سوال
خُدا کیسا دکھائی دیتا ہے؟
جواب
خُدا روح ہے (یوحنا 4باب 24آیت) اور اس لیے ہم اُس کے وجود یا ظہور کو کسی مادی چیز کی مانند بیان نہیں کر سکتے ہیں ۔ خروج 33باب 20 آیت ہمیں بتاتی ہے کہ "اور یہ بھی کہا تُو میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتا کیونکہ اِنسان مجھے دیکھ کر زِندہ نہیں رہے گا"۔ گنہگار انسان ہونے کے ناطے ہم خدا کو اُس کے تمام جلال میں دیکھنے کے قابل نہیں ہیں ۔ اُس کاظہور مکمل طور پر ناقابلِ تصور اور اس حد تک پُرجلال ہے کہ گنہگار انسان اس کا مناسب ادراک حاصل نہیں کر سکتا ۔
بائبل خُدا کے لوگوں پر اُس کے مختلف طرح کے ظہور کا ذکر کرتی ہے۔ ان واقعات سے یہ مطلب نہیں لیا جانا چاہیے کہ آیا یہ واقعات بجا طور پر خُدا کے وجود کی شباہت کو بیان کرتے ہیں اور دکھاتے ہیں کہ خُدا کیسا دکھائی دیتا ہے۔ بلکہ ان کو اس لحاظ سے سمجھاجانا چاہیے کہ خُدا خود کو اس انداز میں ظاہر کرتا ہے کہ ہم اُسے سمجھ سکیں ۔ خدا کیسا دکھائی دیتا ہے یہ بات ہمارے سمجھنے اور بیان کرنے کی صلاحیت سے بالاتر ہے ۔ اپنی ذات کے بارے میں حقائق بتانے کےلیے خدا ہمیں مختلف طرح کی جھلک دکھاتا ہے کہ وہ کیسا ہے مگر اس حد تک نہیں کہ ہم اپنے ذہنوں میں اُس کی شبیہ کی مکمل تصویر بنا سکیں ۔ حزقی ایل 1باب 26-28آیات اور مکاشفہ 1باب 14-16آیات وہ دوحوالہ جات ہیں جو خدا کے حیرت انگیز ظہور کو پُر زور طریقے سے بیان کرتے ہیں ۔
حزقی ایل 1باب 26-28آیات بیان کرتی ہیں کہ " اُس فضا سے اُوپر جو اُن کے سروں کے اُوپر تھی تخت کی صورت تھی اور اُس کی صورت نیلم کے پتّھر کی سی تھی اور اُس تخت نما صورت پر کسی اِنسان کی سی شبیہ اُس کے اُوپر نظر آئی۔ اور مَیں نے اُس کی کمر سے لے کر اُوپر تک صیقل کئے ہُوئے پیتل کا سا رنگ اور شعلہ سا جلوہ اُس کے درمیان اور گردا گرد دیکھا اور اُس کی کمر سے لے کر نیچے تک مَیں نے شعلہ کی سی تجلّی دیکھی اور اُس کی چاروں طرف جگمگاہٹ تھی۔ جیسی اُس کمان کی صورت ہے جو بارِش کے دِن بادلوں میں دِکھائی دیتی ہے وَیسی ہی آس پاس کی اُس جگمگاہٹ کی نمود تھی ۔ یہ خُداوند کے جلال کا اِظہار تھا"۔ مکاشفہ 1باب 14- 16آیات بیان کرتی ہیں "اُس کا سر اور بال سفید اُون بلکہ برف کی مانند سفید تھے اور اُس کی آنکھیں آگ کے شعلہ کی مانند تھیں۔ اور اُس کے پاؤں اُس خالص پیتل کے سے تھے جو بھٹی میں تپایا گیا ہو اور اُس کی آواز زور کے پانی کی سی تھی۔ اور اُس کے دہنے ہاتھ میں سات ستارے تھے اور اُس کے مُنہ میں سے ایک دو دھاری تیز تلوار نکلتی تھی اور اُس کاچہرہ اَیسا چمکتا تھا جیسے تیزی کے وقت آفتاب"۔
یہ حوالہ جات خدا کے ظہور کو بیان کرنے میں حزقی ایل نبی اور یوحنا رسول کی بہترین کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہیں اُس حالت کو بیان کرنے کے لئے علامتی زبان جیسا کہ"کی صورت"،"کی مانند "،"کی سی "،"ایساجیسے کہ " وغیرہ کا استعمال کرنا پڑا جس کے لئے انسانی زبان میں الفاظ موجود نہیں ہیں ۔ ہم جانتے ہیں کہ جب ہم فردوس میں ہوں گے " تو ہم بھی اُس کی مانند ہوں گے کیونکہ اُس کو وَیسا ہی دیکھیں گے جیسا وہ ہے"(1یوحنا 3باب 2آیت)۔ اُس وقت گناہ مزید نہیں ہو گا اور ہم خدا کو اس کے مکمل جلال میں جاننے کے قابل ہوں گے۔
English
خُدا کیسا دکھائی دیتا ہے؟