سوال
عظیم مصیبت کیا ہے ؟ ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ عظیم مصیبت سات سالوں تک جاری رہے گی؟
جواب
عظیم مصیبت مستقبل میں آنے والاوہ سات سالہ عرصہ ہے جب خدا اسرائیل کی تعلیم وہ تربیت اور نظم و ضبط کو مکمل کرے گا اور بے ایمان دنیا پر اپنی عدالت کو نافذ کرے گا۔ کلیسیا میں وہ تمام لوگ شامل ہیں جنہوں نے خدا وند یسوع کی ذات اور اُس کے نجات کے کام پر بھروسہ کیا ہے تاکہ وہ اُن کوگناہ کی سزا سے بچائے ، اس لیے کلیسیا اس مصیبت کے عرصہ میں موجود نہیں ہوگی ۔ کلیسیا کو زمین پر سے اُٹھا لیا جائے گا اور یہ واقعہ کلیسیا کے اُٹھائے جانے(rapture) کے طور پر جانا جاتا ہے ( 1 ٹھسلنیکیوں 4باب 13-18آیات؛ 1کرنتھیوں 15باب 51- 53آیات)۔ کلیسیا اِس آنے والے غضب سے بچا لی جائے گی (1تھسلنیکیوں 5باب 9آیت)۔ تمام کلامِ مقدس میں اِس مصیبت کے عرصہ کی نشاندہی کئی اور ناموں سے بھی کی گی ہے جیسا کہ خدا وند کا دن ( یسعیاہ 2باب 12آیت؛ 13باب 6- 9آیات؛ یوایل 1باب 15آیت؛ 2باب 1-31آیت؛ 3باب 14آیت؛ 1تھسلنیکیوں 5باب 2آیت)؛ مصیبت یا پریشانی ( استثنا 4باب 30آیت؛ صفنیاہ 1باب 1- 2آیات)؛ بڑی مصیبت جس کے سات سالہ عرصے کا آخری نصف زیادہ تکلیف دہ ہوگا (متی 24باب 21آیت)؛ تکلیف کا وقت یاتکلیف کا دن (دانی ایل 12باب 1آیت؛ صفنیاہ 1باب 15آیت)؛ یعقوب کی مصیبت کا وقت( یرمیاہ 30باب 7آیت)۔
آخری مصیبت کے(عرصہ کے ) مقصد اور وقت کو سمجھنے کےلیے دانی ایل 9باب 24-27آیا ت کی سمجھ حاصل کرنا بہت ضروری ہے ۔ یہ حوالہ 70ہفتوں کی بات کرتا ہے جن کا اعلان " تیرے لوگوں " کے خلاف کیا گیا ہے ۔ دانی ایل کے لوگ یہودی لوگ ہیں یعنی اسرائیلی قوم اور دانی ایل 9باب 24 آیت اُس عرصہ کے بارے میں بات کرتی ہے جوخدا نے " خطاکاری اور گناہ کے خاتمے، بدکرداری کے کفارے، ابدی راست بازی کے قیام، رویا و نبوت پر مہر ہو نے اورپاکترین مقام کے ممسوح کیے جانے " کےلیے مخصوص کر دیا ہے ۔ خداوند اعلان کرتا ہے کہ " ستر ہفتوں "میں یہ تمام باتیں پوری ہو جائیں گی ۔ یہ سات بار 70 سال یا کُل 490سال ہیں ۔( کچھ تراجم 70 سالوں کےسات ہفتے کا حوالہ دیتے ہیں )۔ اِس بات کی تصدیق اِس حوالے کے دوسرے حصہ سے ہو جاتی ہے ۔ 25اور 26آیت میں دانی ایل کو بتایا جاتا ہے کہ یروشلیم کی تعمیر ِ نو کے فرمان سےشروع ہونے والے " سات اور باسٹھ ہفتوں " (کُل 69)کے بعد ممسوح فرمانروا قتل کیا جائے گا ۔ دوسرے الفاظ میں یروشلیم کی تعمیر نو کے فرمان کے7بار 69 سالوں کے(کُل 483سالوں کے) بعد ممسوح فرمانروا قتل کیا جائے گا۔ بائبل کے مورخین اِس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یروشلیم کی تعمیر ِ نو کے فرمان کے وقت سے لے کر یسوع کی مصلوبیت تک 483 سال گزر گئے تھے۔ بہت سے مسیحی علماء علم ِ آخرت(eschatology :مستقبل کی باتیں یا واقعات) کے اپنے نظریے سے قطع نظر دانی ایل کی کتا ب کےمندرجہ بالا ستر ہفتوں کی سمجھ کو اختیار کیے ہوئے ہیں ۔
