settings icon
share icon
سوال

خُدا کو کس نے بنایا؟ کیا خُدا ہمیشہ سے موجود تھا ؟

جواب


ملحدوں (دہریوں، خُدا کے وجود کے منکر لوگوں) اور تشکیک پرستوں (ہر بات پر شک کرنے والوں) کی طرف سے اکثر یہ دلیل پیش کی جاتی ہے کہ اگر ہر ایک چیز کے وجود کے لیے کسی نہ کسی وجہ یا سبب کا ہونا ضروری ہے تو پھر خُدا کے وجود کے لیے بھی کسی نہ کسی سبب کا موجود ہونا بھی اُسی طرح ضروری ہے۔ اور پھر اِس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے یہ دلیل سامنے لائی جاتی ہے کہ اگر خُدا کو بھی اپنے وجود کے لیے کسی وجہ یا سبب کی ضرورت ہے تو پھر خُدا حقیقت میں خُدا نہیں ہے( اور اگر خُد اہی حقیقت میں خُدا نہیں ہے تو اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ خُدا موجود ہی نہیں ہے۔)اِس طرح سے پیش کی جانے والی دلیل حقیقت میں اِسی بنیادی ترین سوال کو تھوڑی بناوٹ کے ساتھ پیش کرنے کا طریقہ ہے کہ "خُدا کو کس نے بنایا؟"ہر کوئی اِس بات سے واقف ہے کہ" نیست سے ہست پیدا نہیں ہو سکتا" یعنی لا موجود سے کچھ بھی آ موجود نہیں ہوتا۔ پس اگر خُدا بھی حقیقت میں وجود رکھنے والی ایک ہستی (کوئی چیز) ہے تو پھر اُس کے وجود کے لیے بھی ایک سبب کی ضرورت ہے کہ نہیں؟

یہ بڑے شاطر طریقے سے پوچھا گیا سوال ہے، کیونکہ یہ چپکے سے اِس جھوٹے مفروضے میں گھس جاتا ہے کہ خُدا کہاں سے آیا، اور پھر یہ پوچھتا ہے کہ جہاں سے خُدا آیا، یا جو چیز خُدا کے وجود میں آنے کا سبب بنی وہ کیا ہو سکتی ہے؟ اِس سوال کا جواب یہ ہے کہ یہ سوال ہی بالکل بے تُکا ہے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی پوچھے کہ "نیلے رنگ کی خوشبو کیسی ہوتی ہے؟"نیلا رنگ اُن چیزوں کے زمرے میں نہیں آتا جن کی اپنی کوئی خوشبو ہوتی ہے۔ پس یہی اِس سوال کی بنیادی ترین خامی ہے۔ جس طرح ہم نے نیلے رنگ کے بارے میں بیان کیا بالکل اُسی طرح خُدا کی ذات اِس جہان کی سب چیزوں کے کسی بھی ایسے زمرے میں نہیں آتی جو تخلیق ہوئی ہو یا جس کے موجود ہونے کا کوئی نہ کوئی سبب یا وجہ ہو۔ نہ تو خُدا کے وجود میں آنے کا کوئی سبب ہے، اور نہ ہی خُدا کسی مخلوق کی طرح تخلیق ہوا – وہ تو واجب الوجود ہے۔ ہمیشہ سے موجود ہے اور ہمیشہ تک رہے گا۔

ہم یہ بات کیسے جانتے ہیں؟ ہم یہ جانتے ہیں کہ نیست سے "کچھ بھی نہیں " پیدا ہوتا۔ لہذا اگر مان لیا جائے کہ کوئی ایسا وقت موجود تھا جب "کچھ بھی نہیں" تھا تو اُس "کچھ بھی نہیں" میں سے کچھ بھی نہیں پیدا ہو سکتا۔ لیکن ہم اِس حقیقت کو جانتے ہیں کہ اِس کائنات میں بہت ساری چیزیں موجود ہیں۔ اِس کا مطلب ہے کہ کائنات میں اِن ساری چیزوں کے وجود سے پہلے ایسا نہیں تھا کہ پوری کائنات میں "کچھ بھی نہیں" تھا، بلکہ کوئی نہ کوئی ذات یا قوت لازمی طور پر موجود تھی۔ اوراُسی ہمیشہ سے موجود ذات، ہستی یا طاقت کو ہم خُدا کہتے ہیں۔ خُدا وہ ذات ہے جس کے موجود ہونے کا کائنات میں کوئی سبب نہیں جبکہ اِس ساری کائنات کے میں موجود ہر ایک چیز کے وجود کا واحد سبب وہی خُدا ہے۔ خُدا وہ ذات ہے جسے کسی نے کبھی تخلیق نہیں کیا لیکن وہ اِس ساری کائنات کی ہر ایک چیز کا خالق ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

خُدا کو کس نے بنایا؟ کیا خُدا ہمیشہ سے موجود تھا ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries