خدا پر ست خادم ، عالم ِ دین یا نمایاں کلیسیائی فرقے کی طرف سے ہی کیوں نہ پیش کی گئی ہوں ۔ بائبل میں وہ سب باتیں پائی جاتی ہیں جو ایک ایماندار کے نزدیک خدا کی ذات ، انسان کی گناہ آلودہ فطرت، گناہ کے عقائد، فردوس، جہنم اور یسوع مسیح کے وسیلہ سے نجات کے منصوبے کو سمجھنے کےلیے ضروری ہیں ۔ گلتیوں کی کلیسیا کے نام لکھے گئے پولس رسول کے الفاظ بائبل سے ہٹ کر پیغام دینے کی صورتحال کی سنجیدگی کی نشاندہی کرتے ہیں " لیکن اگر ہم یا آسمان کا کوئی فرشتہ بھی اُس خوشخبری کے سوا جو ہم نے تمہیں سنائی کوئی اَور خوشخبری تمہیں سنائے تو ملعون ہو"( گلتیوں 1باب 8آیت)۔

بائبل کے ایمان کےلیے کافی ہونے کے معاملے پر سب سے مضبوط آیات شاید زبور کی کتاب سے لی گئی ہیں ۔ 19زبور 7-14آیات میں داؤد خدا کے کلام سے شادمان ہوتا ہے کیونکہ اُس کا کلام کامل ، برحق، راست،آنکھوں کو روشن کرنے والا، ابد تک قائم رہنا والا اور بالکل راست ہے ۔

بائبل مقدس کے ایمان کےلیے کافی ہونے کے عقیدے پر آج کل حملہ کیا جا رہا ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے حملے اکثر ہماری اپنی کلیسیاؤں کی طرف سے کئے جاتے ہیں ۔ نظم و نسق کی حکمتِ عملیاں ، لوگوں کو اکٹھا کرنے کے دنیاوی طریقے، تفریح ، غیر بائبلی الہام،تصوف اور نفسیاتی مشاورت کی کچھ اقسام کا استعمال کیا جانا سب یہی بیان کرتا ہے کہ بائبل اور اُس کے اُصول و قوانین مسیحی زندگی کےلیے موزوں نہیں ہیں ۔ مگر یسوع نے فرمایا ہے کہ "میری بھیڑیں میری آواز سنتی ہیں اور مَیں اُنہیں جانتا ہوں اور وہ میرے پیچھے پیچھے چلتی ہیں"( یوحنا 10باب 27آیت)۔ ہمیں صرف اور صرف اُس کی آواز کو سُننے کی ضرورت ہے اور کلام مقدس اُس کی آواز ہے جو ہمارے ایمان کےلیے پوری طرح کافی ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مُقدس کے مسیحی ایمان کے لیے کافی ہونے کا عقیدہ کیا ہے؟اِس کا کیا مطلب ہے کہ بائبل ہمارے لیے کافی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries