سوال
خُدا ہمیں مشکلات، آزمائشوں اور مصیبتوں میں سے کیوں گزرنے دیتا ہے ؟
جواب
یہ حقیقت مسیحی زندگی کے سب سے مشکل ترین حصوں میں سے ایک ہے کہ مسیح کا شاگرد بننا ہمیں زندگی کی آزمایشوں اور مصیبتوں سے محفوظ نہیں رکھتا ہے ۔ایک نیک اور پیار کرنے والا خدا کسی بچّے کی موت، ہمیں اور ہمارے پیاروں کو بیماری اور چوٹ،مالی مشکلات ، پریشانی اور خوف جیسی صورتِ حال میں سے گزرنے کی اجازت کیوں دے گا ؟ بلاشبہ اگر وہ ہم سے محبت کرتا ہے تو وہ اِن سب چیزوں کو ہم سے دُور کر دے گا ۔ بہرحال کیا ہم سے محبت کرنے سے مُراد اُس کی یہ چاہت نہیں ہے کہ ہماری زندگی آسان اور آرام دہ ہو؟نہیں ، اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے ۔ بائبل واضح طور پر سکھاتی ہے کہ خدا اپنے بچّوں سے محبت کرتا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ " سب چیزیں مل کر خُدا سے مُحبت رکھنے والوں کے لئے بھلائی پیدا کرتی ہیں"( رومیوں 8باب 28آیت)۔ پس اس کالازمی مطلب یہ ہے کہ وہ آزمایشیں اور مصیبتیں جو خدا ہماری زندگی میں آنے دیتا ہے اُن تمام باتوں کا ایک حصہ ہیں جو مل کر بھلائی پیدا کرنے والی ہیں ۔ لہذا ایماندار کےلیے تمام آزمایشیں اور مصیبتیں الٰہی مقصد کے تحت ہوتی ہیں ۔
اِن تمام باتوں میں ہمارے لیے خدا کا حتمی مقصد یہ ہے کہ ہم اُس کے بیٹے کے ہم شکل بننے میں زیادہ سے زیادہ ترقی کریں ( رومیوں 8باب 29آیت)۔ ایک مسیحی ایماندار کی زندگی کا مقصد یہی ہے اور زندگی کی ہر بات بشمول آزمایشیں اور مصیبتیں ہمیں اِس مقصد تک پہنچنے کے قابل بنانے کےلیے ترتیب دی جاتی ہیں ۔ خدا کے مقاصد سے واقف ہونا اور اُس کے جلال کے لیے زندگی بسر کرنے کےقابل ہونا تقدیس کے عمل کا ایک حصہ ہے ۔ آزمایشیں جس انداز میں اِن مقاصد کی تکمیل کرتی ہیں اس کی وضاحت 1پطرس 1باب 6-7آیات میں کی جاتی ہے :"اِس کے سبب سے تم خُوشی مناتے ہو۔ اگرچہ اب چند روز کے لئے ضرورت کی وجہ سے طرح طرح کی آزمایشوں کے سبب سے غمزدہ ہو۔ اور یہ اِس لئے ہے کہ تمہارا آزمایا ہوا اِیمان جو آگ سے آزمائے ہوئے فانی سونے سے بھی بہت ہی بیش قیمت ہے یسوع مسیح کے ظہور کے وقت تعریف اور جلال اور عزت کا باعث ٹھہرے۔"ہم جن آزمایشوں کا تجربہ کرتے ہیں اُن کے وسیلہ سے حقیقی ایماندار کا ایمان پختہ ہو تا ہے اور اس طرح ہم اُس علم پر بھروسہ کر سکتے ہیں جو حقیقی ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا ۔
آزمایشیں مسیحی چال چلن کی نشوونما کرتی ہیں اور یہ ہمیں مصیبتوں میں بھی فخر کرنے کے قابل بناتی ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ " مصیبت سے صبر پیدا ہوتا ہے۔ اور صبر سے پختگی اور پختگی سے اُمّید پیدا ہوتی ہے۔ اور اُمّید سے شرمندگی حاصل نہیں ہوتی کیونکہ رُوح القدس جو ہم کو بخشا گیا ہے اُس کے وسیلہ سے خُدا کی مُحبّت ہمارے دِلوں میں ڈالی گئی ہے" ( رومیوں 5باب 3-5آیات)۔ یسوع مسیح نے اس بات کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے ۔ "لیکن خُدا اپنی مُحبّت کی خوبی ہم پر یُوں ظاہر کرتا ہے کہ جب ہم گنہگار ہی تھے تو مسیح ہماری خاطر مُؤا" ( رومیوں 5باب 8آیت)۔ یہ آیات یسوع کی اور ہماری آزمایشوں اور مصیبتوں کے لیے خُدا کے الٰہی مقصد کے پہلوؤں کو عیاں کرتی ہیں ۔ ثابت قدمی ہمارے ایمان کی تصدیق کرتی ہے ۔"جو مجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہُوں" ( فلپیوں 4باب 13آیت)۔
تاہم ہمیں محتاط رہنا چاہیے کہ اگر یہ ہماری اپنی غلطی کا نتیجہ ہیں تو ہم اپنی " آزمایشوں اور مصیبتوں " کے لیے کبھی عذر پیش نہ کریں ۔ " تم میں سے کوئی شخص خُونی یا چور یا بدکار یا اَوروں کے کام میں دست انداز ہو کر دُکھ نہ پائے "(1پطرس 4باب 15آیت)۔ خدا ہمارے گناہوں کو معاف کرے گا کیونکہ مسیح یسوع کے صلیبی کفارے کے وسیلہ سے اُن کےلیے ابدی قیمت ادا کر دی گئی ہے ۔ تاہم اس کے باوجودہمیں اس زندگی میں اپنے گناہوں اور غلط فیصلوں کے قدرتی نتائج بھگتنے پڑتے ہیں ۔ لیکن خدا اُن مصیبتوں کو بھی اپنے مقاصد اور ہماری حتمی بھلائی کے لیےہمیں ڈھالنے اور تشکیل دینے کے لیے استعمال کرتا ہے ۔
آزمایشیں اور مصیبتیں ایک مقصد اور ایک انعام دونوں ہی کی حامل ہوتی ہیں ۔ "اَے میرے بھائِیو! جب تم طرح طرح کی آزمایشوں میں پڑو۔ تو اِس کو یہ جان کر کمال خُوشی کی بات سمجھنا کہ تمہارے اِیمان کی آزمایش صبر پیدا کرتی ہے۔ اور صبر کو اپنا پُورا کام کرنے دو تاکہ تم پُورے اور کامل ہو جاؤ اور تم میں کسی بات کی کمی نہ رہے۔ مبارک وہ شخص ہے جو آزمایش کی برداشت کرتا ہے کیونکہ جب مقبول ٹھہرا تو زِندگی کا وہ تاج حاصل کرے گاجس کا خُداوند نے اپنے مُحبّت کرنے والوں سے وعدہ کِیا ہے"( یعقوب 1باب 2-4، 12آیات)۔
زندگی کی تمام آزمایشوں اور مصیبتوں کے دوران ہم فتح پاتے ہیں ۔ "مگر خُدا کا شکر ہے جو ہمارے خُداوند یسوع مسیح کے وسیلہ سے ہم کو فتح بخشتا ہے " (1کرنتھیوں 15باب 57آیت)۔ اگر چہ ہم رُوحانی جنگ میں ہیں لیکن مسیح میں ایمانداروں پر شیطان کا کچھ اختیار نہیں ۔ ہماری رہنمائی کے لیے خدا نے ہمیں اپنا کلام بخشا ہے، رُوحانی جنگ میں مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کےلیے اپنا رُوح القدس اور کسی بھی جگہ پر ، کسی بھی وقت ، کسی بھی چیز کے بارے میں دُعا کرنے کا حق بخشا ہے۔
English
خُدا ہمیں مشکلات، آزمائشوں اور مصیبتوں میں سے کیوں گزرنے دیتا ہے ؟