یروشلیم کی تعمیر نو کے فرمان سے لے کر ممسوح فرمانروا کے قتل کیے جانے تک 483 سال گزرنےپر اب دانی ایل 9باب 24 آیت کے مطابق : خطاکاری اور گناہ کے خاتمے، بدکرداری کے کفارے، ابدی راست بازی کے قائم ہونے، رویا و نبوت پر مہر ہو نے اورپاکترین مقام کے مسّح کیےجانے " میں صرف ایک سات سالہ عرصہ باقی بچا ہے ۔یہ آخری سات سالہ عرصہ مصیبت کے وقت کے طور پر جانا جاتا ہے ــ یہ وہ وقت ہے جب اسرائیل کے گناہ کےلیے خدا عدالت کی تکمیل کرے گا۔
دانی ایل 9باب 27آیت مصیبت کے سات سالہ عرصہ کی چند ایک جھلکیاں پیش کرتی ہے : " اور وہ ایک ہفتہ کےلیے بہتوں سے عہد قائم کرے گا اور نصف ہفتہ میں ذبیحہ اور ہدیہ موقوف کرے گا اور فصیلوں پر اُجاڑنے والی مکرُ وہات رکھی جائیں گی یہاں تک کہ بربادی کمال کو پہنچ جائے گی اور وہ بلا جو مقرر کی گئی ہے اُس اُجاڑنے والے پر واقع ہو گی "۔ یہ آیت جس شخص کے بارے میں بات کر رہی ہے یسوع اُس کو " اُجاڑنے والی مکرُوہ چیز" کہتا ہے( متی 24باب 15آیت)۔ اور مکاشفہ 13باب میں یہ " حیوان " کہلاتا ہے۔ دانی ایل 9باب 27آیت بتاتی ہے کہ وہ حیوان سات سالوں کا عہد قائم کرے گا مگر ان سات سالوں کے آئندہ آدھے حصہ (مصیبت کے ساڑھے تین سالوں کے دوران )میں وہ ہدیے کو موقوف کرتے ہوئے عہد کو توڑ دے گا ۔ مکاشفہ 13باب بیان کرتا ہے کہ یہ حیوان اپنی مورت کو ہیکل میں نصب کرے گا اور اُس کی پرستش کرنے کےلیے دنیا کو حکم دے گا۔ مکاشفہ 13باب 5آیت بتاتی ہے کہ یہ کام 42مہینوں تک جاری رہے گا جو کہ ساڑھے تین سال ہیں ۔ کیونکہ دانی ایل 9باب 27آیت کہتی ہے کہ یہ کام سات سالہ عرصے کے وسط میں رونما ہوگا اور مکاشفہ 13باب 5آیت بتاتی ہے کہ حیوان اِس کام کو بیالیس مہینوں تک کرے گا لہذا یہ معلوم کرنا آسان ہے کہ اِس تمام وقت کا دورانیہ 84 مہینے یا سات سال ہیں ۔ دانی ایل 7باب 25آیت کو بھی دیکھیں جہاں پر " دور ،اور دور اور نیم دور( دور= ایک سال؛ اور دور=دو سال؛ نیم دور=آدھا سال ) بھی "بڑی مصیبت" یعنی وہ سات سالہ مصیبت کے آخری آدھے حصے کی جانب اشارہ کر تا ہے جب حیوان اپنے اقتدار میں ہوگا ۔
آخری مصیبت کے بارے میں مزید حوالہ جات کےلیے دیکھیں مکاشفہ 11باب 2- 3آیات جو 1260دنو ں اور 42مہینوں اور دانی 12باب 11- 12آیت جو 1290 دنوں اور135 مہینوں کے بارے میں بات کرتی ہیں ۔ یہ دن مصیبت کے درمیانی عرصہ کے بارے میں بات کرتے ہیں ۔ دانی ایل 12باب میں اضافی دنوں میں قوموں کی آخری عدالت کا وقت (متی 25باب 31- 46آیات)، اور مسیح کی ہزار سالہ بادشاہی کے قیام کا وقت شامل ہو سکتا ہے ( مکاشفہ 20باب 4-6آیت)۔
English
عظیم مصیبت کیا ہے ؟ ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ عظیم مصیبت سات سالوں تک جاری رہے گی؟