سوال
کلیسیا /چرچ سے کیا مُراد ہے ؟
جواب
آج کل بہت سے لوگ چرچ کو ایک عمارت سمجھتے ہیں۔ مگر چرچ کے بارے میں یہ خیال بائبل کے مطابق نہیں ہے ۔ لفظ "چرچ" ایک یونانی لفظ ایکلیزیا(ekklesia) سےاخذ کیا گیا ہے جس کو " جماعت" یا " بُلائے گئے یا برگزیدہ لوگوں" کے طور پر بیان کیا جاتا ہے ۔ لفظ "چرچ"(کلیسیا) کا اصل مفہوم عمار ت نہیں بلکہ لوگ ہیں ۔ یہ ایک مضحکہ خیز بات ہے کہ جب آپ لوگوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ کس چرچ میں جاتے ہیں تو عموماًوہ چرچ سے ایک عمارت مراد لیتے ہیں ۔ رومیوں 16باب 5آیت میں مرقوم ہےکہ "اُس کلیسیا کو بھی سلام جو اُن کے گھر میں ہے "۔ اِس آیت میں پولس رسول اُن کے گھر میں موجود کلیسیاکا حوالہ دیتا ہے جو کہ ایماندار وں کی جماعت ہے نہ کہ چرچ کی عمارت ہے ۔
کلیسیامسیح کا بدن ہے جس کا سر مسیح خود ہے ۔ افسیوں 1باب 22-23آیات بیان کرتی ہیں " اور سب کچھ اُس کے پاؤں تلے کر دیا اور اُس کو سب چیزوں کا سردار بنا کر کلیسیا کو دے دیا۔ یہ اُس کا بدن ہے اور اُسی کی معموری جو ہر طرح سے سب کا معمور کرنے والا ہے "۔ مسیح کا بدن عید ِ پنتیکُست (اعمال 2باب)کے دن سے لے کر اُس کی آمدِ ثانی تک اُن تمام ایمانداروں پر مشتمل ہے جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں ۔ مسیح کا بدن دو پہلو ؤں کا حامل ہے :
أ. عالمگیر کلیسیا (چرچ ) اُن تمام لوگوں پر مشتمل ہے جو یسوع مسیح کے ساتھ ایک ذاتی تعلق رکھتے ہیں ۔" کیونکہ ہم سب نے خواہ یہودی ہوں خواہ یونانی ۔ خواہ غلام خواہ آزاد ۔ ایک ہی رُوح کے وسیلہ سے ایک بدن ہونے کےلیے بپتسمہ لیا اور ہم سب کو ایک ہی رُوح پلایا گیا " (1کرنتھیوں 12باب 13آیت)۔ یہ آیت بتاتی ہے کہ کوئی بھی شخص جو مسیح پر ایمان لاتا ہے وہ مسیح کے بدن کا حصہ ہے اور ثبوت کے طور پراُس نے مسیح کا رُوح حاصل کیا ہے ۔ وہ تمام لوگ خدا کی عالمی کلیسیا ہیں جنہوں نے یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلہ سے نجات حاصل کی ہے ۔
ب. مقامی کلیسیا (چرچ) کو گلتیوں 1باب 1-2آیا ت میں اِس طرح بیان کیا گیا ہے : " پولس کی طرف سے جو نہ انسانوں کی جانب سے نہ انسان کے سبب سے بلکہ یسوع مسیح اور خدا باپ کے سبب سے جس نے اُس کو مردوں میں سے جِلایا رسول ہے اور سب بھائیوں کی طرف سے جو میرے ساتھ ہیں گلتیہ کی کلیسیاؤں کو (سلام )۔" یہاں ہم دیکھتے ہیں کہ گلتیہ کے صوبے میں بہت سی کلیسیائیں تھیں جن کو ہم مقامی کلیسیائیں کہہ سکتے ہیں۔اگر عالمگیر سطح پر دیکھا جائے تو بیپٹسٹ کلیسیا ، لوتھرن کلیسیا، کیتھولک کلیسیا وغیرہ ہی واحد چرچ نہیں کہلا سکتیں – بلکہ یہ بھی مقامی کلیسیاہے یعنی ایمانداروں کی ایک مقامی جماعت ۔ عالمگیر کلیسیا اُن تمام مقامی کلیسیاؤں پر مشتمل ہے جو مسیح سے جُڑی ہوئی ہیں اور جنہوں نے نجات کےلیے اُس پر بھروسہ کیا ہے ۔ عالمگیر کلیسیا کے ان اراکین کو مقامی کلیسیامیں رفاقت اور رُوحانی ترقی کی کوشش کرنی چاہیے ۔
خلاصہ یہ ہے کہ کلیسیاکوئی عمارت یا فرقہ نہیں ہے ۔ بائبل کے مطابق کلیسیا مسیح کا بدن ہے یعنی وہ تمام لوگ جو نجات کےلیے یسوع مسیح پر ایمان رکھتے ہیں ( یوحنا 3باب 16 آیت؛ 1کرنتھیوں 12باب 13آیت)۔ مقامی کلیسیااُن ایمانداروں کی جماعتیں ہیں جو مسیح کے نام کا اقرار کرتی ہیں ۔ مقامی کلیسیاکے اراکین اپنے ایمان کی صداقت پر انحصار کرتے ہوئے عالمگیر کلیسیاکےاراکین ہو بھی سکتے ہیں اور نہیں بھی ہو سکتے ۔ مقامی کلیسیاوہ ہے جہاں پر ایماندار 1کرنتھیوں 12 باب میں درج "(مسیح کے ) بدن" کے اصولوں کو اپنے اُوپر پورے طور لاگو کر سکتے ہیں : یعنی حوصلہ افزائی کرنا، تعلیم دینا اور خداوند یسوع مسیح کے علم اور فضل میں ایک دوسرے کو تعمیر کرنا ۔
English
کلیسیا /چرچ سے کیا مُراد ہے ؟